1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’آئی پی ایل‘ تنازعہ: مودی کی اُلٹی گنتی شروع

20 اپریل 2010

ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی معروف انڈین پریمیئر لیگ تنازعات کے ایک ایسے بھنور میں پھنس چکی ہے، جس سے باہر نکلنا فی الحال مشکل دکھائی دے رہا ہے۔اب ایسی قیاس آرائیاں زوروں پر ہیں کہ لیگ کے کمشنر للت مودی کو بھی مستعفی ہونا پڑے گا۔

https://p.dw.com/p/N1CH
تصویر: AP

بھارتی میڈیا کے مطابق للت مودی کے پاس سوائے مستعفی ہونے کے اب کوئی چارہ باقی نہیں رہا ہے۔ بھارت کے وفاقی وزیر برائے زراعت شرد پوار نے وفاقی وزیر خزانہ پرنب مکھرجی اور وزیر داخلہ پی چدم برم کے ساتھ منگل کو ایک اہم ملاقات میں تنازعات میں گھری کرکٹ لیگ IPL پر تبادلہء خیال کیا ہے۔ مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق اس میٹنگ میں یہ طے پایا ہے کہ شرد پوار باقاعدہ طور پر للت مودی سے یہ مطالبہ کریں گے کہ وہ بحیثیت انڈین پریمیئر لیگ کشمنر مستعفی ہوجائیں۔

Sharad Pawar Landwirtschaftsminister Indien
لگتا ہے شرد پوار بھی للت مودی کا ساتھ چھوڑ رہے ہیںتصویر: AP

اس سے قبل منگل کے روز ہی ’بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا‘ کے صدر ششانک منوہر اور وفاقی وزیر شرد پوار کے درمیان IPL کے تنازعے پر ایک ملاقات ہوئی، جس میں کرکٹ لیگ کے مالی پہلووٴں پر تبادلہء خیال کیا گیا۔ اس وقت ’آئی پی ایل‘ کے سربراہ للت مودی پر لیگ کے مالی نظام میں بے ضابطگیوں، خرد برد اور فکسنگ کے الزامات عائد ہیں۔ ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بھارتی نجی ٹیلی وژن چینلز کا کہنا ہے کہ انڈین پریمیئر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کے اختتام پر للت مودی کو اُن کے عہدے سے ہٹایا جائے گا۔ انڈین پریمیئر لیگ کا فائنل اسی ماہ کی پچیس تاریخ کو ممبئی میں کھیلا جا رہا ہے۔

بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر ششانک منوہر نے شرد پوار کے ساتھ اپنی ملاقات کے بعد نامہ نگاروں کو بتایا کہ للت مودی کے مستقبل کے بارے میں فیصلہ اتفاق رائے کے ساتھ ہی کیا جائے گا۔’’ہم مل جل کر فیصلہ کریں گے۔ مجھے کسی دوسرے شخص کی رائے کے بارے میں علم نہیں ہے۔ بورڈ کی گورننگ کونسل للت مودی کے بارے میں حتمی فیصلہ کرے گی۔‘‘ شرد پوار نے بھی انہی خیالات کا اظہار کیا۔

Der Minister für Neue und Erneuerbare Energien in Indien Farooq Abdullah
فاروق عبداللہ فی الحال للت مودی کا ساتھ دیتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیںتصویر: UNI

ذرائع کا کہنا ہے کہ شرد پوار اور للت مودی کے درمیان آخری ملاقات بدھ کے روز ہوگی، تاہم منگل کی شام تک ہی مودی کے مستقبل کے بارے میں حتمی فیصلہ کر لیا جائے گا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق اس فیصلے پر مہر چھبیس اپریل کو کرکٹ بورڈ کی گورننگ کونسل کے اجلاس میں ہی لگے گی۔

بھارتی کرکٹ بورڈ BCCI کے بیشتر اراکین للت مودی کے استعفے کے مطالبے کے معاملے پر متفق ہیں۔ بورڈ کے صدر ششانک منوہر، سیکریٹری این سری نواسن، کانگریس پارٹی کے رکن پارلیمان اور کرکٹ بورڈ کے نائب صدر راجیو شکلا سمیت کئی اہم شخصیات آئی پی ایل کمشنر للت مودی کے استعفے کے حق میں ہیں۔

Rajasthan Royals Shilpa Shetty
راجستھان رائلز کی شریک مالکن بالی وڈ سٹار شلپا شیٹی اور ان کے شوہر راج کندراتصویر: UNI

للت مودی کے حمایت میں بولنے والوں میں قومی کرکٹ بورڈ کے سابق سربراہ آئی ایس بندرا اور جموں و کشمیر کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر فاروق عبداللہ شامل ہیں۔ اس سارے معاملے میں جو اہم شخصیات خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں، اُن میں کرکٹ بورڈ کے نائب صدر اور دلّی کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر ارون جیٹلی اور بھارتی کرکٹ ٹیم کے تین سابق کپتان روی شاستری، سنیل گواسکر اور منصور علی خان پٹودی شامل ہیں۔

پچھلے دو ایڈیشنز کی طرح انڈین پریمیئر لیگ کے تیسرے ایڈیشن میں بھی آٹھ ہی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ چنئی سُپر کنگس، دکن چارجرز، دہلی ڈیئر ڈیویلز، کنگس الیون پنجاب، کولکتہ نائٹ رائڈرز، ممبئی انڈینز، راجستھان رائلز اور رائل چیلنجرز بنگلور۔ اس مرتبہ ممبئی انڈینز، دکن چارجرز، چنئی سُپر کنگس اور رائل چیلنجرز بنگلور کی ٹیمیں سیمی فائنل کے مرحلے تک پہنچنے میں کامیاب ہوئی ہیں۔

Indian Premier League Südafrika
کولکتہ نائٹ رائڈرز کی ٹیم ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئی ہےتصویر: AP

دوسرے سیزن کی طرح اس مرتبہ بھی انڈین پریمیئر لیگ میں پاکستان کا ایک بھی کھلاڑی شریک نہیں ہے۔ ممبئی حملوں کے بعد پاکستانی حکام نے اپنے کھلاڑیوں کو سیکیورٹی وجوہات کی بناء پر ’آئی پی ایل‘ کے دوسرے ایڈیشن میں کھیلنے کی اجازت نہیں دی تھی جبکہ اس بار لیگ کی آکشن میں ایک بھی پاکستانی کھلاڑی فروخت نہیں ہوا۔

انڈین پریمیئر لیگ کے چوتھے ایڈیشن میں آٹھ کی بجائے دس ٹیمیں حصہ لیں گی۔ موجودہ آٹھ ٹیموں کے علاوہ اب پونے اور کوچی کی ٹیمیں بھی انڈین پریمیئر لیگ میں شریک ہوں گی۔ موجودہ تنازعے کی وجہ کوچی ٹیم کی انڈین پریمیئر لیگ میں شمولیت ہی ہے۔ اسی تنازعے کے باعث وزیر مملکت برائے خارجہ امور ششی تھرور کو اپنے عہدے سے مستعفی ہونا پڑا۔

’آئی پی ایل‘ کے پہلے سیزن میں راجسھتان رائلز نے شین وارن کی قیادت میں چیمپیئن شپ جیتی تھی جبکہ دوسرے سیزن میں دکن چارجرز نے ایڈم گلکرسٹ کی کپتانی میں ٹائیٹل جیتا۔

رپورٹ: گوہر نذیر گیلانی

ادارت: امجَد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں