1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’آئی فونز اب بھارت میں بھی تیار ہوں گے‘

3 فروری 2017

آئی فون بنانے والی مشہور امریکی کمپنی ایپل اب رواں برس سے بھارت میں بھی اپنے فونز کی تیاری شروع کر دے گی۔ بھارتی حکام کے مطابق ایپل کمپنی اپنے آئی فونز کو بھارت میں اسمبل کرنے پر تیار ہو گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/2Wv8q
Indien Mumbai iphone Geschäft
تصویر: Reuters/S. Andrade

خبر رساں ادارے اے ایف پی نے بھارتی ریاست کرناٹک کے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور بائیو ٹیکنالوجی کے وزیر پریانک گھڑگے کے حوالے سے تین فروری بروز جمعہ بتایا ہے کہ ایپل کمپنی نے بھارت میں اپنے آئی فونز کی تیاری پر رضا مندی ظاہر کر دی ہے اور آئندہ کچھ مہینوں میں اس حوالے سے عملی کام شروع کر دیا جائے گا۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ ایپل کمپنی اس طرح بھارت میں بسنے والے ایک بڑے متوسط طبقے کو اپنی اس پراڈکٹ کی طرف مبذول کرانا چاہتی ہے۔

ایپل کا ’ایپلیکیشن ڈیویلمپنٹ سنٹر‘ اب بھارت میں
استعمال شدہ آئی فونز کی درآمد، بھارت نے ایپل کو روک دیا

آئی فون کی مارکیٹ، چین کے بعد ایپل کا رخ بھارت کی طرف

یہ امر اہم ہے کہ چین میں آئی فونز کی فروخت کی شرح میں کمی واقع ہوئی ہے اور اب ایپل اپنے آئی فونز کو بڑے پیمانے پر فروخت کرنے کے حوالے سے ایک نئی بڑی منڈی کی تلاش میں ہے۔ اپیل نے ابھی تک بھارت میں اپنے آئی فونز کی پروڈکشن شروع کرنے کے حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔ بھارت میں اس وقت جنوبی کوریائی سام سانگ کمپنی کے اسمارٹ فونز کی بڑی مانگ ہے۔

ایپل کے چیف ایگزیکٹیو ٹم کک نے رواں ہفتے ہی کہا تھا کہ وہ سوا ارب کی آبادی والے ملک بھارت میں ’بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری‘ پر غور کر رہے ہیں۔ کرناٹک کے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور بائیو ٹیکنالوجی کے وزیر پریانک گھڑگے کے بقول رواں برس اپریل کے اواخر سے آئی فونز کی بنگلور میں پروڈکشن کا عمل شروع ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں اسمبل کیے جانے والے آئی فونز دراصل بھارتی مارکیٹ کے لیے ہی ہوں گے۔

نیوز ایجنسی اے ایف پی نے ریسرچ فرم  Canalys کے اعداد و شمار کے حوالے سے بتایا ہے کہ بھارت میں موبائل فونز کی منڈی میں ایپل کمپنی کا حصہ صرف دو فیصد بنتا ہے جبکہ اس کے مقابلے میں اس کی حریف کمپنی سام سانگ کا حصہ تئیس فیصد ہے۔

ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ آیا بھارت میں آئی فونز کی تیاری سے مقامی سطح پر اس کی مقبولیت میں واقعی اضافہ ہو سکے گا تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہ اسمارٹ فونز بھارت میں تیار کیے جائیں گے تو اس سے کمپنی کے اخراجات میں کمی ہو گی اور یوں بھارت میں یہ کم داموں پر دستیاب ہو سکیں گے۔ اس طرح امکان ہے کہ بھارت میں آئی فونز کی مانگ بڑھ سکتی ہے۔