1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آئی ایس بڑے حملوں کی صلاحیت رکھتی ہے، یورو پول

عدنان اسحاق25 جنوری 2016

یورپی یونین کی پولیس ایجنسی یورو پول کے سربراہ روب وین رائٹ نے دہشت گرد تنظیم اسلامک اسٹیٹ کو ایک بڑا خطرہ قرار دیا ہے۔ ان کے بقول یہ تنظیم عالمی سطح پر دہشت گردانہ حملوں کی صلاحیت رکھتی ہے۔

https://p.dw.com/p/1HjbK
تصویر: picture-alliance /ANP XTRA

یورپی یونین کی پولیس ایجنسی یورو پول کے سربراہ روب وین رائٹ نے ایک پریس کانفرنس کے دوران نے کہا کہ اسلامک اسٹیٹ نے حملے کرنے اور لڑنے کا ایک نیا انداز اختیار کیا ہے۔ ان کے بقول،’’نام نہاد اسلامک اسٹیٹ کا ارادہ بھی ہے اور ان کا پاس یورپ کے مختلف علاقوں کو نشانہ بنانے کی صلاحیت بھی ہے۔‘‘ روب وین رائٹ کے مطابق یقیناً سلامتی کے تمام ادارے ممکنہ حملوں کو ناکام بنانے کی کوششوں میں لگی ہوئی ہیں۔

اس پریس کانفرنس کا مقصد اسلامک اسٹیٹ کے بارے میں یورو پول کی نئی رپورٹ میں شامل تفصیلات سے صحافیوں کو آگاہ کرنا تھا۔ اس رپورٹ میں توجہ دی گئی تھی کہ یہ جہادی گروپ کس طرح سے کارروائیاں کرتا ہے۔ اسلامک اسٹیٹ نے گزشتہ برس تیرہ نومبر کو پیرس میں ہونے والے حملوں کی ذمہ داری قبول کی تھی۔ اس واقعے میں 130 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

اس گروپ کی جانب سے اتوار کے روز ایک ویڈیو جاری کی گئی ہے، جس میں نو دہشت گردوں کو دکھایا گیا ہے، جو آئی ایس کے خلاف قائم بین الاقوامی اتحاد کے رکن ممالک بشمول برطانیہ پر حملے کرنے کی دھمکی دے رہے ہیں۔ امریکی سربراہی میں نومبر 2014ء میں شام و عراق میں آئی ایس کو نشانہ بنانے کے لیے ایک اتحاد قائم ہوا تھا۔

Niederlande Rob Wainwright Europol Direktor
سلامتی کے تمام ادارے ممکنہ حملوں کو ناکام بنانے کی کوششوں میں لگی ہوئی ہیں، وین رائٹتصویر: picture-alliance/AP Photo/P. Dejong

یورو پول کی رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے’’ آئی ایس بھارتی شہر ممبئی کے طرز پر یورپی شہروں میں حملے کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔ خاص طور پر فرانس میں۔‘‘ اس رپورٹ کے مطابق اس دوران آسان اہداف کو نشانہ بنایا جائے گا کیونکہ اس طرح دہشت گردی کا اثر زیادہ ہوتا ہے۔’’ اکتوبر 2015ء میں مصر میں روسی فضائی طیارے کی تباہی اور نومبر میں پیرس حملے آئی ایس کی بدلتی ہوئی پالیسی واضح کر رہے ہیں۔‘‘