1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آئر لینڈ کے مزید دو سینئر پادری مستعفی

26 دسمبر 2009

بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کا ارتکاب کرنے والے آئرش گرجا گھروں کے پادریوں کے خلاف حالیہ دنوں میں منظر عام پر لائی جانے والی رپورٹ پر کیتھولک حلقوں میں خاصی بےچینی ہے۔

https://p.dw.com/p/LDnU
تصویر: picture-alliance / George Munday Photographic

یورپی ملک آئر لینڈ میں بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے عمل کرنے والے پادریوں کے بارے میں انکوائری کی خبروں کے بعد دو مزید سینئر پادریوں نے اپنے عہدوں سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ مستعفی ہونے والوں میں بشپ ایمون ویلش اور بشپ ریمند فیلڈ شامل ہیں۔ اِن دونوں پادریوں کی جانب سے جاری ہونے والے مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اُن کے استعفےجنسی زیادتیوں کے متاثرہ بچوں کے خاندانوں کے لئے سکون کا باعث ہوں گے۔ اُن کے بیان میں متاثرہ خاندانوں سے معذرت بھی کی گئی ہے۔

Bishop Donal Murray
مستعفی ہونے والے پادری Bishop Donal Murrayتصویر: picture alliance / empics

آئر لینڈ میں کیتھولک پادریوں کے بارے میں سامنے آنے والی مرفی رپورٹ میں شامل پانچ میں سے چار پادری اپنے عہدوں سے مستعفی ہو چکے ہیں۔ دسمبر کے اوائل میں لیمیرک علاقے کے بشپ ڈونل مرے نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا کہ وہ ایسے عمل کا ارتکاب کرنے والے پادریوں کے خلاف بھرپور کارروائی کرنے میں ناکام رہے تھے۔ اسی طرح کِلڈارے ایریا کے بشپ جیمس موریرٹی نے پچھلے بدھ کو اپنا استعفی پوپ بینیڈکٹ کو ارسال کردینے کا اعلان کیا تھا۔ مرفی رپورٹ میں شامل گیلوے علاقے کے بشپ مارٹن ڈینن نے ابھی اپنے استعفیٰ کا اعلان نہیں کیا ہے۔ تازہ دو استعفوں کی باقاعدہ منظوری وسط جنوری میں عمل میں آ جائے گی۔ پوپ اُن دو پادریوں کے استعفے پہلے ہی منظور کرچکے ہیں جنہوں نے اپنے مستعفی ہونے کا اعلان اِس ماہ کے اوائل اور وسط میں کیا تھا۔

آئر لینڈ میں مرفی رپورٹ نومبر کی چھبیس تاریخ کو عام ہوئی تھی۔ اِس رپورٹ میں گزشتہ تیس سالوں میں مختلف گرجا گھروں میں بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کا ارتکاب کرنے والے پادریوں کا احوال شامل کیا گیا ہے۔

Vatikan will durch Dialog Beziehungen zu China normalisieren Papst Benedikt
پوپ بینیڈکٹ شانزدہم ۔تصویر: AP

رپورٹ میں واضح کیا گیا کہ ایسی کارروائیوں کے بارے میں معلومات کے باوجود چرچ کی انتظامیہ اپنے گرجا گھروں کی حرمت اور شہرت کی پاسداری میں مصروف رہی اور مرتکب افراد کے خلاف کوئی تادیبی ایکشن نہیں لیا گیا۔ اسی تناظر میں مستعفی ہونے والے ایک بشپ جیمس موریریٹی کا کہنا ہے انہیں چرچ کے اندر پائے جانے والے اِس مجرمانہ عوامل کے کلچر کے خلاف آواز اٹھانی چاہیے تھی۔

مرفی رپورٹ کے بعد آئر لینڈ کے سب سے بڑے پادری کارڈینل شین بریڈی کی جانب سے بھی معذرت سامنے آ چکی ہے۔ انہوں نے اعتماد مجروح کرنے والے عوامل پر نفرت کا اظہار کیا۔ پوپ بینیڈکٹ شانزدہم کی جانب سے بھی اس رپورٹ پر متاثرہ خاندانوں سے معافی کی استدعا کی گئی ہے۔

رپورٹ : عابد حسین

ادارت : شادی خان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں