1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یونیسکو کی ایگزیکیٹو کمیٹی نے ’فلسطینیوں‘ کی حمایت کر دی

6 اکتوبر 2011

امریکہ نے اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یونیسکو کی ایگزیکیٹو کمیٹی کی جانب سے فلسطینیوں کی ریاستی رکنیت کی درخواست کی حمایت پر سخت ردِ عمل ظاہر کیا ہے۔ واشنگٹن حکام کا کہنا ہے کہ یونیسکو کا یہ اقدام ناقابل وضاحت ہے۔

https://p.dw.com/p/12mm0

یونیسکو کی ایگزیکیٹو کمیٹی کی جانب سے حمایت کے حصول کو فلسطینیوں کے لیے پہلی سفارتی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔ اس حوالے سے پیرس میں ہونے والی ووٹنگ میں کمیٹی کے چالیس ارکان نے فلسطینیوں کی اس خواہش کے حق میں ووٹ ڈالے، چار ووٹ اس کے خلاف پڑے جبکہ چودہ ارکان غیر حاضر تھے۔

اب ان کی درخواست رواں ماہ کے آخر میں حتمی منظوری کے لیے یونیسکو کی جنرل اسمبلی کے سامنے رکھی جائے گی۔ امریکہ نے اس کے تمام ارکان پر زور دیا کہ جنرل اسمبلی میں وہ اس کے خلاف ووٹ ڈالیں۔

امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن کا کہنا ہے کہ یونیسکو کا یہ فیصلہ ’حیران کُن‘ ہے۔ ڈومینیکن ریپبلک کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو میں انہوں نے کہا: ’’مجھے یہ کافی حیران کن اور کسی حد تک ناقابل وضاحت بات لگی ہے کہ اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے ریاست یا ریاست کی حیثیت سے متعلق فیصلے کریں جبکہ معاملہ اقوام متحدہ کے سامنے ہے۔‘‘

انہوں نے زور دیا کہ ریاستی رکنیت کا فیصلہ ذیلی گروپوں کے بجائے اقوام متحدہ میں ہونا چاہیے۔

امریکی ریپبلیکن سینیٹر کے گرانگیر نے کہا ہے کہ یونیسکو نے فلسطینیوں کو ریاستی رکنیت دی تو وہ ہر طرح کی فنڈنگ رکوانے کے لیے مہم چلائیں گی۔

فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس نے تئیس ستمبر کو اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون کو رکنیت کی درخواست دی تھی، جس پر ووٹنگ ہونا ابھی باقی ہے۔

US-Außenministerin Hillary Clinton in der Türkei
امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹنتصویر: AP

امریکہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا مستقل رکن ہے اور اسے ویٹو کا حق حاصل ہے۔ واشنگٹن حکام کا کہنا ہے کہ فلسطینیوں اور اسرائیل کے درمیان علاقائی تنازعات پر معاہدے سے قبل رکنیت کی کسی بھی درخواست کو ویٹو کر دیا جائے گا۔

یونیسکو کی کمیٹی میں کسی ملک کو ویٹو کا حق حاصل نہیں ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بدھ کو ہونے والی ووٹنگ میں امریکہ کی مخالفت بھی اسے ناکام نہیں بنا سکی۔

 خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق فلسطینی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ انہیں رکنیت کے حصول کی کوشش ترک کرنے کے لیے سفارتی دباؤ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

 

رپورٹ: ندیم گِل / اے ایف پی

ادارت: حماد کیانی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں