1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یونانی مالیاتی بحران کے تناظر میں عالمی اسٹاک مارکیٹوں میں مندی

19 ستمبر 2011

آج پیر کے روز ایشیائی اور یورپی بازار حصص میں شدید مندی سے کاروباری حلقوں کو بڑے نقصان کا سامنا رہا۔ اس مندی کی وجہ یونان پر چھائے دیوالیہ پن کے بادل ہیں۔ یورو کرنسی کی قدر میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/12bz3
تصویر: dapd

یونان کی اقتصادیات پر منڈلاتے دیوالیہ پن کے سیاہ بادلوں کے تناظر میں یورو زون کی کرنسی یورو کی قدر میں ایک فیصد کی واضح کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ امریکی کرنسی ڈالر کی قدر میں قدرے بہتری دیکھی گئی۔ امریکی مالی منڈیوں میں خام تیل کے فی بیرل کی قیمت میں بھی کمی واقع ہوئی ہے۔ مندی کی لپیٹ میں آج پہلے ایشیائی مالی منڈیاں آئیں اور پھر یورپی اسٹاک مارکیٹوں میں بھی حصص کی قیمتوں میں کمی کا سلسلہ جاری رہا۔

Superteaser NO FLASH EU Euro Börse in Frankfurt am Main Robert Halver
یورو کرنسی کی قدر میں بھی کمی واقع ہوئیتصویر: dapd

عالمی مالی منڈیوں میں عدم استحکام کی کیفیت اور مندی کی لہر نے کاروباری حلقوں کو شدید متاثر کیا۔ یہ نقصان بھی اربوں تک پہنچ سکتا ہے۔ مبصرین کے خیال میں یونانی اقتصادیات اب بھی بیل آؤٹ پیکج کی پہلی قسط کی وصولی کے بعد اور پاپاندریو حکومت کے مالیاتی اصلاحاتی عمل سے بھی بہتر نہیں ہو پائی ہے۔ اس پر اب بھی سست روی چھائی ہے۔ اقتصادی ترقی کے پہیے کی رفتار خاصی سست ہونے کی وجہ سے یونانی اقتصادیات اگلے ہفتوں کے دوران جمود کا شکار بھی ہو سکتی ہے۔ یورپی مرکزی بینک کا ستر ارب یورو کا خصوصی پلان بھی یورو زون کے مالیاتی بحران کو اسپین اور اٹلی تک پھیلنے سے روک نہیں سکا ہے۔

گزشتہ ہفتے پولینڈ میں منعقدہ یورپی یونین کے وزرائے خزانہ کی میٹنگ میں یونانی معیشت کے لیے کوئی بڑا فیصلہ سامنے نہیں آیا تھا۔ اس میٹنگ میں امریکی وزیر خزانہ ٹموتھی گائٹنر بھی خاص طور سے شریک ہوئے اور انہوں نے یونان کے لیے 440 ارب یورو کے ایک اور مالیاتی پیکج کو تجویز کیا ہے۔ اب یورپی وزرائے مالیات اکتوبر میں اپنی شیڈیول میٹنگ کے دوران مزید بات چیت کے بعد ہی کوئی فیصلہ کریں گے۔ یونان یورپی یونین اور انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ سے پہلے سے منظور شدہ بیل آؤٹ پیکج میں سے ایک اور آٹھ ارب ڈالر کی قسط کی تلاش میں ہے۔

Frankfurt Dax rutscht ab FLASH-GALERIE
ایشیائی اور یورپی مالی منڈیوں میں مندی چھائی رہیتصویر: dapd

یونان کے وزیر اعظم جورج پاپاندریو نے اپنے ملک کے مالی بحران کے تناظر میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں شرکت کا دورہ منسوخ کردیا ہے۔ دوسری جانب یونانی وزیر اعظم اپنی وزراء کی ہنگامی میٹنگ میں مزید کٹوتیوں کے معاملے کو زیر بحث لائے۔ اس کے علاوہ ایتھنز حکومت عالمی لیڈروں کو قائل کرنے کی کوشش میں بھی ہے کہ اس کے ملک کی اقتصادیات اگلے مہینوں میں سنبھل سکتی ہے اور دیوالیہ پن کے خطرے کو ٹالا جا سکتا ہے۔

پیر کے روز کی مندی کے حوالے سے مالیاتی اور اقتصادی ماہرین کا کہنا ہے کہ یورپ میں ایک بحران کے بعد دوسرا سامنے آ رہا ہے اور یہ مالیاتی معاملے مختلف یورپی ملکوں کی سیاست کے ساتھ جڑے ہیں۔ یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ یورپی سیاستدان اس صورت حال میں کوئی بڑا فیصلہ کرنے یا پہل کرنے سے بھی تامل کر رہی ہے۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: عدنان اسحاق

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں