1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یونانی بحران پر غور کے لیے یورپی رہنماؤں کا اجلاس

افسر اعوان7 جولائی 2015

اقتصادی بحران کے شکار ملک یونان کی حکومت بیل آؤٹ پیکج کے حصول کے لیے مذاکرات میں پیدا شدہ تعطل کو ختم کرنے کے لیے اپنی گزشتہ ہفتے کی تجاویر میں مزید بہتری لے آئی ہے۔ یہ بات یونانی حکام کی طرف سے کہی گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/1FuBy
تصویر: picture-alliance/dpa/L. Dubrule

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق یور زون کے سربراہوں کی ایمرجنسی میٹنگ سے قبل یونانی حکومتی اہلکار کا کہنا تھا کہ یونان کی طرف سے بہتر بنائے گئے اس پروپوزل پر آج منگل سات جولائی کو ہونے والی سمٹ کے علاوہ کل بدھ کے روز بھی غور کیا جائے گا۔

یونانی حکومتی اہلکار کے مطابق ایتھنز حکومت چاہتی ہے کہ معاہدہ جلد سے جلد ہو جائے تاکہ یونانی بینکنگ نظام کے لیے رقوم کی فراہمی کا سلسلہ بحال کیا جا سکے۔

اس اہلکار کا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہنا تھا، ’’پروپوزل میں اصلاحات، فنڈنگ، سرمایہ کاری پروگرام اور قرضے کے تصفیے سے متعلق شرائط کو بہتر بنایا گیا ہے۔‘‘

یونانی بحران پر غور کے لیے یورپی رہنماؤں کا اجلاس

یونان کے ریفرنڈم کے نتائج کی روشنی میں طلب کی گئی یورو زون کی سمٹ آج منگل کی شام شروع ہو رہی ہے۔ اِس سمٹ میں انیس رکنی یورو زون کے لیڈران شریک ہیں۔ یونانی وزیراعظم الیکسِس سِپراس بھی اس سربراہ اجلاس میں شرکت کے لیے برسلز پہنچے ہوئے ہیں۔

سربراہ اجلاس شروع ہونے سے قبل سِپراس نے جرمن چانسلر انگیلا میرکل، یورپی کمیشن کے سربراہ ژاں کلُود یُنکر اور فرانسیسی صدر فرانسوا اولانڈ سے ساتھ ملاقات کی ہے۔ یونانی وزیراعظم نے امریکی صدر سے بھی مالی بحران اور مالیاتی پیکج کے حوالے سے ٹیلی فون پر گفتگو کی ہے۔

یونانی وزیراعظم الیکسِس سِپراس نے جرمن چانسلر انگیلا میرکل، یورپی کمیشن کے سربراہ ژاں کلُود یُنکر اور فرانسیسی صدر فرانسوا اولانڈ سے ساتھ ملاقات کی ہے
یونانی وزیراعظم الیکسِس سِپراس نے جرمن چانسلر انگیلا میرکل، یورپی کمیشن کے سربراہ ژاں کلُود یُنکر اور فرانسیسی صدر فرانسوا اولانڈ سے ساتھ ملاقات کی ہےتصویر: Reuters/P. Wojazer

آج ہی یورو زون کے وزرائے خزانہ کی میٹنگ میں اگلے ممکنہ اقدامات پر غوروخوض کیا گیا۔ یورو زون کے وزرائے خزانہ کی کمیٹی کے سربراہ ولندیزی وزیر خزانہ ژرون ڈیژالبلُوم کا کہنا ہے کہ یونان نئے بیل آؤٹ کی درخواست کل کرے گا۔

یونان کا یوروزون سے اخراج نہیں چاہتے، یورپی کمشنر

یورپی کمشنر برائے یورو ڈوم برووسکِس نے کہا ہے کہ یورپی یونین یونان کا یورو زون سے اخراج نہیں چاہتی، تاہم اگر ایتھنز حکومت کی جانب سے قرض دہندہ اداروں کو قابل اعتماد اصلاحات کا مسودہ پیش نہ کیا گیا، تو یونان کا یورو زون سے اخراج ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ یورپی یونین ایتھنز حکومت کی جانب سے ٹھوس اور قابل اعتماد اصلاحات کے مسودے کی منتظر ہے۔ یہ بیان ایک ایسے موقع پر سامنے آیا ہے، جب آج یوروزون کے سربراہ برسلز میں مل رہے ہیں۔