1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

''یوم پاکستان'' ، اس سال بھی فوجی پریڈ نہ ہو سکی

23 مارچ 2011

پاکستان میں آج ''یوم پاکستان'' روایتی جوش وجذبے سے منایا گیا۔تاہم یہ مسلسل چوتھا سال ہے، جب ملکی داخلی صورتحال اور فوج کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مصروفیت کی وجہ سے مسلح افواج کی پریڈ منعقد نہیں کی گئی۔

https://p.dw.com/p/10gAD
تصویر: AP

پاکستان میں آج ''یوم پاکستان'' کے موقع پر دارالحکومت اسلام آباد میں دن کا آغاز توپوں کی سلامی سے کیا گیا۔ اس مرتبہ 23 مارچ کی خاص بات بھارت سے آئے ہوئے امن وفد کی اسلام آباد میں موجودگی تھی۔ پاکستان انڈیا پیپلز فورم فار پیس اینڈ ڈیمو کریسی کی دعوت پر معروف بھارتی صحافی کلدیپ نائر کی سربراہی میں آٹھ رکنی وفد نے بدھ کے روز وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سے ملاقات کی۔ اس ملاقات کے بعد جاری ہونے والے سرکاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے بھارتی وفد پر واضح کیا کہ '' پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ نہیں بلکہ صرف مذاکرات کے ذریعے ہی مسائل کو حل کیا جاسکتا ہے'' انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان بھارت کے ساتھ تمام مسائل کو پرامن طریقے سے حل کرنے کے لیے کام جاری رکھے گی وزیراعظم نے دونوں جانب کی سول سوسائٹی کی طرف سے تعلقات میں بہتری کے لیے کی جانے والی کوششوں کو بھی سراہا۔ پاکستانی وزیراعظم نے پاک بھارت مذاکرات دوبارہ شروع ہونے پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاک بھارت سیکریٹری داخلہ اگلے ہفتے دہشت گردی’’منشیات کی اسمگلنگ کی روک تھام اور انسانی حقوق سے متعلق معاملات پر نئی دہلی میں بات چیت کریں گے۔ وزیراعظم سے ملاقات کے بعد بھارتی وفد کے ایک رکن جتن ڈیسائی نے ڈوئچے ویلے کو بتایا کہ پاکستانی حکومت اور عوام کی طرف سے محبت اور گرم جوشی کے ساتھ ان کا استقبال کیا گیا ڈیسائی نے امید ظاہر کی کہ ''دونوں ممالک کے داخلہ سیکریٹریوں کے درمیان 28 مارچ کو نئی دہلی میں بات چیت کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے''۔

Soldiers Rangers - Konflikt Indien Pakistan
23 مارچ کو بھارت سے آیا ہوا ایک امن وفد بھی پاکستان میں موجود تھاتصویر: AP

پاکستان میں بھارتی وفد کی میزبانی کرنے والی سول سوسائٹی کی رکن طاہرہ عبدللہ کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کی سول سوسائٹی امن کی بحالی کے لیے ٹریک تھری ڈپلومیسی کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ'' دونوں ممالک کی حکومتوں کو معلوم ہونا چاہیے کہ لوگوں کے درمیان تعلقات کو کسی صورت ختم نہیں کیا جاسکتا اگر ویزے جاری نہیں کیے جائیں گے تو انٹرنیٹ کے ذریعے رابطے بحال رہیں گے''۔

Yusuf Raza Gilani Premierminister Pakistan
وزیراعظم گیلانی نے پاک بھارت مذاکرات دوبارہ شروع ہونے پر اطمینان کا اظہار کیاتصویر: AP

ادھر امریکی ریاست فلوریڈا میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف تئیس مارچ کے دن بھی پر غم وغصہ کا اظہار جاری رہا سابق وفاقی وزیر اور ورلڈ مینارٹی الائنس کے چیئرمین جے سالک نے کہا کہ امریکی پادری ٹیری جونز کا اقدام دنیا بھر میں مذہب کے ماننے والوں اور اقلیتوں کے لیے تکلیف دہ ہے۔ انہوں نےکہا کہ وہ اس اقدام کے خلاف اپنا احتجاج جاری رکھیں گے اور وہ حکومت امریکہ سے اپیل کرتے ہیں کہ اس طرح کے واقعات کو روکنے کے لیے خصوصی قانون سازی کی جائے۔

دریں اثناء یوم پاکستان کے موقع پرایوان صدر میں مختلف شعبہ ہائے زندگی میں نمایاں کارکردگی دکھانے اور خدمات سر انجام دینے والے ملکی اور غیر ملکی افراد کو اعلی فوجی اور سول اعزازات سے نوازا گیا۔

شکور رحیم،اسلام آباد

ادارت : عدنان اسحاق