1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورپی یونین میں سیاسی پناہ کے درخواست گزاروں کی تعداد کم

عاطف توقیر
14 مارچ 2018

یورپی یونین میں سیاسی پناہ کے درخواست گزاروں کی تعداد میں گزشتہ برس قریب نصف کی کمی دیکھی گئی۔ یہ بات فُنکے میڈیا گروپ نے اپنی ایک تازہ رپورٹ میں کہی ہے۔

https://p.dw.com/p/2uIDK
Deutschland Frau Muslimische Frau holt Kinder von Schule ab
تصویر: picture-alliance/W. Rothermel

اس رپورٹ کے مطابق سن 2016 کے مقابلے میں گزشتہ برس یورپی یونین میں سیاسی پناہ کی درخواست جمع کرانے والوں کی تعداد پچاس فیصد کے قریب کم ہوئی ہے۔

مختلف جرمن صوبوں میں پناہ دیے جانے کی شرح بھی مختلف

مستقبل کے جرمن وزیر داخلہ مہاجرین کی ملک بدریاں بڑھا دیں گے

برطانیہ میں سیاسی پناہ لینے کا طریقہ کیا ہے؟

بدھ کے روز شائع ہونے والی اس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 28 رکنی یورپی یونین میں گزشتہ برس سیاسی پناہ کی درخواست جمع کرانے والے افراد کی تعداد چھ لاکھ انچاس ہزار آٹھ سو پچپن تھی، جب کہ سن 2016ء میں ایسے افراد کی تعداد بارہ لاکھ سے زائد رہی تھی۔

یورپی ادارہ برائے شماریات سے حاصل کردہ اعداد و شمار کے مطابق سیاسی پناہ کی سب سے زیادہ درخواستیں جرمنی میں جمع کرائی گئیں، جو ایک لاکھ اٹھانوے ہزار دو سو پچپن تھی۔ اس کے بعد اٹلی کا نمبر ہے۔ اٹلی میں گزشتہ برس ایک لاکھ چھبیس ہزار افراد نے سیاسی پناہ کی درخواست دی۔ تیسرے نمبر پر  فرانس ہے، جہاں 91 ہزار ستر افراد نے سیاسی پناہ کی درخواست جمع کرائی۔ اس فہرست میں یونان کا نمبر چوتھا ہے، جہاں ستاون ہزار بیس افراد نے سیاسی پناہ کی درخواست دی۔

اس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یورپی یونین میں سیاسی پناہ کی درخواست دینے والوں میں جرمنی کا حصہ تیس فیصد رہا ہے، تاہم سن 2016 کے مقابلے میں گزشتہ برس یہ تعداد کم ہے، کیوں کہ 2016 میں یہ حصہ قریب ساٹھ فیصد تھا۔

یہ یورواسٹیٹ ڈیٹا صرف ان درخواست گزاروں سے متعلق ہے، جنہوں نے پہلی مرتبہ ایسی درخواستیں جمع کرائیں۔ اس رپورٹ میں تاہم کہا گیا ہے کہ دوسری یا اضافی طور پر ایسی درخواست دینے والوں کی تعداد میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ یورپی یونین کے رکن ممالک میں دوسری یا تیسری مرتبہ ایسی درخواست دائر کرانے والوں کی تعداد گزشتہ برس بڑھ کر سات لاکھ چار ہزار چھ سو پچیس تک جا پہنچی ہے، جب کہ جرمنی میں یہ تعداد دو لاکھ بائیس ہزار پانچ سو ساٹھ رہی ہے۔

پیر کے روز جرمنی میں وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار میں بتایا گیا تھا کہ فروری میں جرمنی میں سیاسی پناہ کے درخواست گزاروں کی تعداد گیارہ ہزار رہی، جو جنوری کے مقابلے میں کم ہے۔ بیان میں بتایا گیا تھا کہ جرمنی میں سیاسی پناہ کے درخواست گزاروں کی زیادہ تر تعداد کا تعلق شام، عراق اور نائجیریا سے ہے۔