1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

UA/200608

20 جون 2008

یورپی یونین کی سربراہ کانفرنس میں اُس بحران کے حل کو آئندہ تک کے لئے ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جو آئر لینڈ کی طرف سے لزبن پیکیج کو مسترد کئے جانے سے پیدا ہوا ہے۔ برسلز سے ڈوئچے ویلے کے Bernd Riegert کا تبصرہ۔

https://p.dw.com/p/ENYV
فرانسیسی صدر نکولا سارکوزی برسلز سربراہ کانفرنس کے دوران ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے ساتھ باتیں کرتے ہوئےتصویر: AP

یورپی یونین کی اِس سربراہ کانفرنس سے سامنے آنے والے واضح پیغام کو ایک جملے میں سمویا جائے تو وہ کچھ یوں ہو گا کہ یورپی قائدین کو چونکہ کچھ سمجھ نہیں آ رہا ہے کہ کیا کریں، اِس لئے اُنہوں نے معاملے کو آئندہ پر اُٹھا رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ظاہر ہے کہ اِس پیغام سے یورپ کی سیاسی قیادت پر شہریوں اور خاص طور پر آئرلینڈ کے مایوس عوام کے اعتماد میں اضافہ ہرگز نہیں ہو گا۔

اِس معاملے کے حل کو اکتوبر یا دسمبر تک کے لئے ملتوی کرنے کا اقدام محض یہ ظاہر کرتا ہے کہ یورپی قائدین کوئی فیصلہ کن قدم اٹھانے کی صلاحیت سے عاری ہیں۔ مانا کہ یونین کے ڈھانچے میں اصلاحات کے حامل لزبن معاہدے کے نفاذ کی جلد از جلد ضرورت ہے، لیکن سوال یہ ہے کہ کیا اِس معاہدے کی تمام ستائیس رکن ملکوں کی جانب سے توثیق ممکن بھی ہے!

غالباً لزبن معاہدے کا انجام بھی اُس مشترکہ آئین جیسا ہونے والا ہے، جسے تین سال پہلے فرانس اور ہالینڈ میں منعقدہ ریفرینڈمز میں مسترد ہونے کے بعد بالآخر دفن کر دیا گیا تھا۔

فرانسیسی صدر نکولا سارکوزی اِس لزبن معاہدے کی منظوری سے قطعِ نظر توانائی، تارکینِ وطن اور دفاع کے شعبوں میں اپنے سیاسی اہدف حاصل کرنے کا پختہ عزم رکھتے ہیں۔ یہ دیکھنا ابھی باقی ہے کہ آیا دیگر یورپی قائدین بھی اُن کی تقلید کیں گے یا مختلف بحرانوں کی آڑ لے کر بچنے کی کوشش کریں گے۔

لزبن معاہدہ کوئی جادو کی چھڑی نہیں کہ جو پلک جھپکنے میں یونین کے سارے مسائل حل کر دے گا۔ یونین کو مؤثر طور پر چلانے کے لئے اگر درحقیت یورپی کونسل کے کسی مستقل صدر یا وزیر خارجہ کی ضرورت ہے تو ایسا کسی بڑے معاہدے کے بغیر بھی تمام ستائیس رکن ملکوں کے متفقہ فیصلے سے ممکن ہے۔ ہاں یونین کے رکن ممالک کی تعداد میں اضافے کا مسئلہ ضرور پیچیدہ ہے۔

جہاں جرمنی اور فرانس جنوبی فرانس کے شہر نِیس میں طے ہونے والے معاہدے کی روشنی میں اراکین کی زیادہ سے زیادہ مقرر کردہ حدوں پر قائم رہنے پر اصرار کرتے ہیں، وہاں دیگر اراکین اِس معاملے میں سختی کے قائل نہیں ہیں۔ جیسے جیسے کروشیا کی ممکنہ رُکنیت کی تاریخ یعنی دو ہزار دَس قریب آ رہی ہے، ویسے ویسے یونین میں توسیع کے موضوع پر اختلافات بڑھنے کا خدشہ ہے۔ سوال تو یہ بھی ہے کہ اپنے اراکین کی تعداد میں مسلسل اضافہ کر کے کہیں یورپی برادری خود کومفلوج تو نہیں کر دے گی۔