1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورپی نوجوانوں کے لیے ٹرین کا سفر مفت

4 مئی 2018

موسم گرما میں پندرہ ہزار یورپی نوجوانوں کو یورپ بھر میں ریل سے سفر کے لیے مفت ٹکٹ دیے جائیں گے۔ منصوبے کا مقصد یورپ میں ثقافتی تبادلے کا فروغ اور ’عوامیت پسندی‘ کا مقابلہ کرنا ہے۔

https://p.dw.com/p/2xBPZ
Europa Bahnreise Interrail
تصویر: Imago/Westend61

یورپی یونین نے حال ہی میں ’ڈیسکور ای یو‘ نام سے ایک منصوبہ اس امید کے ساتھ شروع کیا ہے کہ اس کے باعث یورپی ممالک کے درمیان سفر کو سہل بنا کر یورپی نوجوانوں میں ان کے یورپی تشخص کو گہرا کیا جائے۔

یورپ بھر میں ٹرین کے ذریعے مفت سفر کرنے کی اس اسکیم میں ایسے نوجوان یورپی شہری حصہ لے سکتے ہیں، جن کی عمر اس برس اٹھارہ سال ہو جائے گی۔ یوں رواں برس اس منصوبے کے لیے تیس ہزار یورپی نوجوان اہل ہوں گے۔ ان میں سے پندرہ ہزار نوجوانوں کو  برس موسم گرما میں تیس دن تک چار مختلف یورپی ممالک میں سفر کرنے کے لیے مفت ٹکٹ فراہم کیے جائیں گے۔

تاہم یہ امر بھی اہم ہے کہ اس منصوبے کے تحت صرف ٹرین کے سفر کا ٹکٹ مفت دیا جائے گا، نوجوانوں کو اپنے کھانے، رہنے اور دیگر اخراجات خود ادا کرنا ہوں گے۔

Junger Mann im Zug -  InterRail
تصویر: picture-alliance/PYMCA/Photoshot/Gonzales Photo/J. Hojgaard

جرمن آسٹرین سرحد پر بارڈر کنٹرول جاری رہے گا

’ڈیسکور ای یو‘کے مطابق ان کی نظر میں مفت پاس دینے کا یہ قدم یورپی ثقافتی تشخص میں سرمایہ کاری ہے۔ اس طرح سے یورپی نوجوان ابتدائی عمر سے ہی یورپی اتحاد میں بسنے والے اپنے ہی جیسے دیگر نوجوانوں سے میل ملاپ کریں گے اور اپنے تجربات بانٹیں گے۔ یورپی منصوبہ سازوں کو توقع ہے کہ اس طرح یہ نوجوان یورپ میں آزادانہ سفر کی اہمیت سے بھی آگاہ ہو پائیں گے اور یوں یورپی یونین کی مخالف عوامیت پسند تحریکوں کا تدارک بھی ہو پائے گا۔

اس منصوبے سے ابتدائی طور پر 15 ہزار نوجوان فائدہ اٹھا سکیں گے۔ اس کے لیے انہیں  ای یو کی یوتھ پروگرام ویب سائٹ پر موجود درخواست جمع کرانا ہو گی جس کے بعد اس سہولت کو جیتنے والوں کا فیصلہ کیا جائے گا۔ جیتنے والوں کو جولائی سے ستمبر تک کے مہینوں میں سفر کرنا ہوگا۔

امید کی جا رہی ہے کہ یورپی نوجوانوں کو سہولت دینے کا یہ سلسلہ مستقبل میں بھی جا ری رکھا جائے گا۔ اس منصوبے کے لیے یورپی کمیشن نے اپنے سن 2021 تا 2027 کے بجٹ میں سات سو ملین یورو مختص کیے ہیں۔

ع ف / ش ح (اے پی، اے ایف پی)