1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’یورپ کو پارہ پارہ کرنے کی کوشش‘ ، جرمن وزیر

امجد علی22 مارچ 2014

ہفتہ بائیس مارچ کو یوکرائن کے دو اہم مغربی حلیف ملکوں کے سرکردہ رہنما دارالحکومت کییف میں ہیں۔ جرمن وزیر خارجہ کے ساتھ ساتھ کینیڈا کے وزیر اعظم بھی یوکرائن میں سیاسی قیادت کے ساتھ ملاقاتیں کر رہے ہیں۔

https://p.dw.com/p/1BUIA
جرمن وزیر خارجہ فرانک والٹر شٹائن مائر بائیس مارچ ہفتے کے روز کییف کے ہوائی اڈے پر اتر رہے ہیں
جرمن وزیر خارجہ فرانک والٹر شٹائن مائر بائیس مارچ ہفتے کے روز کییف کے ہوائی اڈے پر اتر رہے ہیںتصویر: picture-alliance/dpa

یہ دورے ایک ایسے وقت پر عمل میں آ رہے ہیں، جب روس یوکرائن کے علاقے کریمیا کو باقاعدہ وفاق روس کا حصہ بنانے کے بعد سے وہاں اپنا مکمل کنٹرول قائم کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے۔

جرمن وزیر خارجہ فرانک والٹر شٹائن مائر نے یوکرائن کے وزیر اعظم آرسینی یاتسینیُوک کے ساتھ ملاقات کے بعد صحافیوں سے باتیں کرتے ہوئے کہا کہ روس نے کریمیا میں آزادی کے ایک متنازعہ ریفرنڈم کے انعقاد کے ذریعے ’یورپ کو تقسیم کرنے کی کوشش‘ کی ہے اور جرمنی اس کی مذمت کرتا ہے۔ شٹائن مائر نے کہا:’’کریمیا میں ہونے والا ریفرنڈم بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے اور یورپ کو پارہ پارہ کرنے کی ایک کوشش ہے۔‘‘

بائیس مارچ کی اس تصویر میں جرمن وزیر خارجہ فرانک والٹر شٹائن مائر (بائیں) دارالحکومت کییف میں یوکرائن کے وزیر اعظم آرسینی یاتسینیُوک (دائیں) کے ساتھ ملاقات کر رہے ہیں
بائیس مارچ کی اس تصویر میں جرمن وزیر خارجہ فرانک والٹر شٹائن مائر (بائیں) دارالحکومت کییف میں یوکرائن کے وزیر اعظم آرسینی یاتسینیُوک (دائیں) کے ساتھ ملاقات کر رہے ہیںتصویر: picture-alliance/dpa

جرمن وزیر خارجہ کے مطابق بین الاقوامی برادری کی یہ کوشش ہونی چاہیے کہ یوکرائن اور روس کا بحران یورپ میں کسی نئی تقسیم کا باعث نہ بنے۔ شٹائن مائر نے امید ظاہر کی کہ سلامتی اور تعاون کی یورپی تنظیم او ایس سی ای کے مبصرین اگلے چند روز کے اندر اندر یوکرائن پہنچ جائیں گے اور عدم کشیدگی کی کوششوں میں مدد دیں گے۔ اگرچہ روس نے بھی کافی پس و پیش کے بعد اس مبصر مشن کی قرارداد کی حمایت کر دی تھی تاہم وہ اس مشن کے دائرے میں کریمیا کا علاقہ شامل نہ ہونے کو زمینی حقائق تسلیم کیے جانے کے مترداف قرار دے رہا ہے۔

جرمن وزیر خارجہ کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں یوکرائن کے وزیر اعظم یاتسینیُوک نے توانائی کی محفوظ فراہمی کے مسئلے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اُن کے ملک کو یورپ کی جانب سے گیس کی ضرورت ہو گی۔ اُنہوں نے کہا کہ جرمنی ممکنہ طور پر یوکرائن کی مسلح افواج کو جدید اور مستحکم بنانے میں تعاون کر سکتا ہے۔

شٹائن مائر نے بعد ازاں عبوری صدر اولیکزانڈر تُرشینوف کے ساتھ بھی ملاقات کی اور پھر مشرقی یوکرائن کے شہر ڈونیٹسک کے لیے روانہ ہو گئے۔

یوکرائن کے دارالحکومت کییف کے حکومتی ہیڈ کوارٹرز کے سامنے جرمن وزیر خارجہ فرانک والٹر شٹائن مائر کی اتفاقیہ طور پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون سے ملاقات ہو گئی، بان کی مون کا دورہ یوکرائن اب اختتام کو پہنچ گیا ہے
یوکرائن کے دارالحکومت کییف کے حکومتی ہیڈ کوارٹرز کے سامنے جرمن وزیر خارجہ فرانک والٹر شٹائن مائر کی اتفاقیہ طور پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون سے ملاقات ہو گئی، بان کی مون کا دورہ یوکرائن اب اختتام کو پہنچ گیا ہےتصویر: picture-alliance/dpa

کینیڈا کے وزیر اعظم اسٹیفن ہارپر کی صورت میں امیر صنعتی اقوام کے گروپ جی سیون کے کسی رکن ملک کا کوئی سربراہِ حکومت پہلی مرتبہ کییف میں عبوری صدر اولیکزانڈر تُرشینوف سے مل رہا ہے، جنہوں نے ابھی گزشتہ مہینے ہی وکٹور یانوکووِچ کی روس نواز حکومت کے خاتمے کے بعد کاروبارِ حکومت سنبھالا تھا۔

مغربی دنیا سے اپنے حلیف ممالک کے رہنماؤں کی جانب سے یک جہتی کے یہ دورے یوکرائن کے لیے خاصی اہمیت رکھتے ہیں، خاص طور پر ایک ایسے وقت، جب اُسے اپنے بڑے ہمسائے روس کی جانب سے کئی طرح کے شدید دباؤ کا سامنا ہے۔

اس سے پہلے یورپ کی جانب سے یک جہتی کی اب تک سب سے بڑی علامت جمعہ اکیس مارچ کو دیکھنے میں آئی تھی، جب برسلز میں یورپی یونین اور یوکرائن کے درمیان قریبی تعاون کے ایک سمجھوتے پر دستخط ہوئے۔ یہ وہی سمجھوتہ تھا، جسے یوکرائن کی سابقہ ماسکو نواز حکومت کی طرف سے رَد کر دیا گیا تھا۔ اس حکومتی اقدام کے بعد تین ماہ تک خونریز احتجاجی مظاہرے ہوتے رہے اور بالآخر بائیس فروری کو یہ ماسکو نواز حکومت ختم ہو گئی تھی۔