1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورپ میں برفباری انسانی رویوں پر اثرانداز ہوتی ہوئی

21 دسمبر 2010

براعظم یورپ میں رواں موسم سرما شدید سے شدید تر ہوتا جا رہا ہے۔ مسلسل برفباری سے کرسمس اور نئے سال کی خوشیاں اور تقریبات ماند پڑتی دکھائی دے رہی ہیں۔ جرمنی میں برف ہٹانےکے تنازعے پر ایک شخص کا قتل بھی ہوا۔

https://p.dw.com/p/znv6
برفباری کے دوران حادثے بھی عام ہیںتصویر: AP

یورپ میں برفباری کی شدت سے مالی مسائل کے ساتھ ساتھ سماجی مسائل نے بھی عوام کی شعوری سطح کو متاثر کیا ہے۔ ریل گاڑیوں، بسوں اور موٹرگاڑیوں کو برفباری کے باعث ہونے والی تاخیر زندگی کے ہر رویے کو متاثر کرنے لگی ہے۔ اس کی وجہ سے عام لوگوں میں فرسٹریشن بڑھنا شروع ہو گئی ہے۔ ویسے ہی یورپ میں دسمبر اور جنوری کو یاسیت کے مہینے قرار دیا جاتا ہے۔ جرمنی میں دو ہمسایوں کے درمیان گری ہوئی برف کو ہٹانے کا تنازعہ شدت اختیار کر گیا اور اس باعث قتل کا ایک واقعہ بھی رپورٹ کیا گیا ہے۔ اخبار ’بلڈ‘ کے مطابق مغربی جرمنی کے قصبے شنیلن باخ (Schnellenbach) میں قتل کی واردات میں ملوث شخص ’عبداللہ آئی‘ کے ہاتھوں ’وولفگانگ کے‘ نامی شخص کی ہلاکت ہوئی۔ وولف گانگ کی بیوی گزشتہ سال فوت ہو گئی تھی۔ اس شخص کے پسماندگان میں ایک نوعمر بیٹا اور ایک بیٹی شامل ہیں جبکہ قاتل آٹھ بچوں کا باپ ہے۔

یورپ میں شدید برفباری سے کرسمس کی خصوصی خریداری کے عمل پر بھی منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ تاجر برادری پریشان ہے اور خریدار شدید سردی کی وجہ سے گھروں سے باہر نکلنے پر تیار نہیں۔ مجموعی طور پر معمول کی تعداد سے بیس فیصد سے کم خریدار شاپنگ کے لئے باہر نکل رہے ہیں۔ یورپ میں وائٹ کرسمس کو بہت پسند کیا جاتا ہے اور اس بار برفباری تاجروں کے لئے اشکباری کا باعث بن رہی ہیں۔ کاروباری حلقوں کا خیال ہے کہ مسلسل برفباری سے کرسمس اور نئے سال کی رونقیں اور تقریبات ماند پڑتی جا رہی ہیں۔ مختلف ملکوں میں کام کرنے والے افراد اپنے اپنے ملکوں تک پہنچنے کے لئے بےتاب ہیں لیکن مسافر پروازوں کی پے در پے منسوخی ان کے لئے انتہائی پریشانی کا سبب بن رہی ہے۔

NO FLASH Schneechaos London Heathrow
لندن کا ہیتھرو ہوائی اڈہ برف کی لپیٹ میںتصویر: AP

یورپ کے انتہائی اہم اور مصروف ہوائی اڈے فرینکفرٹ کو تازہ برف باری کے بعد کھول دیا گیا ہے۔ اس جرمن ہوائی اڈے کو منگل کی صبح کچھ دیر تک کھولنے کے بعد تازہ برفباری شروع ہونے پر بند کر دیا گیا تھا۔ یورپ کے اس تیسرے بڑے ہوائی اڈے پر گزشتہ روز 376 پروازوں کو منسوخ کرنا پڑ گیا تھا۔ کئی پروازوں کو فرینکفرٹ سے میونخ کی جانب موڑ دیا گیا تھا۔ اسی طرح فرانسیسی دارالحکومت پیرس کے چارلس ڈیگال نامی سب سے بڑے ہوائی اڈے پر ہزاروں افراد کو پروازوں کی منسوخی کے بعد ٹھنڈے فرش پر سونا پڑا۔ ایسی ہی صورتحال لندن کے ہیتھرو ایئر پورٹ کی بھی ہے، جہاں سے کل بدھ کی صبح تک صرف تیس فیصد تجارتی پروازیں ہی روانہ ہو سکیں گی۔ ہالینڈ میں ایمسٹرڈم ہوائی اڈے کو بھی منگل کی برفباری کے بعد اب کھول دیا گیا ہے۔ شمالی یورپی ملکوں کے مسافروں اور عوام کو شدید موسم کا سامنا ہے۔

عالمی سطح پر یورپی سردی کی وجہ سے خام تیل کے فی بیرل کی قیمت میں اضافے کا رجحان جاری ہے۔ اس اضافے سے عام اشیاء کی قیمتوں پر بھی اثر محسوس کیا گیا ہے جبکہ ترقی پذیر اور غریب ملکوں میں اشیائے خورد و نوش کی مہنگائی عالمی مارکیٹوں میں خام تیل کی قیمتوں سے جڑی ہے۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: مقبول ملک