1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یوروگوائے کو شکست، ہالینڈ فائنل میں

7 جولائی 2010

فیفا ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں ہالینڈ نے یوروگوائے کو دو کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے کر ایونٹ کے فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا ہے۔ دوسرے سیمی فائنل میں آج جرمنی اور سپین مدمقابل ہیں۔

https://p.dw.com/p/OCCf
تصویر: AP

جوہانسبرگ میں ہونے والے اس میچ سے یہ بات واضح ہو گئی ہے کہ اس بار عالمی کپ ہر حال میں یورپی سرزمین پر ہی آئے گا۔

کھیل کے اٹھارہویں منٹ میں ہالینڈ کے کپتان Giovanni van Bronckhorst نے گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔ انہوں نے بال 35 گز کے فاصلے سے یوروگوائے کے گول میں پھینکی۔ اس کے جواب میں یوروگوائے کی طرف سے بھی اتنا ہی شاندار گول دیکھنے میں آیا، جب 41 ویں منٹ میں یوروگوائے کے کپتان ڈیگو فورلان نے بھی اتنی ہی دور سے بال ہالینڈ کے گول میں پہنچا دی۔

Fußball WM 2010 Niederlande Uruguay Flash-Galerie
ہالینڈ کی ٹیم گزشتہ 32 برسوں میں پہلی مرتبہ فائنل میں پہنچی ہےتصویر: AP

پہلے ہاف میں دونوں ٹیموں کی جانب سے ایک دوسرے پر خطرناک حملے کئے گئے مگر دوسرے ہاف تک مقابلہ ایک ایک گول سے برابر رہا۔ کھیل کے دوسرے ہاف میں Sneijder نے ہالینڈ کی طرف سے گول کر کے ایک مرتبہ پھر اپنی ٹیم کو برتری دلائی اور اس کے صرف تین منٹ بعد روبن نے ہالینڈ کی جانب سے ایک اور گول کر کے اپنی ٹیم کی فتح کو تقریباً یقینی بنا دیا۔ کھیل کے آخری لمحات میں پریرہ نے یوروگوائے کی طرف سے گول کر کے اس برتری کو کم تو کیا تاہم اس کے چند ہی لمحوں بعد کھیل کی اختتامی وِسل کے ساتھ ہی جنوبی امریکی ٹیم کی شکست کا اعلان بھی ہو گیا۔

1978ء کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ ہالینڈ کی ٹیم عالمی کپ فٹ بال کے فائنل تک پہنچنے میں کامیاب ہوئی ہے۔ اُس وقت ایونٹ کے فائنل میں اسے ارجنٹائن کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی۔

Fußball WM 2010 Niederlande Uruguay
یوروگوائے کی ٹیم کا کھیل بھی کسی صورت کمزور دکھائی نہیں دیاتصویر: AP

ہالینڈ کے کوچ نے کھیل کے بعد اپنے ایک بیان میں کہا کہ یقینی طور پر یہ ایک مشکل میچ تھا تاہم ٹیم صحیح سمت میں گامزن ہے اور وہ عالمی کپ ٹائٹل اپنے نام کرنے کے ’خاصے قریب‘ پہنچ چکی ہے:’’ہالینڈ کا ہر شہری اس وقت اپنی ٹیم پر بجا طور پر فخر کر رہا ہے۔ یہ ایک ناقابل یقین لمحہ ہے، جو اِس سے قبل 32 برس پہلے آیا تھا۔‘‘

میچ کے بعد یوروگوائے کے کوچ اوسکر تاباریز نے قدرے جذباتی انداز میں کہا کہ یوروگوائے یہ میچ جیت سکتا تھا:’’یہ واقعی سیمی فائنل کہلائے جانے کے لائق میچ تھا۔ مجھے اپنے کھلاڑیوں پر فخر ہے۔ مگر ہمیں اس ٹیم کے خلاف ہار تسلیم کرنی چاہئے، جو ہم سے بہتر ہے۔ ہمیں افسوس ہے کیونکہ ہم ٹائٹل سے زیادہ دور نہیں تھے۔‘‘

شکست کے باوجود یوروگوائے میں فیفا کپ کا سیمی فائنل کھیلنے پر جشن منایا جا رہا ہے۔ یوروگوائے کی ٹیم ہفتے کے روز تیسری پوزیشن کے لئے میچ کھیلے گی۔

رپورٹ: عاطف توقیر

ادارت: امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں