1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یو ٹیوب نے 40 برس بعد ایک شخص کو اس کے خاندان سے ملا دیا

19 اپریل 2018

یو ٹیوب پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو 40 سال سے اپنے خاندان سے بچھڑے ہوئے ایک شخص کے دوبارہ اپنے خاندان سے مل جانے کا سبب بن گئی۔ ایک ہندی گانا گاتے ہوئے اس شخص کی یہ ویڈیو ایک فوٹوگرافر نے یو ٹیوب پر پوسٹ کی تھی۔

https://p.dw.com/p/2wKQg
Youtube Webseite Videoportal
تصویر: picture-alliance/dpa

کُھمدرام گمبھیر سنگھ کی عمر اُس وقت 26 برس تھی جب وہ 1978 میں ملک کی شمال مشرقی ریاست منی پور کے شہر امپھال میں اپنا گھر چھوڑ کر چلا گیا تھا اور چار دہائیوں تک اس کے خاندان کو اس کی کوئی خبر نہ ملی تھی۔ پھر ممبئی کی ایک سڑک پر ریکارڈ کی گئی ایک ویڈیو آن لائن نظر آئی، جس میں سفید بالوں والا ایک شخص بالی وُڈ کا ایک مشہور گانا گاتا ہوا دیکھا جا سکتا ہے۔ ممبئی امپھال سے قریب ساڑھے تین ہزار کلومیٹر دور ہے۔

اس ویڈیو میں گانا گانے والا شخص خود کو کُھمدرام گمبھیر سنگھ کے نام سے متعارف کراتا ہے اور اپنا تعلق منی پور سے بتاتا ہے۔ اس ویڈیو کو ایک شخص نے دیکھا تو اس نے امپھال کی ایک تنظیم کو اس بارے میں بتایا اور اس مقامی تنظیم نے گمبھیر کے خاندان کو اس بارے میں آگاہ کیا۔ اس خاندان کے افراد نے اس بھارتی شہری کو اپنے لاپتہ رشتے دار کے طور پر پہچان لیا۔ پھر امپھال کی پولیس سے اس بارے میں رابطہ کیا گیا، جس نے ممبئی پولیس سے اس شخص کو تلاش کرنے کی استدعا کی۔ ممبئی پولیس کو یہ شخص باندرا کے علاقے میں نا گفتہ بہ حالات میں رہتا ہوا مل گیا۔

<iframe width="560" height="315" src="https://www.youtube.com/embed/-F41bvWNF_U" frameborder="0" allow="autoplay; encrypted-media" allowfullscreen></iframe>

فیروز شاکر ایک فوٹوگرافر ہیں اور انہوں نے یہ ویڈیو گزشتہ برس اکتوبر میں ریکارڈ کر کے یو ٹیوب پر ڈالی تھی۔ شاکر نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا، ’’وہ ہندی گانے گا کر اور بھیک مانگ کر اپنی گزر اوقات کرتا تھا۔‘‘ شاکر کے مطابق اس وقت 66 سالہ گمبھیر نے اسے بتایا کہ وہ پہلے ایک تعمیراتی مزدور کے طور پر کام کرتا رہا تھا مگر چند حادثوں کے بعد اس نے شراب نوشی شروع کر دی تھی اور پھر اس حال تک پہنچ گیا تھا۔

شاکر اسے اکثر دیکھا کرتا تھا اور ایک دن اس نے سنگھ کی ویڈیو بنا کر اسے یو ٹیوب پر شیئر کر دیا، جو اس شخص کو اس کے گھر والوں سے ملانے کا ذریعہ بن گئی۔ بھارتی اخبار انڈیا ٹو ڈے کے مطابق گمبھیر ایک سابق فوجی افسر ہے، جسے اس کی شادی کے کچھ ہی عرصے بعد اس کی بیوی سے الگ کر دیا گیا تھا۔ اس کے کچھ عرصے بعد وہ لاپتہ ہو گیا تھا۔