1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یرغمال بنائے گئے چار بچے ہلاک

12 جون 2018

امریکی ریاست  فلوریڈا میں پیر کے روز یرغمال بنائے جانے کا ایک واقعہ چار بچوں کی موت پر اختتام پذیر ہوا۔بچوں کو یرغمال بنائے جانے والے شخص نے بعد میں خود کو بھی گولی مار دی۔

https://p.dw.com/p/2zMLc
Florida Orlando - Polizeiaufgebot nach dem Polizist erschossen wurde und 4 Kindern in Geiselnahme
تصویر: picture-alliance/ZUMAPRESS/J. Langston

اتوار کو ریاست فلوریڈا  کے شہر اور لینڈو میں پولیس کو گھریلو تشدد کے ایک واقعے کی رپورٹ ملی۔ جب ایک پولیس افسر نے وہاں مداخلت کی تو اسے گولی مار دی گئی۔ اس پولیس اہلکار کا علاج ابھی ہسپتال میں جاری ہے۔  پولیس افسر کو گولی مارنے والا شخص رات بھر چار بچوں کے ہم راہ اپنے فلیٹ میں رہا۔ آرلینڈو پولیس کے سربراہ جان مینا نے پیر اور منگل کی درمیانی شب میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا،’’ کچھ دیر پہلے ہم اس گھر میں داخل ہوئے اور دیکھا کہ چاروں بچے مشتبہ شخص نے قتل کیے ہوئے ہیں جس کے بعد اس نے اپنے آپ کو بھی گولی مار لی۔‘‘

پولیس کے مطابق وہ سارا دن مشتبہ شخص کے ساتھ رابطے میں رہے۔ پولیس نے اس شخص کو اپنا فون فراہم کرنے کی بھی کوشش کی۔ اس دوران انہوں نے دیکھا کہ ایک بچے کو مار دیا گیا ہے۔  گزشتہ شب نو بجے اس گھر سے زوردار آواز آئی۔ مشتبہ شخص کا نام گیری لینڈسے بتایا گیا ہے اور وہ کئی جرائم میں ملوث رہا ہے۔ ہلاک ہونے والے بچوں میں سے دو اسی شخص کے بچے تھے اور باقی دو بچے اس عورت کے تھے جس نے پولیس کو لینڈسے کے خلاف اسے مارنے پیٹنے کی رپورٹ کی تھی۔ اسی خاتون نے اتوار کی شب اسی گھر سے بھاگ کر پولیس کو رپورٹ درج کرائی تھی۔

ب ج (نیوز ایجنسیاں)