1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہٹلر کی پینٹنگز، 42 ہزار یورو میں فروخت

6 ستمبر 2009

ہفتے کے روز اڈولف ہٹلرکے نوجوانی کے دور میں بنائی ہوئی تین واٹر کلر پینٹنگز مجموعی طور پر بیالیس ہزار یورو میں فروخت ہوئیں۔ جرمن صوبے باویریا کے شہر نیورنبرگ میں فروخت ہونے والی ان تصاویر پر ہٹلر کے دستخط ثبت ہیں۔

https://p.dw.com/p/JT5v
اس سے قبل بھی اڈولف ہٹلر کی بنائی ہوئی تصاویر کی نیلامی ہوتی رہی ہےتصویر: AP

یہ پینٹنگز فروخت کرنے والے پیربیرٹ وائلڈلر کے مطابق یہ تینوں تصاویر تین مختلف افراد کو بیچی گئیں۔ خریدنے والے افراد نے ان تصاویر کی فروخت میں فون کے ذریعے بولی لگائی۔ اب تک ہٹلر کی بنائی ہوئی پینٹنگز کی اصل تعداد کسی کو معلوم نہیں تاہم ایک اندازے کے مطابق ان کی تعداد سات سو بیس کے قریب بتائی جاتی ہے۔ ان تصاویر میں واٹر کلر پینٹنگز کے علاوہ سادہ اسکیچ بھی شامل ہیں۔

Versteigerung von Hitler-Bildern in London
اب تک ہٹلر کی بنائی ہوئی پینٹنگز کی اصل تعداد کسی کو معلوم نہیںتصویر: picture-alliance/ dpa

تصاویر بیچنے والے جرمن شہری وائلڈلر کے مطابق ان تصاویر کی خریداری میں بہت سے افراد نے دلچسپی کا اظہار کیا تھا۔ انہوں نے کہا:’’خریداری میں دانشوروں، تاجروں حتیٰ کے عام افراد نے بھی دلچسپی ظاہر کی تھی۔ شائد اُن افراد نے اِن تاریخی تصاویر کے لئے پیسے بچا رکھے ہوں‘‘

اطلاعات کے مطابق فروخت کی گئیں تصاویر نازی تحریک کے نمایاں سربراہ اور جرمن آمر اڈولف ہٹلر نے 1910ء سے 1911 ء کے درمیان آسٹریا کے شہر ویانا میں تخلیق کی تھیں۔ ہٹلر کو مصوربننے کا بہت شوق تھا، اسی لئے انہوں نے ویانا کے ایک اسکول میں مصوری کے شعبے میں داخلے کی کوشش کی تھی مگر وہ اس میں کامیاب نہیں ہو پائے تھے۔

ماضی میں بھی جرمنی سمیت دیگر ممالک میں ہٹلر کی بنائی ہوئی بہت سی تصاویر کی اس طرح کی نیلامی ہو چکی ہے۔

ہفتے کے روز نیلام کی جانے والے یہ تین واٹر کلر پینٹنگز میں قدرتی مناظر کی تصویر کشی کی گئی ہے۔ ان میں سے ایک تصویر 24 ہزار یورو میں فروخت ہوئی، دوسری تصویر کے لئے سب سے بڑی بولی گیارہ ہزار یورو لگائی گئی اور تیسری تصویر کو سات ہزار یورو میں خریدا گیا۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : عاطف بلوچ