1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہوپ مین کپ: کویٹووا بمقابلہ ووزنیاکی

1 جنوری 2012

آسٹریلیا کے شہر پرتھ میں ہر سال کے شروع ہونے پر ٹینس کا مکسڈ ٹیم ٹورنامنٹ کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ اس ٹورنامنٹ میں ٹینس کے مرد اور خاتون کھلاڑی ایک ٹیم کی صورت میں اپنے ملک کی نمائندگی کرتے ہیں۔

https://p.dw.com/p/13cPj
پیٹرا کویٹوواتصویر: dapd

ہوپ مین کپ انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن کا وہ اہم ٹورنامنٹ ہے، جس کو مکسڈ ٹیم کی عالمی چیمپئن شپ خیال کیا جاتا ہے۔ یہ ٹورنامنٹ خواتین کے فیڈریشن کپ اور مردوں کے ڈیوس کپ سے قدرے مختلف ہے۔ اس ٹورنامنٹ کی ابتداء گزشتہ سال کے آخری دن یعنی اکتیس دسمبر سےہو گئی ہے۔

ہوپ مین کپ میں کُل آٹھ ٹیمیں شامل ہیں اور ان کو چار چار کے دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ہر ٹیم میں ایک مرد اور ایک خاتون شامل ہے۔  چیک جمہوریہ، ڈنمارک، بلغاریہ اور اسپین کی ٹیمیں ایک گروپ میں ہیں۔ دوسرے گروپ میں فرانس، امریکہ، آسٹریلیا اور چین کی ٹیمیں ہیں۔ گروپ کی ٹیمیں ایک دوسرے سے کھیلتی ہیں۔ ہر گروپ کی فاتح ٹیم فائنل میچ کھیلتی ہے۔

اس مرتبہ کا ہوپ مین ٹورنامنٹ اس لیے بھی اہم ہے کہ اس میں خواتین کی عالمی نمبر ایک کیرولین ووزنیاکی اور پیٹرا کویٹووا اپنے اپنے ملک کی نمائندگی کر رہی ہیں۔ چیک جمہوریہ کی کویٹووا اس وقت عالمی نمبر دو ہیں۔ ان کے اور ووزنیاکی کے درمیان پوائنٹس کا فرق صرف 115 کا ہے۔ اگر کویٹووا اس ٹورنامنٹ میں اپنی ٹیم کو فائنل تک پہنچانے میں کامیاب ہو جاتی ہیں یا ڈنمارک اور چیک جمہوریہ دونوں فائنل تک نہیں پہنچ پاتے لیکن کویٹووا اپنا میچ ووزنیاکی کے خلاف جیت لیتی ہیں تو وہ اگلی عالمی نمبر ایک بن جائیں گی۔ ووزنیاکی اور کویٹووا کے درمیان میچ اگلے جمعے کے روز کھیلا جائے گا۔

Flash-Galerie Andrea Petkovic
پیٹرا کویٹووا کا تعلق چیک جمہوریہ سے ہےتصویر: picture alliance/ZUMA Press

ہوپ مین کپ میں گروپ لیول اور فائنل میچ میں پہلے مرد اور خاتون کھلاڑیوں میں براہ راست میچ ہوتا ہے اور پھر مکسڈ ڈبل کھیلا جاتا ہے۔ یہ ٹورنامنٹ آسٹریلیا کے شہر پرتھ کے اہم ترین تفریحی کمپلیکس بَرس وُوڈ ڈوم میں منعقد کیا جاتا ہے۔ دریاے سوان کے کنارے تعمیر کثیر المنزلہ بَرس وُوڈ ڈوم میں نائٹ کلب، کسینو اورایک فائیو اسٹار ہوٹل کے علاوہ کئی ریسٹورانٹ اور خریداری کے مال اور دوکانیں سیاحوں کے لیے قائم ہیں۔

ہوپ مین کپ کو ٹینس کھیل کے عالمی منظر نامے پر بڑی اہمیت حاصل ہے۔ اس کے بعد سڈنی انٹرنیشنل ٹورنامنٹ کھیلا جاتا ہے اور پھر گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ آسٹریلین اوپن کی شروعات ہوتی ہے۔ رواں برس آسٹریلوی شہر میلبورن میں آسٹریلین اوپن کا آغاز سولہ جنوری سے ہوگا۔ اس کا فائنل میچ انتیس جنوری کے روز کھیلا جائے گا۔ اس ٹورنامنٹ کی گزشتہ سال کی ویمن سنگلز کی فاتح کم کلائسٹرز کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ وہ انجری سے نجات پانے کے بعد اب اپنے اعزاز کے دفاع کرنے کی پوزیشن میں ہیں۔

رپورٹ:  عابد حسین

ادارت:  عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں