1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہنگیرین گراں پری میں جینسن بٹن کی فتح

31 جولائی 2011

فارمولا ون موٹر ریسنگ کی سال رواں کی عالمی چیمپئن شپ کی اتوار کو ہونے والی ہنگیرین گراں پری دوڑ میکلارین ٹیم کے برطانوی ڈرائیور جینسن بٹن نے جیت لی۔ انہوں نے یہ فاصلہ ایک گھنٹے 46 منٹ اور42.337 سیکنڈز میں طے کیا۔

https://p.dw.com/p/1275d
میکلارین ٹیم کے برطانوی ڈرائیور جینسن بٹنتصویر: dapd

اس ریس میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے ڈرائیور بٹن کی اوسط رفتار172.42 کلو میٹر فی گھنٹہ رہی۔ بوڈا پیسٹ میں ہونے والی آج کی یہ ریس موجودہ سیزن کے کل 19 مقابلوں میں سے گیارہویں ریس تھی اور اس دوران ڈرائیورز کو بوڈا پیسٹ سرکٹ کے 70 راؤنڈ مکمل کرنا تھے۔ یہ فاصلہ 306.63 کلو میٹر بنتا ہے۔

ہنگیرین گرا‌ں پری میں موجودہ سیزن میں اب تک سب سے زیادہ پوائنٹس حاصل کرنے والے نوجوان جرمن ڈرائیور سباستیان فیٹل دوسرے نمبر پر رہے۔ ریڈ بل ٹیم کے فیٹل نے یہ ریس جینسن بٹن کے بعد ساڑے تین سیکنڈ سے کچھ ہی زیادہ کے فرق سے مکمل کی۔

Formel 1 Sebastian Vettel Qualifikation Ungarn
جرمن ڈرائیور سباستیان فیٹل دوسرے نمبر پر رہےتصویر: dapd

تیسرے نمبر پر فیراری ٹیم کے ہسپانوی ڈرائیور فرنانڈو الانسو رہے۔ چوتھی پوزیشن میکلارین ٹیم کے دوسرے ڈرائیور اور برطانیہ ہی سے تعلق رکھنے والے جینسن بٹن کے ساتھی لوئیس ہیملٹن نے حاصل کی۔ آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے مارک ویبر پانچویں نمبر پر رہے۔ مارک ویبر ریڈ بل ٹیم میں جرمن ڈرائیور فیٹل کے ساتھی ہیں۔

بوڈا پیسٹ سرکٹ پر جرمن ڈرائیور نیکو روز برگ نے مرسیڈیز ٹیم کی گاڑی چلاتے ہوئے نویں پوزیشن حاصل کی جبکہ فورس انڈیا ٹیم کے جرمن ڈرائیور آڈریان سوٹیل 14ویں اور جرمنی ہی کے ٹیموگلوک 17ویں نمبر پر رہے۔

جرمن ڈرائیور نک ہائیڈ فیلڈ اور کئی مرتبہ عالمی چیمپئن بننے والے ان کے ہموطن میشائل شوماخر یہ ریس ختم نہ کر سکے اور قبل از وقت ہی اس مقابلے سے خارج ہو گئے۔

Alonso beim GP von Spanien
تیسرے نمبر پر فیراری ٹیم کے ہسپانوی ڈرائیور فرنانڈو الانسو رہےتصویر: dapd

ہنگیرین گراں پری کے بعد اب ڈرائیورز چیمپئن شپ میں جرمنی کے سباستیان فیٹل کے 234 پوائنٹس ہیں اور وہ ابھی تک باقی تمام ڈرائیوروں سے کہیں آگے ہیں۔ دوسری پوزیشن پر موجود مارک ویبر کے 149 پوائنٹس ہیں جبکہ لوئیس ہیملٹن اپنے 146پوائنٹس کے ساتھ تیسرے، الانسو145پوائنٹس کے ساتھ چوتھے اور جینسن بٹن 134 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہیں۔

امسالہ عالمی چیمپئن شپ میں اب تک کنسٹرکٹرز مقابلوں میں ریڈ بل ٹیم اپنے 383 پوائنٹس کے ساتھ سب سے آگے ہے جبکہ میکلارین ٹیم 280 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور فیراری 215 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ اس وقت مرسیڈیز ٹیم کے پوائنٹس 80 ہیں اور وہ کنسٹرکٹرز رینکنگ میں چوتھے نمبر پر ہے۔

فارمولا ون موٹر ریسنگ کی سال رواں کی عالمی چیمپئن شپ کی اگلی اور مجموعی طور پر 19 میں سے 12ویں ریس اتوار 28 اگست کو بیلجیم میں ہو گی جو بیلجیئن گراں پری کہلاتی ہے۔

رپورٹ: مقبول ملک

ادارت: عصمت جبیں

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں