1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہم جنس پرست کھیل کے میدان میں

2 اگست 2010

ہر چار سال بعد منعقد ہونے والی ’گے گیمز‘ ہم جنس پرستوں کا عالمی ثقافتی، سماجی اور سپورٹس اجتماع تصور کی جاتی ہیں۔ رواں سال کا یہ اجتماع آج کل جرمن شہر کولون میں جاری ہے۔ اس میں ہزاروں ہم جنس پرست شریک ہیں۔

https://p.dw.com/p/OZap
گے گیمز کے چیئر لیڈرز اور بچےتصویر: picture alliance/dpa

جرمنی کے چوتھے بڑے شہر کولون کے رائن انرجی سٹیڈیم میں پُر شور موسیقی کے ساتھ تقریباً دس ہزار افراد گھنٹوں ڈرمز کی تھاپ پرجھومتے اور رقص کرتے رہے۔ ان افراد کے علاوہ بے شمار ’گیز‘ سٹیڈیم کے اندر بطور شائقین بھی موجود تھے۔ سن 1982 سے شروع ہونے والی ’’گے گیمز‘‘ کے میزبان شہر میں موسیقی سے رچی بسی تقریب کو شرکاء اور شائقین نے انتہائی شاندارقرار دیا۔ ان گیمز کی افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی جرمن وزیر خارجہ گیڈو ویسٹر ویلے تھے۔

جرمن وزیر خارجہ گیڈو ویسٹر ویلے خود بھی جنسی کلاسیفیکیشن کے اعتبار سے ہم جنس پرست ہیں۔ اس تقریب میں ان کے مرد پارٹنر مشائیل مرونس بھی موجود تھے۔ ویسٹر ویلے نے تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر ہم جنس پرست احترام کے طلب گار ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ لوگ حکومتوں، سماجی حلقوں اور دوسری کمیونٹیوں سے کسی رعایت یا خصوصی استحقاق کے خواہشمند نہیں۔ ویسٹر ویلے نے اپنے خطاب میں اپنی کمیونٹی کے حقوق کے لئے سرگرم افراد کی جدوجہد کو سلام بھی پیش کیا۔ جرمن وزیر خارجہ نے ان ملکوں کے رویے پر افسوس کا اظہار کیا، جہاں ہم جنس پرستوں کو مجرموں جیسے سلوک کا سامنا رہتا ہے۔

’’گے گیمز‘‘ کو عالمی سطح پر ہم جنس پرستوں کے سب سے بڑے اجتماع سے بھی تعبیر کیا جاتا ہے۔ اِس اجتماع میں دُنیا کے ستر ملکوں کےہم جنس پرست جمع ہیں۔ سات اگست تک جاری رہنے والی ان گیمز میں کھیلوں کے ساتھ ساتھ تفریح اور مذاکروں کے بھی کئی سلسلے منعقد کرنے کا پروگرام بنایا گیا ہے۔ کھیلوں کے لئے کل 35 ڈسپلن مختص ہیں۔ ان میں بلیرڈ اور شطرنج بھی شامل ہیں۔ سب سے زیادہ عمر والا شریک ہم جنس پرست امریکہ سے تعلق رکھتا ہے اور اس کی عمر 92 سال ہے۔

Flash-Galerie Eröffnung Gay Games 2010 Köln
گے گیمز میں شریک پیورٹو ریکو کی خاتون ہم جنس پرستتصویر: picture-alliance/dpa

آج کل اِنہی کھیلوں کے سلسلے میں کولون کے رائن انرجی سٹیڈیم پر ہم جنس پرستوں کا ست رنگا یا قوس قزح والا پرچم لہرا رہا ہے۔ افتتاحی تقریب میں مشہور امریکی ہم جنس پرست اداکارہ وگلوکارہ ٹیلر ڈائن نے اپنے فن سے حاضرین کو محظوظ بھی کیا۔ سویڈن کی اگنز کارلسن بھی اِس رنگا رنگ تقریب میں شریک تھیں۔ ٹیلر ڈائن نے ہی کولون کی ’’گے گیمز‘‘ کا سرکاری گیت Facing A miracle یا ’معجزے کا سامنا‘ پیش کیا۔

منتظمین کے اندازوں کے مطابق اس آٹھ روزہ سماجی، ثقافتی اور سپورٹس ایونٹ میں مجموعی طور پر مختلف طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے دس لاکھ افراد شریک ہوں گے۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں