1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہلیری کلنٹن کیوں صدارتی امیدوار بننا چاہتی ہیں؟

عدنان اسحاق10 اپریل 2015

امریکا کی سابق وزیر خارجہ اور خاتون اول اگلے صدارتی انتخابات میں ڈیموکریٹک پارٹی کی امیدوار بننا چاہتی ہیں۔ اس سلسلے میں ممکنہ طور پر وہ اتوار کو اپنی مہم شروع کر رہی ہیں۔

https://p.dw.com/p/1F62S
تصویر: Mike Coppola/Getty Images for RFK Ripple Of Hope

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق امکان ہے کہ سابق امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن اتوار کے روز سماجی ویب سائٹس اور ویڈیو پیغام کے ذریعے عوام سے رابطہ کریں گی اور انہیں ڈیموکریٹک پارٹی کی صدارتی امیداور بننے کی اپنی خواہش سے باقاعدہ طور پر آگاہ کریں گے۔ اس دوران وہ یہ بھی بتائیں گی کہ وہ یہ نامزد گی کیوں حاصل کرنا چاہتی ہیں۔ کلنٹن کے ایک قریبی ذرائع نے بتایا کہ وہ اپنے اس اعلان کے بعد آیووا اور نیو ہیمشائر جیسی اہم ریاستوں کا دورہ بھی کریں گی۔

2008ء میں ہلیری کلنٹن موجودہ صدر باراک اوباما کے مدمقابل تھیں اور وہ اپنی پارٹی کی جانب سے صدارتی امیدوار بننے میں کامیاب نہیں ہو سکی تھیں۔ اوباما کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ ان کامیابی میں سب سے بڑا ہاتھ سوشل میڈیا کا رہا تھا کیونکہ انہوں نے پہلے اپنی پارٹی کی جانب سے امیدوار بننے اور پھر صدارتی انتخابات کی مہم کے دوران توجہ حاصل کرنے کے لیے سماجی ویب سائٹس کا بھرپور اور موثر انداز میں استعمال کیا تھا۔ اس کے علاوہ اوباما چھوٹے چھوٹے عطیوں سے بڑی رقم جمع کرنے میں کامیاب بھی ہو گئے تھے۔

Obama äußert sich zu Libyen
2008ء میں ہلیری کلنٹن موجودہ صدر باراک اوباما کے مدمقابل تھیںتصویر: AP

کلنٹن اگر صدارتی انتخابات جیتنے میں کامیاب ہو جاتی ہیں تو اس طرح وہ امریکا کی پہلی خاتون سربراہ مملکت ہوں گی۔ اس دوران67 سالہ سابق خاتون اول نے ’ٹیکسٹ فروم کلنٹن‘ کے نام سے اپنا بلاگ بھی لکھنا شروع کر دیا ہے۔ اس کے علاوہ آج جمعے کے روز ہلیری کلنٹن نے’ ہارڈ چوائسس‘ نامی اپنی یادداشت میں اضافہ کرتے ہوئے بطور وزیر خارجہ اپنے آخری دنوں کی روداد بھی شامل کی ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے یہ بھی بتایا ہے کہ پہلی مرتبہ نانی بننے پر ان کے کیا جذبات تھے۔

امریکا میں صدارتی انتخابات نومبر 2016ء میں منعقد ہوں گے۔