1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہسپانوی اقتصادی بحران کا اثر کتلونیا کے الیکشن پر

29 نومبر 2010

یورپی ملک سپین کی حکمران جماعت سوشلسٹ پارٹی کو ملک کے اندر پیدا شدہ اقتصادی بحران کی وجہ سے کتلونیا کے انتخابات میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے اور پارٹی کے لئے یہ اگلے عام الیکشن کے لئے برا شگون قرار دیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/QKZ3
کتلونیا کا جھنڈا، ایک مظاہرے میںتصویر: AP

کتلونیا، اسپین کا ایک انتہائی اہم خومختار علاقہ ہے جو عموماً ہسپانوی سیاست کا رخ متعین کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ اس خود مختار علاقے میں ہونے والے عام انتخابات میں وزیر اعظم لوئیس روڈریگیس ساپاتیرو کی سوشلسٹ پارٹی کو عوام کی جانب سے اقتصادی بحرانی کیفیت کے تناظر میں رد کردیا گیا ہے۔

اعتدال پسند قوم پرست کنورجَنس اینڈ یونین پارٹی کو عوامی کی بھاری تائید حاصل ہوئی ہے۔ اس جماعت کو چھیاسٹھ سے زائد نشستیں حاصل ہونے کا اندازہ لگایا گیا ہے۔ کتلونیا سوشلسٹ پارٹی کو پچیس سیٹیں حاصل ہونے کی امید ہے۔ ان اندازوں کو مقامی ٹیلی وژن چینلوں نے نشر کیا ہے۔

گزشتہ بتیس سالوں میں پہلی بار سوشلسٹ پارٹی کو عوام کی جانب سے اس انداز میں مسترد کیا گیا ہے۔ کتلونیا میں سوشلسٹ جماعت سن 2003 ء سے برسراقتدار چلی آ رہی ہے۔ مبصرین کے خیال میں یہ ساپاتیرو حکومت کی جاری اقتصادی پالیسیوں پر لاکھوں عوام کا عدم اعتماد ہے۔

یورپی ملک سپین کی اپوزیشن جماعتوں نے وزیر اعظم لوئیس روڈریگیس ساپاتیرو کی حکومت پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ درست اقتصادی اعداد و شمار کو شعوری طور پر مخفی رکھ رہی ہے۔ گزشتہ روز ہسپانوی وزیر اعظم نے مقابلہ بازی کے شعبے کے یورپی کمشنر یوآکین المونیا سے اُن کے اُس بیان کی وضاحت طلب کی تھی، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ہسپانوی معیشت کے اندر اقتصادی اصلاحاتی عمل کو آگے بڑھانے کی قوت نہیں ہے۔ اس بیان کے بعد میڈرڈ میں حکومت مخالف جماعتوں نے حکومتی حلقوں پر انگلیاں اٹھانا شروع کر دی ہیں۔ ہسپانوی بجٹ خسارہ گیارہ فیصد سے زائد ہے، جو یورپی یونین کی مقرر کردہ حد تین فیصد سے کہیں زیادہ ہے۔

Flash-Galerie Katalanen mit Fahnen
قوم پرستوں کے ایک مظاہرے کے شرکاء اور کتلونیا کا جھنڈاتصویر: AP

سیاسی مبصرین کا اتفاق ہے کہ مجموعی طور پر یہ انتخابی نتیجہ وزیر اعظم ساپاتیرو حکومت کے لئے معاشی اعدادو شمار کے حوالے سے یورپی کمپیٹشن کمشنر کے بیان اور اس پر اپوزیشن کی تنقید کے بعد اگلا سیٹ بیک ہے۔ میڈرڈ میں بھی تجزیہ نگار حکومت کو مشورہ دے رہے ہیں کہ سن 2012 ء کے الیکشن سے قبل وہ اپنی اقتصادی پالیسیوں کو بہتر خطوط پر استوار کرنے کی کوشش کرے۔ ہسپانوی اقتصادیات کو بھی عالمی سطح پر ریئل اسٹیٹ بزنس کے غبارے سے نکل جانے والی ہوا کی وجہ سے شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ میڈرڈ حکومت کو بھی ڈبلن اور ایتھنز کی طرح اگر بیل آؤٹ پیکج کو تسلیم کرنا پڑا تو یہ یورپی یونین اور یورو کرنسی کے لئے ایک بہت ہی بڑا دھچکہ ہو گا۔

کتلونیا میں سوشلسٹ پارٹی کے ترجمان Miquel Iceta نے پارٹی کی شکست کو تسلیم کر لیا ہے۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: شادی خان سیف

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید