1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہائے رے کرکٹ ، تیرا کیا ہو گا!

21 ستمبر 2010

پاکستانی کرکٹ ٹیم کا دورہ انگلینڈ اب اپنے آخری مراحل میں داخل ہوگیا ہے۔ تاہم ابھی تک ہرگزرتا دن ایک نئے واقعے اور الزام کوجنم دے رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/PIBZ

پاکستان کرکٹ بورڈ پی سی بی کے سربراہ اعجاز بٹ کے انگلینڈ ٹیم پر میچ فکسنگ کے الزامات سے متعلق بیان پر برطانوی کرکٹ بورڈ اور کپتان کی جانب سے شدید رد عمل سامنے آیا ہے۔ انگلش کپتان اینڈریو سٹراؤس نے کہا ہے کہ اعجاز بٹ کے بیان نےانگلینڈ کے کھلاڑیوں کو پریشان کر دیا ہے۔ اعجاز بٹ کے ان الزامات نے برطانوی کرکٹ بورڈ کو بھی بیان جاری کرنے پر مجبور کر دیا۔ تاہم بورڈ کی جانب سے پہلا رد عمل 24 گھنٹوں کی سوچ بچار کے بعد سامنے آیا۔ انہوں نے میچ فکسنگ کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے رد توکیا لیکن یہ ضرور کہا کہ اس کے خلاف کوئی نہ کوئی کارروائی ضرور کی جائے گی۔ تاہم انگلینڈ ٹیم کے کپتان اور بورڈ نے فیصلہ کیا ہے کہ سیریز جاری رہے گی۔

Zaheer Abbas
انگلینڈ کی ٹیم اور بورڈ کے اس مثبت رویےکا شکریہ ادا کرنا بہت ضروری ہے، ظہیر عباستصویر: AP

مشہور پاکستانی کرکٹر اور سابق کپتان ظہیر عباس نے سیریز جاری رکھنے کے فیصلے کوسراہا ہے۔ ظہیر عباس کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کی ٹیم اور بورڈ کے اس مثبت رویے کا شکریہ ادا کرنا بہت ضروری ہے۔ ان کے بقول انہوں نے 14سال کاؤنٹی کرکٹ کھیلی ہے اور وہ یہ کہہ سکتے ہیں کہ انگلش کھلاڑی میچ فکسنگ میں ملوث نہیں ہو سکتے۔

دوسری جانب عمران خان نے سپاٹ فکسنگ کے معاملے کی تحقیقات مکمل ہونے تک پاکستانی کرکٹ ٹیم پر پابندی عائد کئے جانے کے مطالبے کی شدید مخالفت کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگرکچھ کھلاڑی اس میں ملوث پائے بھی جاتے ہیں تو ان کی غلطی کی سزا اجتماعی طور پر پاکستان کرکٹ کو دینا کہاں کا انصاف ہے۔

Andrew Strauss
اعجاز بٹ کے بیان نےانگلینڈ کے کھلاڑیوں کو پریشان کر دیا ہے،اینڈریو سٹراؤستصویر: ap

بات ابھی تک تو کھلاڑیوں تک ہی محدود تھی لیکن اب معطل کیے گئے بالر محمد آصف کی سابق دوست وینا ملک کو کسی نے ایک دھمکی آمیز ای میل کی ہے۔ وینا ملک نے میچ فکسنگ سکینڈل کے تناظر میں گزشتہ دنوں بین الاقوامی کرکٹ کونسل کی بدعنوانی کی تحقیقات سے متعلق کمیٹی سے ملاقات کی تھی۔ وینا ملک کے بقول انہیں ای میل میں کہا گیا ہے کہ وہ ذرائع ابلاغ سے بات نہ کریں ورنہ انہیں قتل کر دیا جائے گا۔

کبھی میچ جیتنے پرآئی سی سی پاکستانی ٹیم پرالزامات عائد کرتی ہے توکبھی پی سی بی کا پیمانہ لبریز ہوتا ہوا دکھائی دیتا ہے۔ پاکستانی کرکٹ میں تنارعات کا یہ اونٹ کس کروٹ بیٹھے گا یہ ابھی نہیں کہا جاسکتا تاہم اس ساری صورتحال نے پاکستانی کرکٹ شائقین کو مایوس ضرور کیا ہے۔

رپورٹ : عدنان اسحاق

ادارت : افسر اعوان