1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’گیم آف تھرونز‘ کے اسٹار کچھ الگ کرنے کی کوشش میں

6 مئی 2017

ٹی وی سیریز ’گیم آف تھرونز‘ کے اسٹارز لینا ہیڈی اور ایئن گیلن مہاجرین کے بحران پر بننے والی ایک فلم میں جلوہ گر ہوں گے۔ ’دی فلڈ‘ یہ دونوں اداکار یورپ کو درپیش اس سنگین بحران کے اہم پہلوؤں کو اجاگر کرنے کی کوشش کریں گے۔

https://p.dw.com/p/2cWRg
Game of Thrones Staffel 6 EINSCHRÄNKUNG
تصویر: Helen Sloan/HBO

خبر رساں ادارے روئٹرز نے بتایا ہے کہ ایچ بی او کی مشہور زمانہ ٹی وی ڈرامہ سیریز گیم آف تھرونز‘ کے دو نمایاں اداکار اب مہاجرین کے بحران کی پیچیدگیوں اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والے مسائل کی طرف توجہ مبذول کرانے کی کوشش کریں گے۔

خاتون اداکار لینا ہیڈی اور مرد اداکار ایئن گیلن خوابیدہ اور طلسماتی ڈرامہ سیریز ’گیم آف تھرونز‘ سے بریک لیتے ہوئے اس وقت ’دی فلڈ‘ نامی فلم کی پروڈکشن میں مصروف ہیں۔

مہاجر تو کوئی بھی ہو سکتا ہے، چینی فلم ساز کا پیغام

کرد مسلمان لڑکی کی ایک مسیحی لڑکے کے ساتھ محبت کی حیرت انگیز کہانی

مرے ہوئے انسانوں کی فلم سازی آسان نہیں، روزی

سن دو ہزار اٹھارہ میں ریليز ہونے والی فلم ’دی فلڈ‘ میں ہیڈی اور گیلن دونوں نے امیگریشن افسران کا کردار ادا کیا ہے۔ اس فلم کی کہانی ایک ایسے مہاجر کے گرد گھومتی ہے، جو اريتیریا سے برطانیہ پہنچنے کی کوشش میں ہے۔

ناقدین کے مطابق ایسے موضوعات پر فلمیں بنانے سے لوگوں میں آگاہی پیدا ہو گی اور وہ مہاجرین کے اس سنگین بحران کو درست طریقے سے سمجھنے اور اس کے حل میں اپنا کردار نبھانے میں بھی کامیاب ہو سکیں گے۔

ٹی وی سیریز ’گیم آف تھرونز‘ سے شہرت حاصل کرنے والی ہیڈی نے روئٹرز سے گفتگو میں مہاجرین کے بحران پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا، ’’آپ جانتے ہیں کہ دنیا میں کیا ہو رہا ہے، یہ خوفناک ہے۔ اس معاملے کو فلم کی کہانی میں بیان کرنا ایک اچھا کام ہو گا۔‘‘

ہیڈی نہ صرف اداکار ہیں بلکہ وہ ایک فعال ایکٹیوسٹ بھی ہیں۔ وہ مختلف معاشرتی مسائل کے حوالے سے ٹوئيٹس بھی کرتی رہتی ہیں اور بالخصوص مہاجرین کے بحران پر انہوں نے کئی فورمز پر اپنی آواز اٹھائی ہے۔

اس فلم کے پروڈیوسر لیوک ہیلی کے بقول اس فلم کی پروڈکشن کی خاطر انہوں نے سرمایا روایتی انداز میں حاصل نہیں کیا ہے بلکہ صرف ایک خاتون نے ہی رقوم فراہم کی ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ یہ فلم کم سرمائے کے ساتھ بنائی جا رہی ہے لیکن اس کی کوالٹی پر سمجھوتہ نہیں کیا گیا۔ دی فلڈ نامی یہ فلم ابھی پروڈکشن کی مراحل میں ہے اور توقع ہے کہ یہ آئندہ برس نمائش کے لیے پیش کر دی جائے گی۔