1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

گوانتانامو جیل کا مستقبل امریکی رائے دہندگان کے ہاتھ میں

17 ستمبر 2008

امسال نومبر میں ہونے والے امریکی صدارتی انتخابات طے کریں گے کہ گوانتانامو میں امریکی جیل بند کی جائے گی یا نہیں

https://p.dw.com/p/FJUX
گوانتانامو میں قائم متنازعہ امریکی جیلتصویر: AP

امریکہ میں بش انتظامیہ نے گوانتانامو میں متنازعہ امریکی جیل میں موجود دہشت گردی سے متعلق دنیا کے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے ملزمین کو ان کے وطن بھیجنا شروع تو کردیا ہے مگر اس بات کی امید اب بھی بہت کم ہے کہ گوانتانامو جیل کو اس سال کے آخر تک مکمل طور پر بند کیا جا سکے۔


گیارہ ستمبر کے دہشت گردانہ حملوں کے بعد جنوری دو ہزار دو میں قائم کی جانے والی اس جیل کو بند کرنے میں کئی طرح کی قانونی اور عملی مشکلات حائل ہیں۔ امریکی حکومت کے مطابق دو سو پچپن میں سے اسّی کے قریب قیدیوں کو خصوصی فوجی عدالتوں میں مقدمات کا سامنا ہے جب کہ ان میں سے ساٹھ کو ان کے ممالک کے حوالے کیا جا رہا ہے۔ گوانتانامو جیل میں مقیّد ایک سو پندرہ کے قریب قیدیوں کے مستقبل کے بارے میں اس وقت کوئی بات یقین سے نہیں کہی جا سکتی ہے۔

Kombo Wahlen USA John McCain und Barak Obama
گوانتانامو جیل کے قیدیوں کی قسمت کا فیصلہ امریکی صدارتی انتخابات کے زریعے طے ہونے کا امکانتصویر: AP


اس صورتِ حال کے پیش ِنظر یہ بات صاف دکھائی دیتی ہے کہ گوانتانامو بے کی جیل اور اس میں موجود قیدیوں کا مسئلہ نئی امریکی انتظامیہ کو منتقل ہو جائے گا جس کے قائم ہونے میں اب چند ماہ ہی باقی ہیں۔ رپبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار جان میک کین اور ڈیموکریٹک پارٹی کے امیدوار باراک اوباما دونوں ہی اس جیل کو بند کرنے پر متفّق ہیں۔ تاہم دونوں امیدواروں میں اس حوالے سے نظریاتی اختلافات ضرور پائے جاتے ہیں۔


باراک اوباما جان میک کین کی نسبت عراق جنگ کے بہت بڑے مخالف ہیں اور وہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کے حوالے سے امریکی پالیسی میں، گو کلّی طور پر نہیں، مگر چند ایک تبدیلیوں کے خواہش مند ضرور ہیں۔ وہ سمجھتے ہیں کہ امریکی عدالتیں گوانتانامو کے قیدیوں کے خلاف مقدمہ چلانے کی اہل ہیں۔ جان میک کین دوسری طرف گوانتانامو جیل بند تو کرنا چاہتے ہیں مگر اس حوالے سے ان کی کچھ شرائط ہیں۔


دوسری جانب امریکہ اور دنیا بھر کی انسانی حقوق کی تنظیمیں گوانتانامو جیل کو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی قرار دیتی ہیں اور اس کو فوراً بند کرنے کا مطالبہ کرتی رہی ہیں۔ اس جیل میں مقیّد قیدیوں کے اہلِ خانہ بھی گوانتانمو جیل کو بند کرنے کے لیے مہم چلاتے رہے ہیں تاہم یہ معاملہ اتنا آسان نہیں جتنا کہ نظر آتا ہے۔


گوانتانامو جیل برقرار رہے گی یا بند کردی جائے گی اس کا انحصار بڑی حد تک امریکی رائے دہندگان پر ہے جو امسال نومبر میں اپنے صدر کا انتخاب کریں گے۔