1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کیچ چھوڑنے سے پاکستان میچ ہارا: سلمان بٹ

10 اگست 2010

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان بٹ کا کہنا ہے کہ ان کی ٹیم خراب فیلڈنگ کی وجہ سے انگلینڈ سے ٹیسٹ سیریز کا دوسرا میچ ہاری ہے۔

https://p.dw.com/p/OgR9
تصویر: ap

ایجبسٹن ٹیسٹ میں نو وکٹوں سے شکست کھانے کے بعد سلمان بٹ نے فیلڈرز کی جانب سے 14 کیچ چھوڑنے پر افسوس ظاہر کیا۔’’ لڑکے جانتے ہیں کہ ہمیں جیتنے کے لئے 20 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنے کی ضرورت ہے اور اگر ہم 14 کیچ چھوڑتے ہیں تو پھر تو جیتنا مشکل ہے۔‘‘

بٹ کے مطابق اگرچہ ان 14 کیچز میں سے کچھ بہت مشکل تھے مگر دس یقینی کیچ تھے۔ انگلینڈ کے کیون پیٹرسن کی 80 رنز کی اننگز میں انہیں تین بار چانس ملا۔

پاکستان کو ایجبسٹن ٹیسٹ میں نو وکٹوں سے شکست ہوئی اور یوں انگلینڈ کو چار ٹیسٹ میچز کی اس سیریز میں دو صفر کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔ پیر کو کھیل کے چوتھے روز انگلینڈ نے ایک وکٹ کے نقصان پر 118 رنز کا ہدف کامیابی سے پورا کیا۔ انگلش کپتان اینڈریو سٹراؤس نے 53 اور جوناتھن ٹروٹ نے بھی 53 رنز بنائے۔ پاکستان کی دوسری اننگز میں چھ وکٹیں لینے والے گریم سوان کو کھیل کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

Kricket Waqar Younis
کوچ وقار یونستصویر: AP

کرکٹ کے ہر فارمیٹ میں بیٹنگ اور بولنگ کے ساتھ ساتھ فیلڈنگ کی اہمیت بھی اب انتہائی واضح ہوچکی ہے۔ اسی طرح انگلینڈ میں جسمانی علوم کے ماہر رچرڈ ہالسل اور آسٹریلیا میں بیس بال کے کوچ مائیک ینگ بطور فیلڈنگ کوچ مامور ہیں۔ جنوبی افریقہ میں یہ خدمات اپنے وقت کے بہترین فیلڈر جونٹی روڈز سر انجام دے رہے ہیں۔ پاکستان میں ابھی تک پیشہ ورانہ فیلڈنگ کوچ کا رجحان فروغ نہیں پایا ہے۔ سابق پاکستانی ٹیسٹ کرکٹر اعجاز احمد، کوچ وقار یونس کے ساتھ بحیثیت معاون کوچ ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔

سلمان بٹ نے اعجاز کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک اچھے فیلڈر رہے ہیں اور اب بھی بہت محنت کر رہے ہیں تاہم ایک سیریز میں یکدم سب کچھ بدلنا مشکل ہے۔

ایجبسٹن ٹیسٹ کے لئے وکٹ کیپر کامران اکمل کو خراب کارکردگی کی بناء پر ڈراپ کیا گیا تھا مگر ان کے متبادل ذولقرنین حیدر نے بھی تین کیچ چھوڑے۔ حیدر نے البتہ اپنے پہلے ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں ٹیم کو اچھا سہارا فراہم کیا۔ وکٹ کیپر بیٹسمین نے دو سو گیندیں کھیلیں اور 15 چوکوں کی مدد سے مشکل وقت میں 88 رنز بنائے اور اس طرح پاکستان کو اننگز شکست سے بچایا۔

ناٹنگھم ٹیسٹ میں پاکستان کو 354 رنز سے شکست ہوئی تھی۔ اگلے دو میچز میں سے ایک اوول اور دوسرا لارڈز میں کھیلا جائے گا۔

رپورٹ: شادی خان سیف/خبر رساں ادارے

ادارت: گوہر نذیر گیلانی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں