1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کیلیفورنیا کار ریسنگ حادثہ، آٹھ افراد ہلاک

15 اگست 2010

امریکی ریاست کیلیفورنیا کے جنوبی صحرا میں ہونے والی بڑی گاڑیوں کی ریس کے دوران ایک تیز رفتار ٹرک حادثاتی طور پر تماشائیوں کے ہجوم میں گھس گیا۔ اس واقعے میں آٹھ افراد ہلاک اور 12 زخمی ہو گئے۔

https://p.dw.com/p/OoDU
تصویر: AP

یہ واقعہ ہفتے کی شام سات بجکر چالیس منٹ پر پیش آیا۔ کیلیفورنیا 200 نامی یہ روایتی ریس موجیو صحرا میں منعقد کی جاتی ہے۔ اس حادثے کی تحقیقات کی ذمہ داری کیلیفورینا ہائی وے پیٹرول کے سپرد کی گئی ہیں اور اس ادارے کی ایک تفتیشی ٹیم جائے واقعہ پر موجود ہے۔

مقامی فائر ڈپارٹمنٹ کے سپیروائزر ٹِم فرانک نے صحافیوں سے بات چیت میں کہا کہ زخمیوں میں سے چار کی حالت انتہائی نازک ہے اور انہیں خصوصی ہوائی ایمبولینسوں کی مدد سے قریبی ہسپتالوں تک پہنچایا گیا ہے۔

Unglück in Kattowitz
حکام کے مطابق اس واقعے میں زخمی ہونے والے چند افراد کی حالت تشویشناک ہےتصویر: dpa

مقامی میڈیا کے مطابق یہ حادثہ ریس کے آغاز کے فورا بعد پیش آیا، جب ایک آف روڈ ٹرک اپنے ٹریک سے بھٹک کر تماشائیوں کے ہجوم سے ٹکرا گیا۔ یہ ریس ڈرائی لیک یا خشک جھیل نامی علاقے میں منقعد کی جا رہی تھی، جو لاس اینجلس سے 100 میلوں کے فاصلے پر ہے۔

لاس اینجلس ٹائمز نامی اخبار کے مطابق یہ ریس موجیو ڈیزرٹ ریسنگ MDR نامی ادارے نے منعقد کروائی تھی اور یہ ادارہ ہر سال 20 مختلف طرح کی گاڑیوں کے لئے اس طرح کی کوئی 12 ریسیں منعقد کرتا ہے۔ اخبارات کے مطابق ریسوں کے انعقاد کے حوالے سے یہ ادارہ ایک معتبر نام سمجھا جاتا ہے اور اس ادارے کی منعقد کردہ ریسوں میں سلامتی صورتحال، تحفظ اور بہتر کارکردگی کا معیار مانا جاتا ہے۔

دوسری جانب ایک مقامی ٹی وی چینل کے مطابق اس ادارے کے تحت منعقدہ گزشتہ برس کی ایک ریس کی ویڈیو سے معلوم ہوتا ہے کہ ریسنگ ٹریک تماشائیوں کے انتہائی قریب بنایا گیا تھا اور اس طرح کے حادثے کے امکانات یقینی طور پر زیادہ تھے۔ اس ٹی وی کے مطابق گزشتہ برس ریسنگ ٹریک اور تماشائیوں کے درمیان صرف پلاسٹ کی ایک دیوار حائل تھی۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : عصمت جبیں

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں