1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کیرولین ووصنیاکی: نمبر ون پوزیشن مستحکم

29 اکتوبر 2010

خواتین کے معتبر ٹورنامنٹ ڈبلیو ٹی اے چیمپیئن شپ میں کھیل کے علاوہ موجودہ عالمی نمبر ایک کی پوزیشن کو بھی کئی خطرات لاحق تھے۔ سیمی فائنل میں جگہ حاصل کر کے ووصنیاکی نے اپنی پوزیشن مستحکم کر لی ہے۔

https://p.dw.com/p/PrRB
تصویر: AP

ڈنمارک کی بیس سالہ ٹینس سٹار اور موجودہ عالمی نمبر ایک کیرولین ووصنیاکی کو سال کے آخری ٹورنامنٹ میں مسائل کا سامنا ہو گیا تھا۔ تاہم انہوں نے فرنچ اوپن کی ونر فرانسیسکا شیاوونے کو شکست دے کر خطرات کے بادل دُور کر دیے ہیں۔ خلیجی ریاست قطر کے دارالحکومت دوہا میں کھیلی جا رہی چیمپیئن شپ میں آسٹریلوی کھلاڑی سمانتھا سٹوزر کے ہاتھوں شکست کے بعد ڈنمارک کی کھلاڑی کو ٹورنامنٹ سے باہر ہونے کے علاوہ پہلی پوزیشن سے ہاتھ دھونے کے خطرات نے آن گھیرا تھا۔ ٹینس میں سال کو بطور نمبر ایک پر ختم کرنا ایک بہت بڑا اعزاز سمجھا جاتا ہے۔ اس کے لئے علیٰحدہ سے ٹرافی اور نقد انعام دیا جاتا ہے۔

فرانسیسکا شیاوونے کو ہرانے کے بعد ووصنیاکی نے سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا ہے۔ اگر وہ ٹورنامنٹ سے باہر ہو جاتیں تو روس کی ابھرتی ٹینس کھلاڑی ویرا زونوریوا یقینی طور پر پہلی پوزیشن پر براجمان ہو جاتیں۔ مارون گروپ میں روس کی ایک دوسری خاتون کھلاڑی ایلینا ڈیمینٹیوا کو پہلے میچ میں ووصنیاکی نے شکست دی تھی۔

مارون گروپ میں روسی کھلاڑی ڈیمینٹیوا نے ووصنیاکی کو ہرانے والی سٹوزر کو شکست سے دوچار کیا۔ سٹوزر اور روسی کھلاڑی کے درمیان طویل میچ کھیلا گیا تھا۔ اس میچ نے سٹوزر کے سیمی فائنل تک رسائی کے امکانات کو کم کر دیا ہے۔ ڈیمینٹیوا کا اگلا میچ اٹلی کی شیاوونے کے ساتھ ہے۔

وائٹ گروپ میں بیلجیم کی سابق عالمی نمبر ایک کم کلائسٹرز کو بیلا روس کی وکٹوریا اذا رینکا کا سامنا تھا۔ سوا دو گھنٹے کے طویل میچ میں کم کلائسٹرز کو کامیابی حاصل ہوئی۔ دوسرا سیٹ اذارینکا نے جیت کر میچ کو برابر کردیا تھا۔ اس میچ میں بھی کلائسٹرز نے پانچ گیمز جیت کر بیلا روس کی کھلاڑی کا زبردست مقابلہ کیا۔ تیسرے سیٹ کو بیلجیم کی کھلاڑی نے آسانی سے جیت کر سیمی فائنل میں اپنی جگہ بنا لی ہے۔ پہلے میچ میں اذا رینکا کو روسی کھلاڑی زونوریوا نے شکست دی تھی۔ زونوریوا ڈبلیوٹی اے چیمپیئن شپ کی پہلی کھلاڑی تھیں جنہوں نے دو میچ جیت کر سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا تھا۔

Caroline Wozniacki Tennis Dänemark U.S. Open Flash-Galerie
کیرولین ووصنیاکیتصویر: AP

دونوں گروپوں سے کھلاڑیوں نے سیمی فائنل کے کوالیفائی کر لیا ہے۔ اب جمعہ کے روز کھیلے جانے والے میچوں سے گروپ لیول پر پہلی اور دوسری پوزیشن کا تعین ہو گا۔ اسی پوزیشن سے سیمی فائنل کے ڈراز کی تکمیل ہو گی۔ مارون گروپ کی نمبر ایک کو وائٹ گروپ کی نمبر دو سے کھیلنا ہو گا۔ اسی طرح وائٹ گروپ کی نمبر ایک مارون گروپ کی نمبر دو کا سامنا کرے گی۔ چیمپیئن شپ کے دو سیمی فائنل ہفتہ کی شام کو شیڈیول ہیں۔ فائنل اتوار کو کھیلا جائے گا۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں