1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کیربر نے اپنی ہم وطن اسٹیفی گراف کی لاج رکھ لی

عابد حسین30 جنوری 2016

ٹینس کے آسٹریلین اوپن میں ویمن سنگلز کی چیمپئن شپ جرمن خاتون انجلیک کیربر نے جیت لی ہے۔ انہوں نے عالمی نمبر ایک امریکی کھلاڑی سیرینا ولیمز کو تین سیٹ کے میچ میں شکست دی۔

https://p.dw.com/p/1HmFO
انجلیک کیربر آسٹریلین اوپن کی ٹرافی کے ساتھتصویر: Getty Images/AFP/G. Wood

سن 1999 کے بعد انجلیک کیربر پہلی جرمن ٹینس خاتون کھلاڑی ہیں، جس نے کسی گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ میں کامیابی حاصل کی ہے۔ سترہ برس قبل اسٹیفی گراف کو گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ جیتنے کا اعزاز حاصل ہوا تھا۔ سن 1999 میں آج آسٹریلین اوپن جیتنے والی انجلیک کیربر صرف بارہ برس کی تھیں اور کئی کم سن جرمن ٹینس کھیلنے والی لڑکیوں کی طرح وہ بھی ریکارڈ ساز کھلاڑی اسٹیفی گراف کو اپنا آئیڈیل تصور کرتی تھیں۔ آج ہفتے کے روز کیربر نے سیرینا ولیمز کو شکست دے کر اسٹیفی گراف کے بائیس گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ کے ریکارڈ کو بچا لیا ہے۔

سیرینا ولیمز کو آسٹریلین اوپن کے فائنل میچ سے قبل ٹورنامنٹ کا فیورٹ قرار دیا جا رہا تھا اور اِس کی وجہ گزشتہ برس اُن کی مسلسل کامیابیاں اور ورلڈ نمبر ایک ہونا تھا۔ اِس کے علاوہ ان فارم وکٹوریا آذارینکا کو بظاہر ٹورنامنٹ کی ایک اور فیورٹ خیال کیا جا رہا تھا اور وہ مسلسل دو برس آسٹریلین اوپن جیتنے میں کامیاب رہی تھیں لیکن اُنہیں انجلیک کیربر نے کوارٹر فائنل مرحلے کے میچ میں حیران کن انداز میں شکست دے دی تھی۔ اِس طرح کیربر نے کوارٹر فائنل میچ کے بعد فائنل میچ میں بھی اپ سیٹ کرتے ہوئے سیرینا ولیمز کو ہرایا۔

Australien Open 2016 Damen Finale Angelique Kerber gegen Serena Williams
سن 1999 کے بعد انجلیک کیربر پہلی جرمن ٹینس خاتون کھلاڑی ہیںتصویر: Reuters/I. Kato

فائنل میچ شروع ہونے سے قبل امریکی شہر لاس اینجلس میں مقیم اسٹیفی گراف نے اپنی ہم وطن کو نصیحت کا پیغام بھی روانہ کیا تھا۔ گراف نے اپنے پیغام میں کیربر سے کہا کہ وہ اپنے کھیل پر مکمل توجہ رکھے کیونکہ عالمی نمبر ایک کو اپنے اعزاز کے دفاع کا سامنا کرتے ہوئے بھاری دباؤ درپیش ہو گا۔ آج ہفتے کے روز آسٹریلیا کے شہر میلبورن کے وسیع و عریض ٹینس کمپلیکس کے مرکزی کورٹ راڈ لیوَر ایرنیا میں سیرینا ولیمز کو پریشر کا احاس تھا اور تینوں سیٹوں میں کئی غلطیاں کرتے ہوئے پہلا اور تیسرا سیٹ وہ ہار گئیں لیکن دوسرے سیٹ میں وہ ضرور کامیاب رہی تھیں۔

آسٹریلین اوپن کا فائنل میچ کیربر نے 6-4، 3-6، 6-4 سے جیتا۔ میچ جیتنے کے بعد اُن کا کہنا تھا کہ کئی برسوں کی محنت رنگ لائی ہے اور ادھورا خواب مکمل ہونے کے بعد اب وہ فخر کے ساتھ کہہ سکتی ہیں کہ وہ گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ جیتنے کا اعزاز رکھتی ہیں۔ وہ میچ شروع ہونے سے قبل عالمی نمبر سات تھیں اور اِس شاندار جیت کے بعد وہ ٹاپ فائیو میں جگہ حاصل کرتے ہوئے عالمی نمبر چار ہو سکتی ہیں۔ فائنل میچ میں جرمن کھلاڑی نے دفاع اور جارحانہ انداز کوشاندار طریقے سے جاری رکھتے ہوئے کامیابی حاصل کی۔ وہ بائیں ہاتھ سے کھیلتی ہیں۔

اٹھائیس برس کی انجلیک کیربر جرمن شہر بریمن میں پیدا ہوئی اور آج کل پولینڈ میں رہائش اختیار کیے ہوئے ہیں۔