1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کیا جرمنی میں ویلنٹائن ڈے کو قبول کر لیا گیا ہے؟

عاطف بلوچ12 فروری 2016

امریکا اور برطانیہ کے مقابلے میں جرمنی میں ویلنٹائن ڈے منانے کا آغاز کافی بعد میں ہوا لیکن محبت کے نام سے منسوب اس دن کے حوالے سے جرمن شہروں میں ہلچل دیدنی ہے۔

https://p.dw.com/p/1HuTI
Valentinstag
تصویر: Fotolia/detailblick

جرمنی میں کارنیوال کا سیزن ختم ہو گیا ہے۔ مسخروں کے لباس میں ملبوس لوگ اب اپنا مزاحیہ لبادہ اتار کر محبت کے لطیف جذبات کو محسوس کرنے کی تیاریوں میں ہیں۔ جرمن شہر بون کے سٹی سنٹر میں لوگوں کے دل دھڑکتے ہوئے محسوس کیے جا سکتے ہیں۔ دکانوں اور ریستوانوں پر ویلنٹائن ڈے کی مختلف آفرز چسپاں نظر آ رہی ہے۔

دکاندار شہر کے لوگوں کو یہ باور کرانے کی کوشش میں کوئی سُستی نہیں کر رہے کہ ’محبت کے اقرار‘ کا دن آ چکا ہے۔ ان کی طرف سے اس کوشش کو صرف اقتصادی فائدے کے طور پر ہی دیکھا جا سکتا ہے۔

جرمنی میں امریکا کا ’پوپ کلچر‘ کافی پسند کیا جاتا ہے۔ ویلنٹائن ڈے کی مناسبت سے جرمنی میں ٹیلی وژن چینلز، ریڈیو اسٹیشنوں اور سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر ایک ہلچل نمایاں ہے۔ اسی طرح دکانوں اور مختلف مالز میں بھی صارفین کو تحفے تحائف خریدنے کی ترغیب دی جا رہی ہے۔ ویلنٹائن ڈے دراصل امریکی ثقافتی روایت ہے، جو اب دنیا بھر میں مقبول ہو چکی ہے۔

کہا جاتا ہے کہ جرمنی میں پہلی مرتبہ اس دن کو دوسری عالمی جنگ کے دوران نیورمبرگ میں تعینات ایک امریکی فوجی نے منایا تھا۔ بعدازاں پچاس کی دہائی میں جب جرمنی نے غیر معمولی اقتصادی ترقی کی تو اس دن کو بالخصوص مغربی جرمنی میں کافی پذیرائی ملی۔ شاید تباہی کے بعد ’محبت کا ایک دن‘ نفرت پر مبنی کیفیات کو تبدیل کرنے میں معاون ثابت ہو سکتا تھا۔

جرمن مؤرخ Maja Kützemeier کا کہنا ہے کہ ستر کے عشرے میں جرمنی کے مادیت پسند معاشرے میں ویلنٹائن ڈے کو اہمیت نہ مل سکی تھی۔ تب جرمنی میں محبت کرنے والوں کی طرف سے صرف پھولوں کا ایک گلدستہ ہی تحفے میں دیا جاتا تھا کیونکہ لوگوں کے نزدیک زیادہ رقوم کا خرچ مناسب نہ تھا۔

تاہم اسّی کی دہائی میں امریکی کلچر نے ایک نیا زور پکڑا اور ٹیلی وژن پروگراموں کی وجہ سے دیگر امریکی روایات کے ساتھ ساتھ ویلنٹائن ڈے بھی زیادہ مشہور اور مقبول ہونے لگا۔ دوسری طرف جرمنی کی چاکلیٹ کی صنعت نے بھی اس دن کو اقتصادی مقاصد کے لیے استعمال کرنا شروع کر دیا۔

اب ناقدین کے مطابق کئی دہائیوں بعد ویلنٹائن ڈے نے جرمن معاشرے میں اپنا مقام بنا لیا ہے۔ اس کی ایک مثال یہ بھی ہے کہ جرمن ایئر لائنز لفتھانزا نے حال ہی میں ایک پروگرام کے تحت اس دن کی مناسبت سے گلاب کے لاکھوں پھول جرمنی میں برآمد کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔ تاہم جرمنی میں ابھی بھی ویلنٹائن ڈے کے حوالے سے وہ گرمجوشی نہیں پائی جاتی، جو امریکا یا برطانیہ میں دیکھی جاتی ہے۔