1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کوہاٹ میں خونریز بم دھماکہ، کم از کم 25 افراد ہلاک

18 ستمبر 2009

پاکستان کے شمال مغربی صوبہ سرحد کے علاقے کوہاٹ کے ایک مصروف علاقے میں ایک ہوٹل پر ہونے والے خودکش بم حملے میں کم از کم 25 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/JjLm
پاکستان کا شمال مغربی صوبہشدت پسندوں کی جانب سے پرتشدد کارروائیوں کے باعث زیادہ متاثر ہوا ہےتصویر: AP

تفصیلات کے مطابق جمعہ کو ایک خودکش حملہ آور نے بارود سے بھری ایک گاڑی مقامی ہوٹل سے ٹکرا دی۔ اس حملے کے نتیجے میں ہوٹل اور متصل عمارتوں اور مکانات کو شدید نقصان پہنچا۔ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے جبکہ ہنگو روڑ عام ٹریفک کے لئے بند کر دی گئی ہے۔

امدادی کارکنوں کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں کئی قریبی مکانات منہدم ہو گئے اور ملبے تلے اب تک کئی افراد دبے ہوئے ہیں۔ مقامی حکام نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق یہ حملہ ممکنہ طور پر دو مذہبی فرقوں کے درمیان گزشتہ کچھ عرصے سے پائی جانے والی کشیدگی کا نتیجہ ہو سکتا ہے۔ جمعرات کے روز اسی علاقے میں ہونے والے ایک بم حملے میں چھ افراد زخمی ہوگئے تھے۔ اس علاقے میں شیعہ اور سنی مسلک سے تعلق رکھنے والے مسلح افراد کے درمیان جھڑپوں کے واقعات پہلے بھی کئی بار رونما ہو چکے ہیں۔ مبصرین کا خیال ہے کہ اس علاقے میں سنی مسلک سے تعلق رکھنے والے افراد کی اکثریت ہے اور ان کے طالبان عسکریت پسندوں کے ساتھ روابط بھی ہیں۔

مقامی پولیس کے مطابق بم حملے کا نشانہ بننے والا ہوٹل شیعہ مسلک سے تعلق رکھنے والے ایک فرد کی ملکیت تھا۔ مقامی میئر سید مہتاب الحسن کے مطابق اب تک 25 لاشیں نکالی جا چکی ہیں جبکہ زخمیوں کی ہسپتال منتقلی کا کام بھی جاری ہے۔ مہتاب الحسن نے بتایا کہ انتظامیہ نے قریبی ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔

رپورٹ : خبر رساں ادارے

ادارت : عاطف توقیر