1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کنٹرول لائن کے قریب بھارتی فوجی مرکز پر حملہ، 17 فوجی ہلاک

عابد حسین18 ستمبر 2016

بھارت اور پاکستان کے درمیان کشمیر پر قائم لائن آف کنٹرول کے قریبی سرحدی علاقے میں بھارتی فوج پر مشتبہ باغیوں نے حملہ کیا ہے۔ اس حملے میں ڈیڑھ درجن کے قریب بھارتی فوجی مارے گئے ہیں۔ بھارتی وزیراعظم نے حملے کی مذمت کی ہے۔

https://p.dw.com/p/1K4Mf
تصویر: picture-alliance/AP Photo/M. Khan

بھارتی فوج کے ترجمان کرنل ایس ڈی گوسوامی نے بتایا کہ حملہ آوروں نے لائن آف کنٹرول عبور کر کے پہلے سرحد پر موجود فوجیوں پر فائرنگ کی۔ ان کے مطابق جس وقت یہ حملہ کیا گیا، اُس وقت زیادہ تر فوجی سوئے ہوئے تھے۔ حملے کے بعد باغیوں اور فوجیوں میں کافی دیر تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔ بتایا گیا ہے کہ مشتبہ علیحدگی پسند باغیوں کی جانب سے کیے جانے والے اس حملے میں کم از کم سترہ فوج ہلاک ہوئے۔

یہ حملہ اڑی سیکٹر پر پیدل فوج کے مرکز پر کیا گیا۔ اڑی کا علاقہ لائن آف کنٹرول کے قریب ہے اور ضلع بارہ مولا کا حصہ ہے۔ حملے کا مقام سری نگر سے تقریباً ایک سو کلومیٹر مغرب میں واقع ہے۔ یہاں بھارتی فوج کے بارہویں انفنٹری بریگیڈ کا ہیڈکوارٹر ہے اور کئی سو فوجی سرحدی حفاظت کے لیے رکھے گئے ہیں۔

Indische Soldaten an der Grenze zwischen Indien und Pakistan
بھارت نے لائن آف کنٹرول پر فوج کو تقریباً الرٹ کر دیا ہےتصویر: picture-alliance/dpa/J. Singh

اِس بیس پر زخمی ہونے والے فوجیوں کو فوری طور پر ہیلی کاپٹر کے ذریعے ریاستی صدر مقام سری نگر منتقل کر دیا گیا ہے۔ نئی دہلی میں بھارتی وزیر دفاع نے زخمی فوجیوں کی تعداد پینتیس بتائی ہے۔

بھارتی وزارتِ داخلہ کے ایک سینیئر اہلکار کے مطابق یہ عسکریت پسندوں کا حملہ دکھائی نہیں دیتا بلکہ سرحد پار سے کی گئی فوجی کارروائی ہے۔ اس حملے کے تناظر میں بھارت کے وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے فون پر ریاستی انتظامیہ سے صورت حال بارے معلومات حاصل کرنے کے علاوہ روس اور امریکا کے اپنے دورے منسوخ کر دیے ہیں۔ وزیر داخلہ نے یہ بھی بتایا کہ حملے کے علاقے میں فوری طور پر متعین فوج کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔

پہلے پولیس کی جانب سے دو فوجیوں کی ہلاکت کا بتایا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق حملہ آور پاکستان کی جانب سے داخل ہوئے تھے۔ دو طرفہ فائرنگ میں چار حملہ آوروں کو ہلاک کرنے کا بھی بتایا ہے۔ فوج کے ترجمان کے مطابق حملہ آوروں نے اپنی ہلاکت تک فائرنگ کا سلسلہ جاری رکھا۔ عینی شاہدین کے مطابق فوجی مرکز کے اندر سے دھوئیں کے گہرے سیاہ بادل دور سے بھی اٹھتے ہوئے دیکھے گئے۔

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے اُڑی کے فوجی اڈے پر حملے کی کڑے الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اپنے ٹویٹر پیغام میں انہوں نے کہا کہ بھارتی کشمیر کے فوجی اڈے پر حملہ دہشت گردی کی ایک بزدلانہ کاررائی ہے۔ ان کے بقول وہ قوم کو یقین دلاتے ہیں کہ اُڑی کی فوجی چھاؤنی پر حملے اور ان سترہ فوجیوں کی ہلاکت میں ملوث افراد سزا سے بچ نہیں سکیں گے۔ مودی نے تمام ملوث افراد کو کیفر دار تک پہنچانے کا عزم بھی ظاہر کیا۔