کلاؤڈیا شیفر، خوبصورت جرمن سپر ماڈل
جرمنی سے تعلق رکھنے والی سپر ماڈل کلاؤڈیا شیفر کو عالمی ماڈلنگ کے منظر کا ایک حسین چہرہ قرار دیا جاتا ہے۔ انہیں ماڈلنگ کی دنیا میں قدم رکھے ہوئے تیس برس گزر گئے ہیں۔
جرمنی کی بریجیٹ باردو
کلاؤڈیا شیفر پچیس اگست سن 1970 میں جرمن صوبے نارتھ رائن فیلیا کے شہر ڈوئیس برگ کے قریبی قصبے رائن بیرگ میں پیدا ہوئیں تھیں۔ اِس وقت اُن کی عمر 47 برس ہے۔ سنہرے بالوں اور خوبصورت چہرے کی وجہ سے انہیں فرانسیسی اداکارہ بریجیٹ باردو کا جرمن نعم البدل بھی قرار دیا جاتا ہے۔ سن 2002 میں فوربز میگزین نے اُن کی دولت کا اندازہ 55 ملین امریکی ڈالر لگایا تھا۔
یورپی فیشن ڈیزائنر کی پسندیدہ ماڈل
کلاؤڈیا شیفر کو یہ اغزاز حاصل ہے کہ اُن کے پروفیشنل ماڈلنگ رویے کی وجہ سے انہیں دنیا بھر کے فیشن ڈیزائنر پسندیدگی کی نگاہ سے دیکھتے تھے۔ اس تصویر میں وہ ایک پرتگالی ڈیزائنر اینس کالہائروز کا لبباس زیل تن کیے ہوئے ہیں۔
جرمنی میں سرمایہ کاری کا چہرہ
سن 2006 میں جرمن حکومت نے بین الاقوامی سطح پر سرمایہ کاری کے فروغ کی مہم شروع کی تھی۔ اس تناظر میں تیار کی گئی اشتہاری مہم میں کلاؤڈیا شیفرنے بھی ماڈلنگ کی۔
قانون دان نہیں ماڈل گرل
تعلیم حاصل کرنے کے دور میں کلاؤڈیا شیفر کا خیال تھا کہ وہ قانون کی تعلیم مکمل کر کے بطور وکیل اپنا نام پیدا کریں گی لیکن ایسا نہیں ہو سکا۔ سترہ برس کی عمر میں سنہرے بالوں والی کلاؤڈیا شیفر کو ڈوسلڈورف کی ایک ماڈل ایجنسی نے رابطہ کر کے اُن کی تصاویر پیرس روانہ کیں اور پھر ماڈلنگ کا دروازہ اُن پر کُھل گیا۔
آرٹ کی شناخت عورت ہے
سن 2008 میں جرمن شہر لائپزگ میں ایک خاص نمائش منعقد کی گئی تھی اور اُس کا سرنامہ ’آرٹ کی شناخت عورت ہے‘ رکھا گیا تھا۔ یہ نمائش گنٹر ساکس نے پیش کی تھی۔ اس خصوصی نمائش کا مرکزی پوسٹر بھی کلاؤڈیا شیفر کے حسین چہرے سے آراستہ تھا۔ گنٹر ساکس کے اس پوسٹر کو شائقین نے بے پناہ پسند کیا تھا۔
فیشن میگزین کا پسندیدہ چہرہ
کلاؤڈیا شیفر کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اُن کی تصویر دنیا بھر کے مختلف فیشن میگزین پر ایک ہزار سے زائد مرتبہ چھاپی گئی۔ یہ ریکارڈ گینس بک آف ریکارڈ میں بھی موجود ہے۔ اس تصویر میں وہ ایک میگزین کو اٹھائے ہوئے ہیں، جس میں اُن کے ساتھ اُن کا بیٹا بھی دیکھا جا سکتا ہے۔
ماڈلنگ اور فلموں میں اداکاری
کلاؤڈیا شیفر نے تقریباً ہر فیشن برانڈ کے ساتھ فوٹو شوٹ کروایا۔ وہ اپنی شہرت کے بلندیوں پر تھیں تو انہیں فلموں میں اداکاری کی پیش کش کی گئی۔ کل ایک درجن کے قریب فلموں میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر سکی ہیں۔ اسی طرح کئی دستاویزی فلموں میں بھی انہیں کاسٹ کیا گیا۔
ماڈلنگ کے ساتھ کامیاب عائلی زندگی
کلاؤڈیا شیفر نے پیشہ ورانہ زندگی کے ساتھ ساتھ مختلف رومانس لڑانے کے بعد سن 2002 میں فلم ڈائریکٹر میتھیو وان کے ساتھ شادی رچا لی۔ پندرہ برس گزرنے کے بعد بھی کلاؤڈیا اور میتھیو ایک ساتھ کامیاب ازدواجی زندگی بسر کر رہے ہیں۔ اُن کے تین بچے ہیں۔ جن میں دو بیٹیاں اور ایک بیٹا شامل ہے۔