1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کشمير ميں پاکستانی اور بھارتی دستوں کے مابين تازہ جھڑپيں

13 جون 2018

بھارتی فوج نے دعویٰ کيا ہے کہ پاکستان کی جانب سے کی گئی مبینہ بلااشتعال فائرنگ ميں اس کے چار فوجی اہلکاروں کی ہلاکت کے بعد دونوں روايتی حريف ممالک کی افواج کے مابين اس وقت کنٹرول لائن پر فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔

https://p.dw.com/p/2zRLh
Pakistan Kaschmir Grenze zu Indien
تصویر: picture-alliance/AP Photo/A. Naveed

کشمير کے متنازعہ خطے ميں پاکستان اور بھارت کی مسلح افواج کے مابين جھڑپيں جاری ہيں۔ بھارتی حکام کا دعویٰ ہے کہ دو طرفہ فائرنگ کا سلسلہ کنٹرول لائن کی نگرانی پر مامور تين بھارتی فوجيوں کی ہلاکت کے بعد شروع ہوا، جو مبینہ طور پر پاکستانی دستوں کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں ہلاک ہوئے۔

بھارتی حکام کے مطابق تازہ ترين جھڑپ منگل اور بدھ کی درميانی شب اس وقت شروع ہوئی، جب جموں کے علاقے ميں نگرانی پر مامور ايک بھارتی فوجی کو پاکستانی دستوں نے دور سے فائرنگ کر کے نشانہ بنايا۔ جب ديگر بھارتی فوجيوں نے اپنے اس ساتھی کو بچانا چاہا اور اس کے پاس پہنچے، تو پاکستانی فوجيوں نے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ يوں ایک مسلح جھڑپ شروع ہو گئی۔ دو بھارتی اہلکاروں نے اپنی شناخت مخفی رکھتے ہوئے يہ اطلاع دی ہے۔ ان کے بقول تين بھارتی فوجی موقع پر ہی ہلاک ہو گئے جبکہ ايک کچھ دير بعد دم توڑ گيا۔ جھڑپ ميں تين بھارتی فوجی زخمی بھی ہوئے۔ يہ امر اہم ہے کہ بھارتی فوج کا الزام ہے کہ فائرنگ پاکستانی فوجيوں کی جانب سے شروع کی گئی تھی اور وہ محض جوابی کارروائی کر رہے تھے۔

فوری طور پر پاکستان نے اس تازہ بھارتی الزام اور جھڑپوں کی اطلاعات پر کوئی رد عمل ظاہر نہيں کيا۔

جوہری ہتھياروں کی حامل جنوبی ايشيائی رياستوں پاکستان اور بھارت کے باہمی تعلقات ايک عرصے سے خراب ہيں۔ کشمير کے کچھ حصے پر بھارتی کنٹرول ہے اور کچھ پر پاکستان کا۔ نئی دہلی حکومت کا الزام ہے کہ پاکستان کی جانب سے کشمير ميں سن 1980 کی دہائی کے اواخر سے جاری عليحدگی پسند تحريک کی عسکری حمايت جاری ہے۔ اسلام آباد حکومت اس الزام کو مسترد کرتی ہے۔ دريں اثناء عليحدگی پسند تحريک اور اس کے انسداد کے ليے سن 1989 سے جاری بھارتی فوجی کارروائيوں ميں اب تک قريب ستر ہزار افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بيٹھے ہيں۔ ان میں بہت بڑی اکثريت کشمیری شہريوں کی تھی۔

مسئلہ کشمير پر برلن میں دستاویزی فلم کی نمائش

ع س/ م م، نيوز ايجنسياں