1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کشمير ميں حالات پھر کشيدہ: ہلاکتيں، ہڑتال اور کرفيو

عاصم سلیم
28 جنوری 2018

بھارتی زير انتظام کشمير ميں فوج کے ہاتھوں دو نوجوانوں کی ہلاکت کے تناظر ميں عليحدگی پسندوں کی کال پر اتوار کو تمام دکانيں اور کاروباری مراکز بند رکھے گئے۔ سری نگر ميں کئی مقامات پر کرفيو بھی نافذ ہے۔

https://p.dw.com/p/2reYr
Indien Frau mit Kind in Kashmir Symbolbild
تصویر: Imago/Pacific Press Agency

بھارتی زير انتظام کشمير کے مختلف خطوں ميں مسلح پوليس اہلکار اور نيم فوجی دستے پہرہ دے رہے ہيں جبکہ مرکزی شہر سری نگر کے پرانے حصے ميں کئی مقامات پر کرفيو بھی نافذ ہے۔ حکام نے يہ اقدامات ممکنہ بھارت مخالف مظاہروں اور کسی ناخوش گوار واقعے سے نمٹنے کے ليے اٹھائے ہيں۔

ايک روز قبل شوپياں نامی علاقے ميں دو نوجوانوں کی ہلاکت اور کم از کم نو افراد کے زخمی ہونے کے بعد علاقے ميں حالات کشيدہ ہيں۔ کشميری نوجوان فوجی اہلکاروں کی فائرنگ کے سبب ہلاک ہوئے۔ بھارتی فوج کا کہنا ہے کہ اہلکاروں نے اپنے دفاع ميں گولی چلائی کيونکہ مظاہرين پتھراؤ کر رہے تھے۔ اس واقعے ميں بھارتی فوج کی چار گاڑيوں کو بھی نقصانات پہنچا۔ اس کے برعکس مقامی افراد کا کہنا ہے کہ ہفتے ستائيس جنوری کو فسادات اس وقت شروع ہوئے، جب فوجيوں نے ايک ديہات ميں آ کر ان پوسٹرز کو ہٹانا شروع کر ديا، جن کے ذريعے حال ہی ميں ہلاک ہونے والے مقامی نوجوانوں کو خراج عقيدت پيش کيا گيا تھا۔ لوگوں نے بھارت مخالف نعرے لگائے اور پھتراؤ کيا، جس کے جواب ميں بھاتی فوجيوں نے گولياں چلا ديں۔

کشمير کے مختلف حصوں کا انتظام جنوبی ايشيا کے روايتی حريف ممالک پاکستان اور بھارت کے ہاتھوں ميں ہے۔ دونوں ہی ممالک اپنے اپنے انتظام ميں موجود کشميری علاقے پر اپنا حق ظاہر کرتے ہيں۔ بھارت کے خلاف سن 1989 سے مسلح عليحدگی پسند تحريک جاری ہے۔ باغيوں کا مطالبہ ہے کہ کشمير کو بھارت سے عليحدہ کيا جائے۔

اتوار اٹھائيس جنوری کی ہڑتال سے قبل حکام نے کشمير کے جنوبی حصوں ميں موبائل ٹيلی فونز پر انٹرنيٹ کی سہولت کاٹ دی تھی جبکہ ديگر حصوں ميں انٹرنيٹ کی رفتار کافی محدود کر دی گئی تھی۔ يہ امر اہم ہے کہ بھارت مخالف مظاہروں اور کشيدہ ماحول ميں اکثر ايسا ہی کيا جاتا ہے۔ اس اقدام کا مقصد لوگوں کو ٹيلی فونز کے ذريعے احتجاج منعقد کرنے سے روکنا ہے۔ حکومت نے متعلقہ بھارتی فوجيوں کے خلاف رپورٹ درج کرتے ہوئے تحقيقات کا حکم دے ديا ہے۔

مسئلہ کشمير پر برلن میں دستاویزی فلم کی نمائش