1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کرکٹ: پاکستان کی پوزیشن مزید مستحکم

23 مئی 2011

سینٹ کیٹس ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن کے اختتام پر پاکستانی ٹیم نے میزبان ٹیم پر 251 رنز کی برتری حاصل کر لی ہے۔ پاکستانی ٹیم نے اپنی دوسری اننگز میں تین کھلاڑیوں کے نقصان پر 202 رنز بنا لیے ہیں۔

https://p.dw.com/p/11LSe
محمد حفیظتصویر: picture alliance/dpa

پہلی اننگز میں صرف 11رنز کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہو جانے والے پاکستانی اوپنر توفیق عمر دوسری اننگز میں عمدہ کھیل کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے 97 رنز بنائے ہیں اور ناٹ آؤٹ ہیں۔ تیسرے دن کے اختتام پر کپتان مصباح الحق ان کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔ ان کا انفرادی اسکور 13 ہیں۔

پہلی اننگز کے مقابلے میں پاکستانی کھلاڑیوں نے اپنی دوسری اننگز میں قدرے محتاط اور بہتر بلے بازی کا مظاہرہ کیا۔ محمد حفیظ اور توفیق عمر نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 82 رنز جوڑے۔ محمد حفیظ 32 کے انفرادی اسکور پر سامی کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔ ان کے بعد ون ڈاؤن بلے باز اظہر علی نے بھی اچھی کارکردگی دکھائی۔ وہ 53 رنز بنا کر دیویندر بیشو کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ دوسری وکٹ کی شراکت میں اظہر علی اور توفیق عمر نے 76 رنز بنائے۔ اگرچہ ٹو ڈاؤن کھلاڑی اسد شفیق چار رنز بنا کر جلد ہی آؤٹ ہو گئے لیکن بعد ازاں مصباح الحق اور توفیق عمر نے ایک مرتبہ پھر ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کا اسکور 202 تک پہنچا دیا۔

عبدالرحمان نے تین وکٹیں حاصل کیں
تصویر: APImages

ویسٹ انڈیز کی طرف سے بیشو، سامی اور روش نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ تیسرے دن ، جب ویسٹ انڈیز نے اپنی پہلی اننگز کے اسکور 184 آٹھ کھلاڑی آؤٹ پر کھیل شروع کیا تو خُمیر روش اور روی رام پال نے نویں وکٹ کی شراکت میں 60 رنز کی پارٹنر شپ بنا کر اپنی ٹیم کو شدید مشکلات سے باہر نکال لیا۔ روش 29 رنز بنا کر سعید اجمل کی گیند پر آؤٹ ہوئے جبکہ رام پال نے ناقابل شکست اننگز کھیلتے ہوئے 32 رنز بنائے اور ویسٹ انڈیز کو مجموعی اسکور 223 تک پہنچا دیا۔ اس طرح پاکستان کو 49 رنز کی برتری پہلے ہی حاصل ہو گئی۔

پاکستان کی طرف سے سعید اجمل، محمد حفیظ اور عبدالرحمان نے تین تین جبکہ وہاب ریاض اور تنویر احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ تیسرے دن کے اختتام پر پاکستان نے ویسٹ انڈیز پر مجموعی طور پر 251 رنز کی برتری حاصل کر لی ہے۔ ناقدین کے بقول پاکستانی ٹیم کے پاس بہترین موقع ہے کہ وہ اس میچ میں جیت کر دو ٹیسٹ میچوں کی یہ سیریز برابر کر دے۔ خیال رہے کہ پہلے ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو شکست سے دوچار کیا تھا۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں