1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کرکٹ ورلڈ کپ: پاکستان اور کینیا مدمقابل

23 فروری 2011

کرکٹ ورلڈ کپ کا چھٹا میچ آج گروپ اے کی ٹیموں پاکستان اور کینیا کے درمیان سری لنکا کے شہر ہمبن توتا میں کھیلا جا رہا ہے۔ پاکستانی کپتان شاہد آفریدی نے اس میچ میں جیت کی اُمید ظاہر کی ہے۔

https://p.dw.com/p/10M8b
کینیا قبل ازیں نیوزی لینڈ سے ہار چکا ہےتصویر: dapd

سری لنکا کے شہر ہمبن توتا میں منگل کو ایک نیوز کانفرنس سے خطاب میں پاکستانی ٹیم کےکپتان شاہد آفریدی نے کہا کہ ان کی ٹیم بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا، ’اننگز کا آغاز احمد شہزاد اور محمد حفیط کریں گے اور اگر ہماری پہلی وکٹ جلد گر گئی تو ہمارے پاس کامران اکمل ہے، وہ ایک جارح بیٹسمین ہے۔ ہمیں اس کا فائدہ رہے گا۔‘

شاہد آفریدی نے مزید کہا، ’’اس کا انحصار باقی اوورز پر ہوگا اور اسی بنیاد پر یونس خان کے بعد عمر اکمل کو لایا جائے گا۔‘‘

شاہد آفریدی نے مزید کہا، ’’ہم نارمل کھیل کا مظاہرہ کریں گے۔ ہمارے پاس شہزاد، حفیظ اور کامران اکمل جیسے جارحانہ کھیل پیش کرنے والے کھلاڑی ہیں اور وہ سرکل کا استعمال جانتے ہیں۔ ہم تو بس کھیل کو سادہ رکھیں گے۔‘‘

گروپ اے کی دیگر ٹیموں میں نیوزی لینڈ، سری لنکا، آسٹریلیا، زمبابوے اور کینیڈا شامل ہیں۔ کینیا سمیت یہ تمام ٹیمیں ورلڈ کپ کا ایک ایک میچ کھیل چکی ہیں جبکہ پاکستان کے لیے آج ٹورنامنٹ کا پہلا میچ ہے۔

اس گروپ کے پوائنٹس ٹیبل پر نیوزی لینڈ سرفہرست ہے۔ سری لنکا دوسرے جبکہ آسٹریلیا تیسرے نمبر پر ہے۔ زمبابوے کا نمبر چوتھا، کینیڈا کا چھٹا، کینیا کا ساتواں جبکہ پاکستان کوئی میچ نہ کھیلنے کی وجہ سے آخر میں ہے۔ تاہم بدھ کے میچ میں بالخصوص پاکستان کی جیت کی صورت میں پوائنٹس ٹیبل میں واضح تبدیلی ہو سکتی ہے۔

Flash Galerie Cricket World Cup Australia Zimbabwe
آسٹریلیا زمبابوے کو ہرا چکا ہےتصویر: AP

اس گروپ کے قبل ازیں کھیلے گئے میچز میں آسٹریلیا اور زمبابوے کا مقابلہ اکیس فروری کو بھارتی شہر احمد آباد میں ہوا۔ آسٹریلیا نے یہ میچ 91 رنز سے جیتا۔

اس گروپ کے آئندہ معرکوں میں جمعہ پچیس فروری کو آسٹریلیا کا سامنا نیوزی لینڈ سے ہو گا۔ یہ میچ بھارت کے شہر ناگپور میں کھیلا جائے گا۔ اس کے اگلے ہی دِن ہفتہ کو سری لنکا اور پاکستان کا میچ کولمبو میں ہوگا جبکہ آئندہ ہفتے پیر اٹھائیس فروری کینیڈا اور زمبابوے ناگپور میں آمنے سامنے ہوں گے۔

کرکٹ ورلڈ کپ کا ساتواں میچ جمعرات کو گروپ بی کی ٹیموں جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں کھیلا جائے گا۔

رپورٹ: ندیم گِل/خبررساں ادارے

ادارت: امتیاز احمد

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں