1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کرکٹ ورلڈ کپ: زمبابوے کو ہرا کر پاکستان دوسرے مرحلے میں

15 مارچ 2011

کرکٹ ورلڈ کپ 2011ء کے سلسلے میں کھیلے جانے والے گروپ اے کے ایک میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو سات وکٹوں سے شکست دے کر دوسرے مرحلے میں اپنی جگہ بنا لی ہے۔

https://p.dw.com/p/10ZAl
تصویر: picture alliance/dpa

سری لنکا کے پالے کیلے اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس میچ میں زمبابوے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ بارش کی وجہ سے دو مرتبہ روکے جانے والے اس میچ میں زمبابوے کی ٹیم 39.4 اوور میں سات وکٹوں کے نقصان پر 151 رنز بنا پائی۔ عمر گل نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ عبدالرزاق، شاہد آفریدی، وہاب ریاض اور محمد حفیظ کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

بارش سے کی وجہ سے میچ جب دوسری مرتبہ رکا تو ورلڈ کپ منتظمین نے زمبابوے کی اننگز ختم کرنے کا اعلان کردیا اور ڈک ورتھ لوئس کا طریقہ کار استعمال کرتے ہوئے پاکستانی ٹیم کو 38 اوورز میں جیت کے لیے 162 رنز کا ہدف دیا گیا۔ پاکستانی کھلاڑیوں نے یہ ہدف 34.1 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

پاکستان کی طرف سے سب سے زیادہ انفرادی اسکور اسد شفیق نے بنایا۔ وہ 78 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔ ان کی اننگز میں سات چوکے بھی شامل تھے۔ اوپنر محمد حفیظ دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین تھے تاہم وہ اس حوالے سے بدقسمت رہے کہ نصف سنچری تک نہ پہنچ پائے۔ انہوں نے 49 رنز اسکور کیے۔ میچ کا بہترین کھلاڑی عمر گُل کو قرار دیا گیا ۔

پیر 14 مارچ کو دوسرا میچ بنگلہ دیش کے شہر چٹاگانگ میں کھیلا گیا۔ گروپ بی کے اس اہم میچ میں میزبان بنگلہ دیش کا مقابلہ ہالینڈ سے تھا۔ جسے بنگلہ دیش نے باآسانی چھ وکٹوں سے جیت لیا۔

ہالینڈ کے کپتان پیٹر بورین نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، تاہم یہ فیصلہ کچھ زیادہ سود مند ثابت نہ ہوسکا۔ ان کی ٹیم 42.2 اوورز میں 160 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹ گئی۔ عبدالرزاق نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

بنگلہ دیش کی اننگز کا آغاز بھی کچھ زیادہ اچھے انداز سے نہ ہوا اور ان کے اوپننگ بیٹسمین تمیم اقبال بغیر کوئی رن بنائے ایک کے مجموعی اسکور پر مدثر بخاری کے ہاتھوں اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔ تاہم ان کے بعد آنے والے کھلاڑیوں نے جم کر ہالینڈ کی بولنگ کا مقابلہ کیا اور 41.2 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر اسکور کو 166 تک پہنچا دیا۔ اس جیت میں عمرالقیس کے 73 رنز نے اہم کردار ادا کیا۔ وہ ناٹ آؤٹ رہے۔ اس میچ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز بھی انہی کے حصے میں آیا۔

Flash-Galerie Cricket World Cup 2011
بنگلہ دیش نے ہالینڈ کو ہرا دیاتصویر: DW

19 فروری سے شروع ہونے والے کرکٹ ورلڈ کپ 2011ء کی پوائنٹس ٹیبل کی صورتحال کچھ یوں ہے۔

گروپ اے میں نیوزی لینڈ آٹھ پوائنس کے ساتھ سرفہرست ہے، جبکہ پاکستان کے پاس بھی آٹھ ہی پوائنٹس ہیں تاہم رن ریٹ کی بنیاد پر اس کی پوزیشن دوسری ہے۔ تیسرے نمبر پر سات پوائنٹس کے ساتھ سری لنکا جبکہ چوتھے نمبر پر سات ہی پوائنٹس کے ساتھ آسٹریلیا ہے۔ تاہم نیوزی لینڈ، سری لنکا اور پاکستان کے پانچ پانچ میچوں کے برعکس آسٹریلیا نے اب تک چار میچ کھیلے ہیں۔

گروپ بی میں بھارت پانچ میچ کھیل کر پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے۔ اس کے پاس سات پوائنٹس ہیں۔ ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقہ چار چار میچ کھیل کر بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن پر موجود ہیں۔ دونوں ٹیموں کے چھ چھ پوائنٹس ہیں۔ بنگلہ دیش کی ٹیم بھی چھ پوائنٹس کے ساتھ ہی چوتھی پوزیشن پر موجود ہیں، تاہم اس نے پانچ میچ کھیلے ہیں۔

منگل کو ایک میچ شیڈول ہے۔ گروپ بی کے سلسلے میں کھیلے جانے والا یہ میچ آئرلینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان ہو گا۔

رپورٹ: افسراعوان

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں