1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کراناخ کی شاہکار پینٹنگ خریدنےکےلئے چندےکی اپیل

14 نومبر 2010

فرانسیسی دارالحکومت پیرس کے مشہور زمانہ عجائب گھر لُوور نے ایک ملین یورو چندہ جمع کرنے کی مہم شروع کر دی ہے تاکہ 16 ویں صدی کے ایک جرمن مصور کی بنائی ہوئی ایک شاہکار پینٹنگ خریدی جا سکے۔

https://p.dw.com/p/Q84Q
تصویر: AP

تقریباﹰ 1.4 ملین امریکی ڈالر کے برابر چندے کی یہ رقم جمع کرنے کے لئے لُوور کی انتظامیہ نے فنون لطیفہ کے شائقین کی رہنمائی کی خاطر ایک خصوصی ویب سائٹ بھی متعارف کرا دی ہے۔

Mona Lisa zieht um in Louvre
اسی میوزیم میں شہرہ آفاق تصویر مونا لیزا بھی آویزاں ہےتصویر: AP

Renaissance دور کی یہ پینٹنگ جرمن مصور Lucas Cranach The Elder نے بنائی تھی اور اسے The Three Graces کا نام دیا گیا تھا۔ اس وقت صدیوں پرانی یہ پینٹنگ اس فن پارے کے ایسے مالکان کے پاس ہے، جو 1932 سے اس کے مالک ہیں۔

لوکاس کراناخ کی اس شاہکار تخلیق کے مالکان اسے بیچنے پر آمادہ تو ہیں لیکن وہ اس کے لئے چار ملین یورو طلب کر رہے ہیں۔ پیرس کا لُوور عجائب گھر، جو اس پینٹنگ کو خریدنے کی شدید خواہش رکھتا ہے، اب تک اس رقم کا تین چوتھائی حصہ جمع کر چکا ہے اور باقی ماندہ ایک ملین یورو کے لئے اب اس میوزیم کی طرف سے چندے کی اپیل جاری کر دی گئی ہے۔

اس بارے میں لُوور عجائب گھر کے صدر ہینری لوئریٹ نے کہا کہ لوکاس کراناخ کے اس فن پارے کو فرانس میں مصوری کے بیش قیمت قومی ذخیرے کا حصہ بنانے کے لئے بس ایک آخری کوشش درکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ لُوور نے عام لوگوں کو چندے کی ترغیب دینے کے لئے فرانسیسی زبان میں ایک خصوصی ویب سائٹ بھی متعارف کرا دی ہے، جس کا پتہ ہے: www.troisgraces.fr

Louvre bei Nacht
اس عجائب گھر کی رات میں لی گئی ایک تصویرتصویر: AP

لوکاس کراناخ کی 1531 میں بنائی گئی یہ پینٹنگ دراصل فن مصوری کا چھوٹے سائز کا ایک ایسا نمونہ ہے، جو ہمیشہ ہی سے نجی ملکیت میں رہا ہے۔ اس پینٹنگ میں ایک سیاہ پس منظر میں تین ایسی خواتین دکھائی گئی ہیں، جنہوں نے صرف نیکلس پہن رکھے ہیں اور جن کے سامنے اس تصویر میں نظر آنے والی مرکزی شے ایک سرخ ہیٹ ہے۔

اس تصویر کے بارے میں قائم کی گئی ویب سائٹ کے مطابق The Three Graces میں اس کے خالق نے اپنے فن اور مہارت کا حیران کن مظاہرہ کیا ہے۔ یہ فن مصوری کا ایک بہت ہی نایاب نمونہ ہے، جو آج تک بہت متاثر کن حالت میں محفوظ رکھا گیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ لُوور کی انتظامیہ یہ پینٹنگ حاصل کرنے کے بعد اسے قومی خزانے کا درجہ دینا چاہتی ہے۔

اس ویب سائٹ کے ذریعے چندہ دینے والوں کو اگلے سال جنوری کے آخر تک کا وقت دیا گیا ہے۔ کوئی بھی ڈونر جتنی بھی رقم چاہے، عطیہ کر سکتا ہے۔ بعد میں ایسے تمام افراد کے نام اس فن پارے کی خرید کے لئے تعاون کرنے والوں کی ایک باقاعدہ فہرست کے طور پر اسی ویب سائٹ پر شائع کئے جائیں گے۔

رپورٹ: مقبول ملک

ادارت: عاطف توقیر

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں