1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کاچنسکی نے انتخابات میں شکست تسلیم کر لی

5 جولائی 2010

پولینڈ کے صدارتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں برونسواف کوموروفسکی کو برتری حاصل ہونے کےبعد یاروسواف کاچنسکی نے شکست تسلیم کر لی ہے۔ کوموروفسکی اب تک سامنے آنے والے نتائج کے مطابق 50 فیصد سے زائد ووٹ حاصل کر چکے ہیں۔

https://p.dw.com/p/OAaO
یاروسواف کاچنسکیتصویر: AP

اس کے مقابلے میں کاچنسکی کو 48 فیصد سے کچھ زائد ووٹ مل سکے ہیں۔ کوموروفسکی نے اپنے حامیوں سے خطاب کے موقع پر کہا کہ ووٹوں کی گنتی جاری ہے، لیکن فتح یقینی ہے۔ اس کے کچھ ہی دیر بعد کاچنسکی نے کوموروفسکی کو جیت پر مبارکباد دی۔

انتخابات کے پہلے مرحلے میں کوموروفسکی کو 41.5 فیصد اور کاچنسکی کو 36.5 فیصد ووٹ ملے۔ دوسرے مرحلے کے انتخابات کے سرکاری نتائج کا اعلان پیر کو کیا جا رہا ہے۔

Bronislaw Komorowski NO FLASH
برونسواف کوموروفسکیتصویر: AP

برونسواف کوموروفسکی حکمراں سوک پلیٹ فارم پارٹی کے رکن ہیں۔ وہ پارلیمانی اسپیکر رہے۔ کاچنسکی کا تعلق اپوزیشن لاء اینڈ جسٹس پارٹی سے ہے۔

کاچنسکی پولینڈ کے سابق صدر لیخ کاچنسکی کے جڑواں بھائی ہیں، جو رواں برس اپریل میں طیارے کے ایک حادثے میں ہلاک ہو گئے تھے۔ ان کی موت کے بعد صدر کے انتخاب کے لئے جون میں پولنگ ہوئی، جس میں کوئی بھی امیدوار واضح برتری حاصل کرنے میں ناکام رہا، جس کے بعد انتخابات کا دوسرا مرحلہ منعقد کرایا گیا ہے۔ جون کے انتخابات میں دس اُمیدواروں نے حصہ لیا۔

پولینڈ کے صدارتی انتخابات کو ملک میں اقتصادی اصلاحات کے تعین اور مستقبل میں یورپی یونین کے اتحادیوں اور روس کے ساتھ پولینڈ کے تعلقات وضع کرنے کے لئے اہم قرار دیا گیا ہے۔

Bronislaw Komorowski Stimmung
یاروسواف کاچنسکی کے حامیتصویر: AP

ابتدا سے ہی قائم مقام صدر برونسواف کوموروفسکی اور یاروسواف کاچنسکی اہم امیدوار رہے۔ رائے عامہ کے جائزوں کے مطابق بھی دیگر آٹھ امیدواروں پر ان کی سبقت پہلے سے ہی ظاہر ہو گئی تھی۔ دونوں ہی قدامت پسند کیتھولک مسیحی ہیں۔ تاہم متعدد معاملات پر تقسیم ہیں۔

پولینڈ کے صدر لیخ کاچنسکی کا طیارہ رواں برس دس اپریل کو روس کے ایک مغربی علاقے میں گر کر تباہ ہو گیا تھا۔ اس حادثے میں ان کے ساتھ دیگر 95 افراد بھی ہلاک ہوئے، جن میں ان کی اہلیہ اور پولینڈ کے اعلیٰ سیاسی اور عسکری عہدے دار بھی شامل تھے۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: عدنان اسحاق

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں