1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کامن ویلتھ گیمز: آسٹریلیا نے ہاکی میں بھارت کو ہرا دیا

14 اکتوبر 2010

کامن ویلتھ گیمز میں ہاکی مقابلوں کے فائنل میں آسٹریلیا نے بھارت کو آٹھ صفر سے شکست دے کر اپنے ٹائٹل کا دفاع کر لیا ہے۔

https://p.dw.com/p/PdzO
بھارتی شائقین کو آخر کار ہاکی میں شکست دیکھنی پڑیتصویر: AP
بھارتی سپورٹرز سے بھرے میجر دیال چند نیشنل سٹیڈیم میں میزبان ٹیم کھیل کے آغاز سے اختتام تک بے بس ہی نظر آئی۔

آسٹریلیا نے کامن ویلتھ گیمز میں کھیلے گئے ہاکی کے مقابلوں میں مسلسل چوتھی مرتبہ گولڈ میڈل جیتنے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ کلینڈر ایئر میں آسٹریلوی ہاکی ٹیم نے تین بڑے اعزاز حاصل کئے ہیں، جن میں کامن ویلتھ گیمز میں گولڈ میڈل کے علاوہ عالمی کپ اور چیمپیئنز ٹرافی بھی شامل ہے۔

جمعرات کو جب بھارتی ٹیم میدان میں اتری تو آسٹریلوی کھلاڑیوں نے جارحانہ کھیل پیش کیا اور بھارت کے دفاع کو تہس نہس کر دیا۔ سٹیڈیم میں انیس ہزار تماشائیوں میں بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ بھی موجود تھے، جو بھارتی ٹیم کی کارکردگی سے نہایت مایوس دکھائی دے رہے تھے۔

پہلے انیس منٹ بھارتی ٹیم نے اچھی مزاحمت دکھائی تاہم جب آسٹریلیا نے پہلا گول کیا تو ماحول ہی بدل گیا۔ پھر بھارتی گول پوسٹ پر پے در پے حملے ہوئے اور میچ کے اختتام پر سکور آٹھ صفر تھا۔

بھارتی سٹرائیکر ارجن نے بھی اعتراف کیا کہ انہوں نے کھیل کے ابتدائی پندرہ منٹ اچھا کھیل پیش کیا تاہم آسٹریلیا کے پہلے دو گولوں کے بعد لڑکے دباؤ میں چلے گئے اور پھر کھیل میں دوبارہ واپس نہ آ سکے۔ بھارت نے سیمی فائنل میں برطانیہ کی مضبوط ٹیم کو شکست دی تھی جبکہ اس سے قبل پاکستان کو بھی ہرایا تھا۔

Flash-Galerie Indien Commonwealth Games Delhi 2010
بھارتی ٹیم نے سیمی فائنل میں برطانیہ کو شکست دی تھیتصویر: AP

میچ کے بعد آسٹریلوی کپتان Jamie Dwyer نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ بہت زیادہ خوش ہیں اورتمام آسٹریلوی کھلاڑیوں نےعمدہ کھیل پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی ٹیم بھرپور فارم میں تھی۔ ’’یہ ستائش ہی ہو گی کہ ہم اتنے بڑے مارجن سے جیتے۔ بھارتی کھلاڑیوں کی بدقسمتی رہی کہ وہ ایک گول بھی نہ کر سکے۔ شاید وہ اپنے گزشتہ دو سخت مقابلوں کے بعد تھکے ہوئے تھے۔‘‘

تیسری اور چوتھی پوزیشن کے لئے کھیلے گئے ایک میچ میں یورپی چیمپیئن برطانیہ نے نیوزی لینڈ کو پنلٹی شوٹ آؤٹ پر پانچ تین سے شکست دی۔ یہ میچ اضافی وقت کے بعد بھی تین تین گول سے برابر رہا تھا۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں