1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کامران اکمل ابوظہبی ٹی ٹوئنٹی سکواڈ میں شامل نہیں

8 فروری 2010

آسٹریلیا میں مسلسل نو میچوں میں عبرتناک شکست کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل کو ابوظہبی ٹوئنٹی ٹوئنٹی سیریز کے لئے چودہ رکنی سکواڈ میں شامل نہیں کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/LvgP
پاکستانی وکٹ کیپر کامران اکملتصویر: AP

’پی سی بی‘ نے کوچ انتخاب عالم کو بھی ابوظہبی دورے کے لئے قومی کرکٹ ٹیم کے ساتھ نہ بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایسی قیاس آرائیاں زوروں پر ہیں کہ انتخاب عالم کو ان کے عہدے سے ہٹا دیا جائے گا تاہم ابھی تک حکام یہ کہہ رہے ہیں کہ عالم کو برطرف نہیں کیا گیا ہے۔

پی سی بی کے چیف آپریٹنگ افسر وسیم باری نے بتایا: ’’انتخاب عالم کو ہٹایا نہیں گیا ہے۔ ابھی تک ان کے بارے میں کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے تاہم ایسا جلد ہی کر لیا جائے گا۔‘‘ وسیم باری کے مطابق وکٹ کیپر کامران اکمل ٹیم کے اہم رکن ہیں اور یہ کہ انہیں ابوظہبی سیریز کے لئے ڈراپ نہیں کیا گیا بلکہ آرام دیا گیا ہے۔

Pakistan Sport Cricket Abdul Razzaq
انجری کے بعد آل راوٴنڈر عبدالرزاق کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہےتصویر: AP

پاکستانی ٹیم شعیب ملک کی قیادت میں ابوظہبی میں انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کے دو میچ کھیل رہی ہے۔ دو میچوں پر مشتمل اس سیریز کا پہلا میچ انیس جبکہ دوسرا بیس فروری کو کھیلا جائے گا۔ شاہد آفریدی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے اصل کپتان ہیں تاہم آسٹریلیا میں بال ٹیمپرنگ کے باعث ان پر دو میچوں کی پابندی عائد کر دی گئی تھی۔ اسی پابندی کے باعث آفریدی آسٹریلیا کے خلاف میلبورن میں ٹی ٹوئنٹی میچ میں شرکت نہیں کر سکے تھے اور اب وہ ابوظہبی میں انگلینڈ کے خلاف پہلے میچ میں بھی نہیں کھیل سکیں گے۔

پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں کئی تبدیلیاں کی ہیں۔ آل راوٴنڈر عبدالرزاق کی واپسی ہوئی ہے، انہیں نوید الحسن رانا کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ سکواڈ میں دو نوجوان فاسٹ بولرز وہاب ریاض اور محمد طلحہ کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

Mohammad Asif
متحدہ عرب امارات حکام کی طرف سے محمد عاصف پرسفری پابندی عائد ہےتصویر: AP

ٹیم کے اہم فاسٹ بولرز محمد آصف اور محمد عامر ابوظہبی سیریز میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔ محمد آصف پر متحدہ عرب امارات کے حکام کی طرف سے سفری پابندی عائد ہے جبکہ عامر گروئن انجری کے شکار ہیں۔ آصف کو افیون رکھنے کے الزام میں جون دو ہزار آٹھ میں دبئی ایئر پورٹ پر انیس روز تک حراست میں رکھا گیا تھا۔ حکام نے ان پر سفری پابندی ختم کرنے کی پاکستانی درخواست مسترد کر دی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے آسٹریلیا میں تین میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز، پانچ میچوں پر مبنی ون ڈے سیریز اور ایک میچ کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کلین سویپ کی وجوہات جاننے کے لئے ایک چھ رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ اس سلسلے میں کپتان محمد یوسف اور ٹیم منیجر عبدالرقیب کو جمعہ اور ہفتے کے روز کمیٹی کے سامنے پیش ہونا پڑا۔ آسٹریلیا میں وائٹ واش کے بعد ٹیم کے چیف سلیکٹر اقبال قاسم اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے تھے۔

ابوظہبی سیریز کے لئے پاکستانی سکواڈ میں شامل چودہ کھلاڑیوں کے نام: شعیب ملک )کپتان(، عمران نذیر، عمران فرحت، خالد لطیف، عمر اکمل، فواد عالم، شاہد آفریدی، عبدالرزاق، سرفراز احمد، عمر گل، سعید اجمل، یاسر عرفات، وہاب ریاض اور محمد طلحہ۔

رپورٹ: گوہر نذیر گیلانی

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں