1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ڈیموکریٹک پارٹی کنونشن: اوباما بطور صدارتی امیدوار دوبارہ نامزد

6 ستمبر 2012

امریکی ریاست شمالی کیرولینا کے سب سے بڑے شہر شارلٹ میں ڈیموکریٹک پارٹی کے مرکزی کنونشن کا آج آخری دن ہے۔ اس کنونشن میں پارٹی کی جانب سے باراک اوباما کو دوبارہ صدارتی امیدوار کے طور پر نامزد کر دیا گیا ہے۔۔

https://p.dw.com/p/164AM
تصویر: Reuters

امریکا کے سابق صدر بل کلنٹن شارلٹ میں منعقدہ ڈیموکریٹک پارٹی کے مرکزی کنونشن میں اوباما کی نامزدگی کے موقع پر خاص طور پر بہت سرگرم دیکھے گئے۔ بدھ کی شام انہوں نے ہزاروں افراد کے سامنے باراک اوباما کی نامزدگی کا اعلان کیا۔ سابق امریکی صدر نے پرجوش حاضرین کے سامنے ڈیموکریٹک پارٹی کی ترجیحات کو بیان کرتے ہوئے اوباما کی پالیسیوں کو متوازن اور مناسب قرار دیا۔ مکمل نامزدگی کے لیے مختلف ریاستوں کے مندوبین نے اوباما کی نامزدگی کے عمل میں شرکت کی۔ نامزدگی کے لیے اوباما کو دو ہزار 777 پارٹی کے الیکٹرول ووٹ درکار تھے، جو انہیں حاصل ہو گئے۔ پارٹی کی جانب سے صدارتی امیدوار کے طور پر نامزدگی کو قبول کرتے ہوئے صدر اوباماجمعرات کو پالیسی خطاب کریں گے۔

AIDS-Konferenz
بِل کلنٹن نے اڑتالیس منٹ تک اوباما کی حمایت میں تقریر کیتصویر: AFP/Getty Images

اوباما کے حق میں مقبول ڈیموکریٹ رہنما اور سابق صدر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اوباما کو معیشت کی بحالی کے لیے مزید وقت دیں۔ کلنٹن کا مزید کہنا تھا کہ اوباما نے ایک متوازن اقتصادیات کی بنیادیں رکھ دیں ہیں۔ اس سے قبل کلنٹن نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ وہ چار سال پہلے کے مقابلے میں اب زیادہ اوباما کے حامی ہیں کیونکہ انہوں نے ملک میں تبدیلی کے عمل کو شروع کر رکھا ہے۔

Barack Obama
باراک اوباما آج جمعرات کو ڈیموکریٹک پارٹی کنونشن سے خطاب کریں گےتصویر: AP

شارلٹ میں ڈیموکریٹک پارٹی کے کنونشن کے اسٹیج کو صدر باراک اوباما کی ہدایت پر ازسرنو ترتیب دیا گیا۔ چھ نومبر کو ہونے والے صدارتی الیکشن میں اوباما کے حریف مِٹ رومنی نے صدر اوباما پر الزام رکھا ہے کہ انہوں نے دانستہ طور پر امریکا کی جانب سے دیرینہ حلیف اسرائیل کے لیے کمزور حمایت فراہم کر رکھی ہے۔ یہ امر اہم ہے کہ ری پبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار مِٹ رومنی نے جولائی میں اسرائیل کا دورہ کیا تھا اور ان کا پرجوش خیرمقدم دیا گیا تھا۔

امریکی صدر اوباما ان دنوں اپنے صدارتی الیکشن کی مہم میں مصروف ہیں۔ شارلٹ پہنچنے سے قبل اوباما ریاست ورجینیا کے شہر رچمنڈ میں تھے۔ ورجینیا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آج کا امریکا چار سال قبل والے امریکا سے بہت بہتر ہے۔ اوباما کے مطابق چار سال قبل ماہانہ بنیادوں پر آٹھ لاکھ افراد اپنی نوکریاں گنوا رہے تھے اور آج یہ صورت حال نہیں ہے۔

باراک اوباما اور مِٹ رومنی کے درمیان چھ نومبر کے صدارتی الیکشن سے قبل تین براہ راست مباحثے پلان کیے گئے ہیں۔ دونوں کے درمیان پہلی ون ٹُو ون بحث تین اکتوبر کو شیڈول ہے۔ اس گفتگو کی میزبانی کولوراڈو ریاست کی ڈینور یونیورسٹی کو حاصل ہے۔ دونوں امیدواروں کے درمیان قومی معاملات پر دوسرا مکالمہ سولہ اکتوبر کو ہو گا۔ اس مکالمے کا مقام نیو یارک شہر کے قریب واقع ایک چھوٹے سے قصبے ہیمپسٹیڈ میں واقع ہوفسٹرا یونیورسٹی ہے۔ رومنی اور اوباما کے درمیان تیسری اور آخری بحث بائیس اکتوبر کو لین یونیورسٹی میں ہو گی۔ یہ یونیورسٹی فلوریڈا کے قصبے بوکا راٹن میں ہے۔

ah/aba (Reuters,AP)