1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چین ہمارا بھروسہ مند دوست ہے، پاکستانی وزیر اعظم

18 مئی 2011

یوسف رضا گیلانی نے چین کو پاکستان کا بہترین دوست قرار دیا ہے۔ دورہ چین کے آغاز پر انہوں نے کہا کہ چینی حکام نے ہر مشکل گھڑی میں اسلام آباد کا ساتھ دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/11Iay
پاکستان کے وزیر اعظم یوسف رضا گیلانیتصویر: picture alliance/dpa

پاکستان کے وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے ساٹھ برس پورے ہونے پر پہنچے ہیں۔ ان کا یہ دورہ پہلے سے طے تھا۔ تاہم پاکستانی سرزمین پر امریکی حملے میں اسامہ بن لادن کی ہلاکت کے تناظر میں ان کے اس دورے کو خاصی اہمییت دی جا رہی ہے۔

امریکہ نے ایبٹ آباد میں بن لادن کو نشانہ بنانے کے لیے کارروائی پاکستان کو خبر کیے بغیر کی، جس کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان سفارتی تناؤ دیکھنے میں آیا ہے۔ خبررساں ادارے اے ایف پی کے مطابق یہ حالات پاکستان کو چین کے مزید قریب لاتے دکھائی دے رہے ہیں۔

منگل کو چین پہنچنے پر سرکاری خبررساں ادارے Xinhua کے ساتھ انٹرویو میں یوسف رضا گیلانی نے کہا، ’ہم قدر کرتے ہیں کہ چین ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا۔ اسی لیے ہم چین کو سچا دوست کہتے ہیں، جو ہر آزمائش پر کھرا اترا اور ہر طرح کے حالات میں دوست رہا۔‘

گیلانی نے مزید کہا، ’ہمیں فخر ہے کہ چین ہمارا بہترین اور بھروسہ مند دوست ہے اور چین بھی پاکستان کو ہمشہ اپنے ساتھ کھڑا پائے گا۔‘

پاکستانی حکام کے مطابق یوسف رضا گیلانی بدھ کو چین کے مشرقی شہر Suzhou میں ایک ثقافتی نشست سے خطاب کریں گے۔ اس کے بعد وہ بیجنگ جائیں گے جہاں وہ چینی صدر ہو جنتاؤ اور وزیر اعظم وین جیاباؤ سے ملاقاتیں کریں گے۔

China Pakistan Beziehungen
پاکستان چین کو ہمیشہ سے ہی دوست ملک قرار دیتا ہےتصویر: AP

توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ ان کے اس دورے کے موقع پر دونوں ممالک باہمی تعاون کے متعدد سمجھوتوں پر دستخط کریں گے جبکہ انتہاپسندی سے بہتر طور پر نمنٹے کے لیے بات چیت بھی ہو گی۔

چین پاکستان کو ہتھیار فراہم کرنے والا اہم ملک ہے، جس سے پاکستان کو اپنے روایتی حریف بھارت کے ساتھ طاقت کا توازن برقرار رکھنے میں مدد ملتی ہے۔ نئی دہلی حکومت نے حال ہی امریکہ کے ساتھ تعلقات بہتر بنائے ہیں، جو اسلام آباد کے لیے تشویش کی بات سمجھی جاتی ہے۔

دوسری جانب چین کی وزارت خارجہ کی ترجمان Jiang Yu کا کہنا ہے کہ بیجنگ حکومت دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں کی حمایت کرتی ہے۔ انہوں نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا، ’پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف عالمی کوششوں میں بہت اہم کردار ادا کیا ہے اور بڑی قربانیاں بھی دیں ہیں۔‘

رپورٹ: ندیم گِل/خبررساں ادارے

ادارت: شامل شمس

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں