1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چین چار ہزار میگاواٹ بجلی کی ٹرانسمیشن لائن تعمیر کرے گا

30 دسمبر 2016

پاکستانی حکام کے مطابق چینی کمپنی ’اسٹیٹ گرڈ‘ لاہور کے قریب چار ہزار میگاواٹ بجلی کی ٹرانسمیشن لائن تعمیر کرنے کے لیے مالی مدد فراہم کرے گی۔ اس منصوبے پر 1.5 ارب ڈالر کی لاگت آئے گی۔

https://p.dw.com/p/2V3ND
Neue Stromleitungen verbinden Baltikum mit Schweden und Polen
تصویر: Getty Images/AFP/P. Malukas

پاکستان کا ہمسایہ ملک چین جنوبی ایشیا میں اپنے ہمسایہ ملکوں میں سرمایہ کاری کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے اور اسی پالیسی کے تحت اس کی پاکستان میں بھی سرمایہ کاری بڑھتی جا رہی ہے۔ پاکستانی حکام کے مطابق اعلیٰ استعداد کی حامل یہ ٹرانسمیشن لائن پاکستان میں بننے والی اپنی نوعیت کی پہلی لائن  ہوگی۔

یہ لائن صوبہٴ سندھ کے مٹیاری ٹاؤن اور لاہور کے مشرق میں تعمیر ہونے والے ایک نئے پاور اسٹیشن کو آپس میں ملائے گی۔ اسلام آباد حکومت کے مطابق پاکستان میں بجلی کی ٹرانشمیشن کے بنیادی ڈھانچے کے حوالے سے یہ ایک اہم ترین لنک ہوگا۔

Pakistan Strommast Stromausfall
حکومت لوڈشیڈنگ کم کرنے میں کامیاب رہی ہے لیکن بجلی کی تقسیم اور پیداوار میں ابھی بھی شدید مسائل درپیش ہیںتصویر: AFP/Getty Images/A. Ali

پاکستانی وزیراعظم نواز شریف کے دفتر سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق اس منصوبے پر تعمیری کام جنوری میں شروع ہو جائے گا اور اسے بیس ماہ کے دوران مکمل کر لیا جائے گا۔ پاکستان کو ایک عرصے سے بجلی کی قلت کا سامنا ہے، جس کی وجہ سے اس ملک کی معیشت بری طرح سے متاثر ہوئی ہے۔ حکومت لوڈشیڈنگ کم کرنے میں کامیاب رہی ہے لیکن بجلی کی تقسیم اور پیداوار میں ابھی بھی شدید مسائل درپیش ہیں۔

چینی حکومت کا یہ منصوبہ اُس وسیع چینی سرمایہ کاری کا حصہ ہے، جس کے تحت وہ پاکستان میں 55 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کر رہا ہے۔  چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبوں کے تحت توانائی اور انفراسٹرکچر کے درجنوں ایسے منصوبے جاری ہیں، جن کے تحت چین کے مغربی حصے کو پاکستان کی جنوبی بندرگاہ گوادر سے ملا دیا جائے گا۔

یاد رہے کہ حال ہی میں ایک دوسری سرمایہ کاری کرتے ہوئےچین کی شنگھائی الیکٹرک کمپنی نے پاکستانی شہر کراچی کی ’کے الیکٹرک‘ کا اکژیتی حصہ خرید لیا تھا۔ گزشتہ ہفتے ہی چینی قیادت والے ایک کنسورشیم نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا 40 فیصد حصہ، جس کی مالیت تقریباً 85 ملین ڈالر بنتی ہے، خرید کر اپنے نام کر لیا تھا۔

دو روز پہلے وزیر اعظم نواز شریف نے میانوالی کے قریب ’چشمہ تھری‘ جوہری پاور پلانٹ کا افتتاح کیا تھا۔ یہ جوہری بجلی گھر بھی پاکستان اٹامک انرجی کمیشن اور ’چائنہ نیشنل نیوکلیئر کارپوریشن‘ کے اشتراک سے تیار کیا گیا ہے۔ اس جوہری پاور پلانٹ کے ذریعے قومی گرڈ میں تین سو چالیس میگا واٹ بجلی کا اضافہ ہو گا۔