1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چین میں لینڈ سلائڈئنگ،14 افراد ہلاک،25لاپتہ

صائمہ حیدر9 مئی 2016

جنوبی چین میں ایک پن بجلی منصوبے کے مقام پر پیر کے روز ہونے والی لینڈ سلائیڈنگ میں ہلاک ہونے والے چودہ افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔ دو روز سے جاری شدید بارشوں اور لینڈسلائیڈنگ کے نتیجے میں پچیس افراد تاحال لا پتہ ہیں۔

https://p.dw.com/p/1IkFk
China Taining Erdrutsch
تصویر: picture-alliance/dpa/L. Guodong

مرکزی حکومت کی جانب سے بھیجے گئے ماہرین اور امدادی کارکنان 100.000 مکعب میٹر حجم کے اس پہاڑ کے ایک حصے سے گرنے والے پتھروں اور مٹی کے تودوں کو ہٹانے اور زندگی کے آثار کی تلاش میں مصروف ہیں۔

اتوار کی صبح ایک دفتری عمارت مٹی کے تودے کی زد میں آگئی تھی، جب کہ اس میں موجود مزدورں ملبے تلے دب گئے تھے۔

اس حادثے میں زندہ بچ جانے والے ایک شخص ڈینگ چن وو نے چین کے سرکاری خبر رساں ادارےشِنہواکو بتایا، ’’ہم سو رہے تھے، جب پہاڑ بہت زور سے ہلنے لگے اور اس سے پہلے کہ ہم کچھ سمجھ پاتے، ہمارے گھر میں ریت اور مٹی بھر چکی تھی۔ نیوز ایجنسی کے مطابق ڈینگ اور دیگر تین مزدوروں نے ایک ستون کے نیچے سمٹ کر اپنی جان بچائی۔

China Taining Erdrutsch
امدادی کاموں کا سلسلہ جاری ہےتصویر: picture-alliance/Zuma/Q. Canwang

چینی نیوز ایجنسی اور سرکاری نشریاتی ادارے سی سی ٹی وی کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والے بہت سے افراد ہڈیاں ٹوٹنے اور دوسری چوٹیں آنے کے باعث ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔

پولیس اور آگ بجھانے والے کارکنوں سمیت 600 سے زائد امدادی کارکن، لاپتہ افراد کی تلاش اور جائے حادثہ کو جانے والی سڑکوں کی صفائی کی کوشش کرتے رہے ہیں، جو سیلاب اور مٹی کے تودوں کی وجہ سے بند تھیں اور بھاری مشینری کے راستے میں رکاوٹ پیدا کر رہی تھیں۔

ضلعی محکمے کے ایک سرکاری اہلکار کے مطابق اس تازہ لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ اب تک معلوم نہیں ہو سکی تاہم یہ علاقہ گزشتہ چند برسوں میں وقفے وقفے سے شدید بارشوں کا شکار ہے۔