1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چیمپیئنز لیگ: ریئل میڈرڈ کے کوچ پر پانچ میچوں کی پابندی

7 مئی 2011

ہسپانوی فٹ بال کلب ریئل میڈرڈ کے کوچ جوزے مورینیو پر یورپین فٹ بال ایسوسی ایشن نے پانچ میچوں کی پابندی عائد کردی ہے۔

https://p.dw.com/p/11B6g
ریئل میڈرڈ کے کوچ جوزے مورینیوتصویر: AP

جوزے مورینیو پر یہ پابندی ایک اور ہسپانوی فٹ بال کلب اور ریئل میڈرڈ کی حریف ٹیم ایف سی بارسلونا کے خلاف چیمپیئنز لیگ کے سیمی فائنل کے پہلے میچ کے دوران مورینیو کے جارحانہ رویّے اور میچ میں شکست کے بعد بارسلونا کی ٹیم اور یورپی فٹ بال ایسوسی ایشن کے بارے میں سخت تنقید کی بنیاد پر لگائی گئی ہے۔ ریئل میڈرڈ کے کوچ پر پچاس ہزار یورو کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔

Spanien Fußball Champions League Real Madrid gegen FC Barcelona
میچ کے دوران ریئل میڈرڈ کے کھلاڑی پیپے کو ریفری نے سرخ کارڈ دکھایاتصویر: dapd

خیال رہے کہ اسپین کے شہر میڈرڈ میں کھیلے جانے والے چیمپیئنز لیگ کے سیمی فائنل کے پہلے میچ میں مہمان ٹیم بارسلونا نے میڈرڈ کو دو صفر سے شکست دی تھی۔ اس میچ کے دوران دونوں ٹیموں کے کھلاڑی فاؤل کرتے رہے اور بعض اوقات ان کے درمیان ہاتھا پائی بھی ہوئی۔ میچ کے دوران بارسلونا کے ریزرو گول کیپر اور ریئل میڈرڈ کے کھلاڑی پیپے کو ریفری نے سرخ کارڈ دکھایا۔ ایک موقع پر جب مورینیو نے پیپے کو سرخ کارڈ دکھانے پر احتجاج کیا تو ریفری نے مورینیو پر بھی ’ٹچ لائن‘ پابندی لگا دی اور باقی میچ ان کو تماشائیوں کے اسٹینڈ سے بیٹھ کر دیکھنا پڑا۔

میچ کے دوسرے ہاف میں بارسلونا کے اسٹار کھلاڑی لیو میسی نے دو گول کر کے بارسلونا کو فتح سے ہمکنار کرایا۔ میچ میں شکست کے بعد پریس کانفرنس میں مورینیو نے بارسلونا کی ٹیم پر کڑی تنقید کی اور الزام عائد کیا کہ میچ کے ریفری بارسلونا کے ساتھ ملے ہوئے تھے۔ مورینیو اس حد تک چلے گئے کہ انہوں نے کہا کہ بارسلونا کو شکست دینا اس لیے ناممکن ہے کہ ہر میچ میں ریفری میڈرڈ کے کسی کھلاڑی کو ریڈ کارڈ دکھا دیتے ہیں، اور وہ یہ نہیں جانتے کہ ایسا ایف سی بارسلونا اور فٹ بال ایسوسی ایشن کی ملی بھگت سے ہے یا پھر اس وجہ سے کہ بارسلونا کی ٹیم یونیسیف کی پروموٹر ہے۔ بارسلونا نے مورینیو کے خلاف یورپین فٹ بال ایسوسی ایشن میں اپیل دائر کی تھی۔

NO FLASH Lionel Messi
ایف سی بارسلونا کے کھلاڑی میسی کے دو شاندار گولوں نے میڈرڈ کی امیدوں پر پانی پھیر دیاتصویر: AP

چیلسی اور انٹر میلان جیسی قابلِ ذکر ٹیموں کے سابق کوچ مورینیو اب اگلے چار میچوں میں گراؤنڈ کے اندر نہیں جا پائیں گے۔ چیمپیئنز لیگ کے سیمی فائنل کا دوسرا میچ میڈرڈ اور بارسلونا کی ٹیموں کے درمیان ایک ایک سے برابر رہا تاہم مجموعی طور پر ایف سی بارسلونا کی ٹیم تین ایک سے سیمی فائنل جیت گئی۔ اٹھائیس مئی کو بارسلونا چیمپیئنز لیگ کا فائنل ویمبلی میں مانچیسٹر یونائیٹڈ کے ساتھ کھیلے گی جو کہ جرمن فٹ بال کلب شالکے کو ہرا کر فائنل تک پہنچی ہے۔

رپورٹ: شامل شمس

ادارت: عاطف توقیر

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید