1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چیمپیئنز لیگ: انٹر میلان چیمپیئن

23 مئی 2010

یورپی ملک سپین کے شہر میڈرڈ کے Santiago Bernabéu Stadium میں یورپی کلبوں کے معتبر ٹورنامنٹ چیمپیئنز لیگ کا فائنل میچ جرمن کلب بائرن میونخ اور اطالوی کلب انٹر میلان کے درمیان کھیلا گیا۔ جرمن کلب یہ میچ ہار گئی تھی۔

https://p.dw.com/p/NV5S
تصویر: AP

چیمپیئنز لیگ کا فائنل میچ دیکھنے کے لئے سٹیڈیم میں ہزاروں افراد موجود تھے۔ ابتدا میں دونوں ٹیموں نے محتاط انداز میں کھیل شروع کیا۔ ایسا لگتا تھا کہ دونوں ٹیمیں ایک دوسرے کے مثبت اور منفی پہلوؤں کا جائزہ لینے میں مصروف تھیں۔ اسی ہزار سے زائد شائقین میں جرمن اور اطالوی باشندے بھی شامل تھے۔

میچ کے ریفری انگلینڈ کے ہووارڈ ویب تھے۔ پہلے ہاف میں دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے گول پر انتہائی کم حملے کئے۔ میدان کے وسط میں کھیل ہوتا رہا جو قدرے بوریت کا حامل تھا۔ جرمن کلب کے دفاعی کھلاڑیوں نے میچ کی ابتداء میں قدرے نروس کھیل کا بھی مظاہرہ کیا۔

Champions League Finale 2010 Bayern München gegen Inter Mailand in Madrid
انٹر میلان کا ڈیگو میلیٹو گول کرنے کے بعدتصویر: AP

اطالوی کلب انٹر میلان کی جانب سے فائنل میچ کے 35 ویں منٹ پر جرمن کلب بائرن میونخ کے گول پر باقاعدہ حملہ گول کی صورت میں سامنے آیا۔ انٹر میلان کے برازیلی گول کیپر جو لیو سیزر کی لمبی شارٹ کو ڈیگو میلیٹو نے مہارت سے قابو کیا اور بائرن کے گول کیپر کو چکمہ دے کر گیند گول میں پھینکنے میں کامیابی حاصل کی۔ ڈیگو میلیٹو کا تعلق ارجنٹائن سے ہے اور وہ اگلے ماہ جنوبی افریقہ میں شروع ہونے والے ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والی ارجنٹائن ٹیم کے رکن بھی ہیں۔ 35 ویں منٹ میں انٹر میلان کے گول نے اطالوی کلب کے کھلاڑیوں کے حوصلوں کو بلند کردیا اور وہ بائرن میونخ کے گول پوسٹ پر حملوں میں تیزی لانے میں کامیاب رہے۔ وقفے تک انٹر میلان نے اپنی برتری کو قائم رکھا۔

دوسرے ہاف میں بھی انٹر میلان کلب نے جرمن کلب پر مسلسل دباؤ رکھا اور ایسا دکھائی دیتا تھا کہ وہ ایک گول کا دفاع مزید جارحانہ کھیل سے کرنے کی حکمت عملی اپنائے ہوئے تھی۔ اس دوران جرمن کلب بائرن میونخ کے کھلاڑی بھی میچ کو برابر کرنے کی کوشش میں تھے۔ خاص طور پر دوسرے ہاف کے پندرہ منٹ بعد جرمن کلب کے کھلاڑیوں نے اطالوی کلب کے گول پر پے درپے حملے کئے۔ ان حملوں میں بائرن میونخ کے ہالینڈ سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی ارژن روبن کی دو یقینی گول شارٹس کو انٹر میلان کے گول کیپر جولیو سیزر نے شاندار انداز میں روک دیا۔ فائنل میچ کے دوران انٹر میلان کے گول کیپر سمیت دفاعی کھلاڑیوں کا کھیل بھی انتہائی اعلیٰ تھا۔ بائرن میونخ کے حملوں کے بیچ میں ارجنٹائن کے ڈیگو میلیٹو نے 70 ویں منٹ پر بائرن میونخ کے خلاف دوسرا گول کر کے اپنے کلب کی فتح پر مہر ثبت کردی۔ میلیٹو ایک بار پھر بائرن میونخ کے گول کیپر ہانس یؤرگ بُوٹ کو گول سے باہر نکالنے میں کامیاب ہوئے۔ بائرن کے گول کیپر نےگول میں جاتی ہوئی گیند کو بس دور سے اپنی ٹانگ پھیلا کر روکنے کی ایک ناکام کوشش کی۔ اس گول کی وجہ بھی بائرن میونخ کا کمزور دفاعی کھیل تھا۔ ڈیگو میلیٹو کو شاندار کھیل پیش کرنے پر فائنل میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

Champions League Finale 2010 Bayern München gegen Inter Mailand Fans in Mailand
اطالوی شہر میلان میں چیمپیئنز لیگ کا فائنل دیکھنے کے بعد ہجومتصویر: AP

انٹر میلان اس سے قبل سن 1964اور 1965 میں چیمپیئنز لیگ کی ٹرافی جیت چکی ہے۔ سن 1972 کے بعد یعنی 38 سالوں کے بعد انٹر میلان کی ٹیم فائنل میں پہنچی اور چیمپیئن شپ جیتنے میں کامیاب رہی۔ اطالوی کلب اپنے ملک کی واحد کلب بن گئی ہےجس نے یورپی چیمپیئن شپ کے علاوہ اپنی ملکی چیمپیئن شپ اور اٹلی کپ کو بھی جیت رکھا ہے۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: کشور مصطفیٰ