1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چیمپئن شپ جیت کر کوچنگ کو خیرباد کہہ دیا

31 مئی 2018

زینادین زیدان نے ہسپانوی فٹ بال کلب ریال میڈرڈ کی کوچنگ کی ذمہ داریوں سے دستبردار ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔ ریال میڈرڈ نے ابھی گزشتہ ویک اینڈ پر یورپی فٹ بال کلبوں کے معتبر ٹورنامنٹ چیمپئنز لیگ کا ٹائٹل جیتا تھا۔

https://p.dw.com/p/2yiOr
Champions League Final - Real Madrid v Liverpool - Zinédine Zidane
تصویر: Imago/Agencia EFE/M. Tysx

فرانس سے تعلق رکھنے والے لیجنڈری فٹ بالر زینادین زیدان نے اعلان کیا ہے کہ وہ ریال میڈرڈ کے لیے مزید کوچنگ نہیں کریں گے۔ وہ گزشتہ ڈھائی برسوں سے ہسپانوی کلب ریال میڈرڈ کے کوچ چلے آ رہے تھے۔ ہسپانوی کلب ریال میڈرڈ یورپ کے معتبر اور مشہور فٹ بال کلبوں میں شمار ہوتا ہے۔

چیمپئنز لیگ کی فتح کے بعد اس کا قوی امکان تھا کہ کلب انتظامیہ اُن کے کوچنگ کنٹریکٹ میں توسیع کر دے گی۔ ریال میڈرڈ نے فرانس کے سابق فٹ بالر کے کوچنگ ایام میں مجموعی طور پر نو مختلف اعزازت حاصل کیے۔ ان میں تین مرتبہ چیمپئنز لیگ کی ٹرافی جیتنے  کو انتہائی اہم خیال کیا گیا ہے۔

جمعرات اکتیس مئی کو زیدان نے صحافیوں پر واضح کیا کہ انہیں احساس ہوا ہے کہ صحیح وقت آ گیا ہے کہ وہ اور کسی کلب کی کوچنگ شروع کر دیں۔ بارسلونا میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں یہ بھی کہا کہ اُن کا یہ فیصلہ حیران کن ضرور ہے لیکن سبھی کے لیے درست اور مناسب ہو گا۔

Champions League Final - Real Madrid v Liverpool - Zinédine Zidane
چیمپئنز لیگ کا فائنل جیتنے پر زیدان ریال میڈرڈ کے کھلاڑیوں کے ساتھتصویر: picture-alliance/AP/S.Grits

ریال میڈرڈ کے کوچ نے کلب کے ساتھ اپنے لگاؤ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چیمپئنز لیگ کی ٹرافی جیتنے کے بعد ایسا سوچنا مشکل کام تھا لیکن مشکل وقت میں سوچ درست سمت کی تعین کرنے میں مدد کرتی ہے۔ زیدان ریال میڈرڈ کی تاریخ کے ایک کامیاب کوچ بن کر ابھرے ہیں۔

اُن کی کوچنگ میں میڈرڈ نے کُل ایک سو انچاس میچ کھیلے اور ان میں سے اس کلب کو ایک سو چار میں کامیابی حاصل ہوئی۔ برابر رہنے والے میچوں کی تعداد انتیس اور ہارنے والے میچ محض سولہ تھے۔ اس طرح اُن کی کامیابی کا تناسب تقریباً ستر فیصد کے قریب رہا۔

پینتالیس سالہ فرانسیسی فٹ بالر نے جنوری سن 2016 میں ریال میڈرڈ کی کوچنگ کی ذمہ داریاں سنبھالی تھیں۔ اُس وقت ایسے شکوک کا اظہار کیا گیا تھا کہ زیدان بطور کوچ ناکام بھی ہو سکتے ہیں کیونکہ وہ اس فیلڈ میں کوئی تجربہ نہیں رکھتے۔ وقت گزرنے کے ساتھ زیدان نے ثابت کیا کہ وہ بغیر کسی تجربے کے بھی ایک ماہر کوچ ہیں۔ ماہرین کے مطابق انہوں نے ریال میڈرڈ کے کھلاڑیوں میں ایک نئی قوت پیدا کی۔