1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چھتیس گڑھ میں بم دھماکہ، دس افراد ہلاک

رپورٹ: شامل شمس ، ادارت: عابد حسین6 مئی 2009

بھارت میں لوک سبھا انتخابات کے چوتھے دور سے ایک روز قبل چھتیس گڑھ ریاست میں مبینہ طور پر ماؤ باغیوں کی جانب سے نصب کی گئی بارودی سرنگ کے پھٹنے سے دس افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/Hkj7
بھارت کی انتیس ریاستوں میں سے تیرہ کو ماؤ باغیوں کی مزاحمت کا سامنا ہےتصویر: AP

دھماکے سے دو بھارتی فوجیوں کے ہلاک ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔ چھتیس گڑھ بھارت کی وسطی ریاست ہے اور یہاں بھارت کو ماؤ نوازوں کی بغاوت کا سامنا ہے۔

بھارتی خبر رساں اداروں کے مطابق لینڈ مائن پھٹنے کا یہ واقعہ چھتیس گڑھ کے بَستر علاقے کے جنوبی گاؤں میں پیش آیا۔

دھماکے کا شکار ایک گاڑی ہوئی جس میں دو سیکیورٹی اہلکاروں سمیت آٹھ عام شہری سوار تھے تاہم بعض اطلاعات کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں چار اسپیشل پولیس اہلکار بھی تھے جو ماؤ نوازوں کی مزاحمت سے نمٹنے کے لیے علاقے میں معمور تھے۔

Wahlen in Indien
بھارتی انتخابات تیرہ مئی تک مکمل ہو جائیں گےتصویر: AP

واضح رہے کہ انتخابات کے گزشتہ تین ادوار میں بھی ماؤ باغیوں کی جانب سے پر تشدّد کارروائیں دیکھنے میں آئیں جب کہ جمعرات کے روز بہار اور مغربی بنگال میں ہونے والے انتخابات میں بھی ماؤ باغی کارروائیں کرتے رہے ہیں۔

بھارتی انتخابات تیرہ مئی تک مکمل ہو جائیں گے جس کے تین روز کے بعد ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے پر انتخابی نتائج کا اعلان کردیا جائے گا۔

بھارتی حکّام کے مطابق بھارت کی انتیس ریاستوں میں سے تیرہ کو ماؤ باغیوں کی مزاحمت کا سامنا ہے۔ ماؤ باغی بھارت میں جمہوری نظام کے مخالف ہیں اور وہ ماضی میں بھی انتخابی عمل کو نقصان پہنچانے کی کوششیں کرتے رہے ہیں۔

اب تک کے انتخابی مراحل کے دوران مختلف پر تشدّد واقعات میں تیس افراد ہلاک ہوچکے ہیں جن میں سے سترہ سولہ اپریل کو انتخابات کے پہلے دور میں ہی ہلاک کردیے گئے تھے۔